اخوان المسلمون کی مقبولیت سے مصری فوج خوفزدہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-14

اخوان المسلمون کی مقبولیت سے مصری فوج خوفزدہ

مصر کی 30 سیاسی جماعتوں اور دیگر تنظیموں کا اخوان المسلمون کے ساتھ اتحاد تشکیل دئیے جانے کے بعد اخوان المسلمون کی مقبولیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ بڑے احتجاجی مظاہروں نے مصر کی عسکری قیادت اور عبوری صدر کو پریشان کردیا ہے اور وہ انہیں منانے کیلئے سر توڑ کوششیں کرنے لگے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جمعہ کو محمد مرسی کے حق میں روزے کے باوجود لاکھوں افراد نے مارچ میں حصہ لیا جوکہ اخوان المسلمون کی قوت اور مقبولیت میں اضافے کا مظہر ہے۔ مصری اخبار الیوم السابع کے مطابق اخوان المسلمون کے حق میں بننے والے نئے اتحاد کے خوف سے مصری کی عبوری حکومت نے اخوان المسلمون کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور انہیں حکومت میں شامل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ عبوری حکومت اور عسکری قیادت ہر صورت میں اخوان المسلمون کے وزراء کو کابینہ میں شامل کرنا چاہتی ہے اور اس مقصد کیلئے مختلف تاجروں، کاروباری افراد اور غیر ملکی شخصیات کا سہارا لیا جارہا ہے۔ ایک معروف مصری تاجر نجیب ساوبرس کا کہنا ہے کہ انہیں اخوان کے ساتھ مذاکرات کا ٹاسک دیا گیا ہے اور میں نے ان سے کم ازکم 3 سابق وزراء کی کابینہ میں شمولیت کی درخواست کی ہے۔ عبوری حکومت باسم عودہ، یحیےٰ حامد اور عمرو دراج کو کابنیہ میں شامل کرنا چاہتی ہے۔ یہ تینوں افراد اخوان المسلمون کے منتخب وزیراعظم ہشام قندیل کی کابینہ میں سپلائی، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کے عہدوں پر فائز رہے، یہ تینوں انتہائی قابل سمجھے جاتے ہیں اور ان پر کرپشن کا بھی کوئی داغ نہیں۔ الجزیرہ ٹی وی کے مطابق عبوری وزیراعظم جازم البیبلاوی کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ نئی کابینہ میں اخوان المسلمون کے افراد کو عہدے دئیے جائیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں