17/جولائی حیدرآباد سیاست نیوز
چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے حج ہاوز کے سنگ بنیاد اور پرانے شہر میں اردو گھر، شادی خانے کے افتتاح کے سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کو جلد اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ صدرنشین ریاستی اقلیتی کمیشن عابد رسول خان نے چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران ان دونوں مسائل پر توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے کہاکہ نئے حج ہاوز کی تعمیر کا مسئلہ غیر ضروری طورپر طوالت اختیار کرچکا ہے۔ حالانکہ حکومت نے نہ صرف اراضی الاٹ کردی بلکہ تعمیر کیلئے12.5 کروڑ کا بجٹ مختص کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ حج 2013ء کی تیاریوں کا آغاز ہونے جارہا ہے ایسے وقت کم ازکم نئے حج ہاوز کا سنگ بنیاد رکھ دیا جانا چاہئے۔ چیف منسٹر نے بھی ان کی اس تجویز سے اتفاق کیا کہ پنچایت انتخابات کے انتخابی ضابطہ اخلاق ختم ہونے کے بعد تقریب سنگ بنیاد منعقد کیجائے۔ چیف منسٹر نے اس تقریب میں شرکت سے اتفاق کیا اور صدرنشین اقلیتی کمیشن کو مشورہ دیا کہ وہ سکریٹری اقلیتی بہبود سے مشاورت کے بعد کوئی تاریخ طئے کریں۔ عابد رسول خان نے پرانے شہر کے موتی گلی علاقہ میں تعمیر کردہ عصری اردو گھر اور شادی خانہ کے افتتاح کی بھی درخواست کی۔ انہوں نے کہاکہ تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے لہذا اس کے افتتاح میں تاخیر نہیں کی جانی چاہئے۔ عابد رسول خان نے چیف منسٹر سے افتتاح کی خواہش کی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد اگر کوئی تاریخ طئے کی جائے تو وہ شرکت کیلئے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ 3برسوں سے نئے حج ہاوز کی تعمیر مسئلہ تعطل کا شکار ہے۔ اسی طرح موتی گلی میں اردو گھر کی تعمیر کی تکمیل کے باوجود افتتاح کا منتظر ہے۔ عابد رسول خان نے بتایاکہ سکریٹری اقلیتی بہت جلد عہدیداروں کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس طلب کریں گے جس میں ان دونوں امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ اقلیتوں میں تعلیمی اسکالرشپ کے حصول کے بارے میں شعور بیداری کیلئے اقلیتی کمیشن نے 22 جولائی کو اندرا پریہ درشنی باغ عامہ میں ایک ورکشاپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ورکشاپ میں بینکرس کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے اقلیتی بہبود اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کے عہدیدار بھی شرکت کریں گے۔ اس ورکشاپ میں اسکالرشپ کے حصول کیلئے درکار شرائط کی تکمیل اور دیگر ضروری امور کی تکمیل کے بارے میں اقلیتی طلبہ کی رہنمائی کی جائے گی۔CM directs to expedite steps for foundation of proposed Hajj house
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں