Taliban advises Malala to "use your pen for Islam" in open letter
ملالہ یوسف زئی کی اقوام متحدہ فورم کے ذریعہ لڑکیوں کی تعلیم کیلئے اپیل کے بعد آج طالبان نے اس کمسن طالبہ سے خواہش کی ہے کہ وہ پاکستان واپس ہوکر کسی دینی مدرسہ سے وابستہ ہوجائے۔ طالبان جنگجو عدنان رشید نے ملالہ کو اس ضمن میں ایک مکتوب تحریر کیا ہے۔ عدنان رشید سابق صدر پرویز مشرف پرقاتلانہ حملہ کی کوشش کے سلسلہ میں مطلوب ہیں۔ مکتوب میں انہوں نے ملالہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے گھر واپس ہوجائے اور اسلامی و پشتون تہذیب اختیار کرے۔ وہ اپنے گھر کے قریب لڑکیوں کے کسی دینی مدرسہ میں شریک ہو اور قرآن کی تعلیم حاصل کرے۔ وہ اپنا قلم اسلام اور امت مسلمہ کی موجودہ حالت زار کیلئے استعمال کرے اور ان دولتمندوں کی سازش کو بے نقاب کرے جو ساری انسانیت کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے غلام بنانا چاہتے ہیں اور اسے ایک نئے عالمی نظام کا نام دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہ مکتوب تقریباً 2ہزار الفاظ پر مشتمل ہے جو 15جولائی کو تحریر کیا گیا لیکن یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اسے جاری کب کیا گیا تھا۔ تاہم میڈیا کیلئے آج یہ مکتوب جاری کیاگیا۔ رشید نے جو سابقہ فضائیہ کے رکن ہیں ملالہ پر حملہ کو منصفانہ قرار دینے کی کوشش کی اور کہاکہ وہ مخالف طالبان مہم کا حصہ تھی۔ انہوں نے مکتوب میں لکھا کہ طالبان نے تم پر حملہ اس لئے نہیں کیا کہ تم اسکول جاتی ہو یا تمہیں تعلیم سے دلچسپی ہے۔ یہ بھی واضح رہے کہ طالبان یا مجاہدین کسی بھی مرد یا خاتون یا لڑکیوں کی تعلیم کے خلاف نہیں ہیں۔ طالبان کا یہ ایقان ہے کہ تم دانستہ طورپر ہمارے خلاف تحریریں لکھ رہی ہو اور اسلامی نظام کے قیام کی کوششوں کوغلط رنگ دے رہی ہو۔ اس کے علاوہ تمہاری تحریریں اشتعال انگیز بھی ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں