ممبرا میں پانچ منزلہ عمارت منہدم - 2 جاں بحق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-22

ممبرا میں پانچ منزلہ عمارت منہدم - 2 جاں بحق

5-storey building collapses in Mumbra
سنیچر کی صبح تقریباً ساڑھے7/بجے ممبرا میں پھر ایک عمارت منہدم ہوگئی۔ بانو کمپلیکس کی بلڈنگ نمبر5/جو5/منزلہ تھی دیکھتے ہی دیکھتے تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ چند منٹ قبل ہی مکینوں کو اس کا اندازہ ہوگیاتھااس لئے انہوں نے عمارت خالی کرلی تھی جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان نہیں ہوا۔ البتہ2/افراد جاں بحق اور2/افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا اندیشہ ہے ایک خاتون کو زخمی حالت میں نکال لیا گیاہے۔ حادثہ کے بعدافراتفری مچ گئی اور لوگ زندگی بھر کی کمائی سے بنائے گئے اپنے آشیانوں کو یوں منہدم ہوتادیکھ کر بلک بلک کر روپڑے۔ راحتی کام میں مصروف تھانے ڈیزاسٹر منیجمنٹ ٹیم ے ملبہ میں مزید ایک سے 2/افراد کو پھنسے ہونے کا اندیشہ ظاہر کیاہے۔ ان میں وہ2/بدقسمت افراد بھی شامل ہیں جو بلڈنگ سے بحفاظت نکل آنے کے بعد اپنے مکان کو تالہ لگانے کیلئے دوبارہ عمارت میں داخل ہوئے تھے جبکہ تیسرا شخص اپنے گھر میں سورہاتھا اسے اٹھانے میں پڑوسی ناکام رہے۔ یہ حادثہ ممبراریلوے اسٹیشن کے قریب جیون باغ علاقے میں پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی عمارت محض 10/سال پرانی بتائی گئی لیکن تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) کی جانب سے اسے مخدوش قرار نہیں دیاگیاتھا۔ اس عمارت میں مقیم 28/خاندانوں نے حادثہ سے قبل عمارت سے نکل کر اپنی جان توبچالی لیکن زندگی بھر کی پونجی نہ بچاسکے۔ ممبرا میں عمارتوں کے منہدم ہونے کا گذشتہ ساڑھے 5/مہینوں میں یہ تیسرا حادثہ ہے۔ ان سلسلہ وار حادثوں کے بعد ممبرا کی عمارتوں میں ر ہنے والے شہریوں کے تحفظ پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ تھانے میونسپل کمشنر اسیم گپتا نے عمارت کے 28/فلیٹوں کے مکینوں کو 5۔5/ ہزار روپیئے اور تھانے کے ورتک نگر علاقے میں واقع رینٹل ہاؤسنگ اسکیم کے تحت دوستی و یہار میں کرایہ کا مکان دینے کا یقین دلایا ہے۔ پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے مہندم شدہ عمارت کے بلڈر شکیل شیخ اور اس کے والد عقیل شیخ کو گرفتار کرلیا ہے۔

5-storey building collapses in Mumbra, 2 dead

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں