راجیہ سبھا ایم پی کنال گھوش ترنمول کانگریس سے معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-29

راجیہ سبھا ایم پی کنال گھوش ترنمول کانگریس سے معطل

ترنمول نے اپنے راجیہ سبھا ایم پی کنال گھوش کو پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بناء پر پارٹی سے معطل کردیاہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری پارتھو چٹرجی نے آج سنیچر کو یہ بات بتائی۔ ساتھ ہی کہاکہ کنال گھوش کو متعدد بار وارننگ دی گئی تھی اور وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرنے کے باوجود انہوں نے پارٹی کے خلاف زہر اگلنا جاری رکھا جس کی پاداش میں انہیں معطل کیاگیا۔ انہیں معطل کرنے کا فیصلہ27ستمبر کو لیاگیا۔ یاد رہے کہ کنال گھوش نے دھمکی دی ہے کہ وہ شارداچٹ فنڈ گھوٹالے سے پارتی کے تعلق کا راز افشا کردیں گے۔ کروڑوں روپیئے کے شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے میں پولیس ان سے دومرتبہ بازپرس کرچکی ہے۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر انہیں گرفتار کیاگیاتو وہ سب کچھ اگل دیں گے۔ کنال گھوش کی باتیں ان معنوں میں پارٹی کیلئے بے حد پریشان کن ہیں کہ شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے میں پارٹی کے کئی سینئر لیڈر مبینہ طورپر ملوث بتائے جاتے ہیں۔ دریں اثناء مرکزی وزیر مملکت برائے صحت و خاندانی فلاح و بہبود ابوہاشم خان چودھری نے سنیچر کے روزمالدہ میں دعویٰ کیاکہ باغی ترنمول ممبران نے پارلیمنٹ بات چیت کی غرض سے کانگریس سے رجوع کیاتھا اور وہ نومبر میں کانگریس میں شامل ہوسکتے ہیں۔ مسٹر چودھری نے کہاکہ تقریباً آٹھ سے دس ناراض ٹی ایم سی ممبران پارلیمنٹ نے سینئر ایم پی سومن متراکی قیادت میں کانگریس سے رجوع کیاتھا اور ترنمول چھوڑ کرکانگریس میں آنے کے سلسلہ میں بات چیت کی تھی۔ اچھی خبر نومبر میں دیوالی بعد آسکتی ہے۔ پارٹی کی مطلق العنان طرز کارکردگی کیو جہ سے بہت سے لوگ ناراض چلے رہے ہیں اور وہ کانگریس میں شامل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بہت سے ممبران پارلیمنٹ نے جنہوں نے کانگریس چھوڑ کر ٹی ایم سی جوائن کرلیاتھا اپنے کئے پر ندامت کا اظہار کیا اور کہا کہ کانگریس قیادت کو غلط سمجھ کرپارٹی چھوڑدینا، ان کی بھول تھی اب وہ سب کانگریس میں لوٹنا چاہتے ہیں۔

Rajya Sabha MP Kunal Ghosh suspended by Trinamool Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں