مالیگاؤں دھماکہ - بے قصور مسلمانوں کی رہائی کی راہ ہموار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-30

مالیگاؤں دھماکہ - بے قصور مسلمانوں کی رہائی کی راہ ہموار

این آئی اے نے آج ممبئی کی ایک عدالت سے کہا کہ اسے 2006ء کے مالیگاؤں بم دھماکوں کے کیس کے سلسلہ میں گرفتار 9 مسلمانوں کے خلاف دہشت گرد حملہ میں ملوث ہونے کے تعلق سے کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں ۔ نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی نے گرفتار شدہ ملزمین کی برات کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں کیا اور کہا کہ س کی طرف سے جمع کردہ ثبوت مہاراشٹرا اے ٹی ایس اور سی بی آئی کی جانب قبل ازیں حاصل کردہ ثبوتوں کے مطابق نہیں ہیں ۔ سی بی آئی نے ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی ۔ این آئی اے نے کہا کہ عدالت اس معاملہ میں مناسب احکام جاری کرسکتی ہے ۔ این آئی اے کی ایک عدالت میں تحقیقاتی ایجنسی نے 9 ملزمین کی جانب سے داخل کردہ برات کی درخواستوں کے جواب میں یہ بات کہی ۔ مالیگاؤں میں 8 ستمبر 2006ء کے دھماکوں میں 37 افراد ہلاک اور 125 زخمی ہوئے تھے ۔ جج وائی بی شنڈے نے سماعت آئندہ ماہ تک ملتوی کردی ۔ مہاراشٹرا اے ٹی ایس جس نے سب سے پہلے اس کیس کی تحقیقات کی تھی دھماکہ کے سلسلہ میں نور الھدیٰ ، شمس الضحی ، شبیر احمدمسیح اللہ ، رئیس احمد،رجب علی منصوری ، سلمان فارسی ، عبدالطیف عینی ، فاروق بال احمد مخدومی ۔ محمد علی عالم شیخ ، آصف خان بشیر خان عرف جنید ۔ محمد زاہد عبدالماجدانصاری اور ابرار احمد غلام احمد کو گرفتار کیا تھا ۔ بعد میں یہ کیس سی بی آئی کے حوالہ کیا گیا تھا ار آخر میں اسے این آئی اے کے سپرد کیاگیا تھا ۔ 2007ء کے مکہ مسجد دھماکہ کے ملزم سوامی اسیمانند کی جانب سے ان دھماکوں میں ہندو دہشت گرد تنظیم ابھینو بھارت کے رول کے اعتراف کے بعد ملزمین انہیں بری کرنے کے لیے عدالت سے رجوع ہوئے تھے ۔ اس سال مئی کے مہینہ میں این آئی اے نے چار ملزمین لوکیش شرما ، دھان سنگھ ، منوہر سنگھ اور راجندر چودھری کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی اور اے ٹی ایس اور سی بی آئی کی رپورٹ سے اختلاف کیا تھا ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں