اسپین میں ٹرین کا خوفناک حادثہ - 80 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-26

اسپین میں ٹرین کا خوفناک حادثہ - 80 افراد ہلاک

spain train crash
اسپین کے شمال مغرب میں ایک ٹرین حادثے میں کم ازکم 80 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ٹرین کی زیادہ تر بوگیاں پٹری سے اتر گئی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ ہائی اسپیڈ ٹرین اسٹیشن سانتیا گوڈی کومپسٹیلا کے قریب چہارشنبہ کی رات پیش آیا۔ علاقائی حکومت کے سربراہ البیرٹو نونیس فائجو کا مقامی ریڈیو سے گفتگو میں کہنا تھا کہ گالیسیا میں پیش آئے حادثے میں 50-55 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ان کے مطابق 70 سے زائد مسافر زخمی ہیں اور ان میں سے 20 کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرادیا گیا ہے۔ جائے حادثہ پر موجود ایک فوٹو گرافر کا نیوز ایجنسی اے پی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ درجنوں لاشوں کو ٹرین کی تباہ شدہ بوگیوں سے نکالا گیا ہے۔ محکمہ ریلوے کے بیان کے مطابق حادثے کے وقت ٹرین پر تقریباً 218 افراد سوار تھے۔ ابھی تک یہ نہیں پتہ چلا ہے کہ ٹرین پر عملے کے کتنے افراد موجود تھے۔ محکمہ ریلوے کی جانب سے ہلاکتوں کے بارے میں فی الحال کوئی اعداد و شمار نہیں دئیے گئے ہیں۔ مقامی ٹیلی ویژن پر دکھائے جانے والے مناظر سے پتہ چلتا ہے کہ ابھی بھی مسافر مختلف بوگیوں میں پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ حادثے کی شکار ہونے والی ٹرین دارالحکومت میڈریڈ سے ایلفیرول جارہی تھی۔ مقامی وقت کے مطابق یہ حادثہ رات 8:42 بجے پیش آیا۔ پبلک ٹیلی ویژن "ٹی وی ای" پر مقامی لوگوں سے خون عطیہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ وزیراعظم ماریا نورخوائے نے ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا " میں سانتیا گو میں ریل گاڑی کے خوفناک حادثے کے متاثرین کے ساتھ اپنی وابستگی اور یگانگت کا اظہار کرنا چاہتا ہوں"۔ وزیراعظم راخو ئے جمعرات کو جائے وقوعہ کا دورہ کررہے ہیں اور ممکنہ طورپر وہ زندہ بچ جانے والے زخمیوں کی عیادت بھی کریں گے۔ ٹرین حادثے کی وجوہات فوری طورپر معلوم نہیں کی جاسکی ہیں۔

Spanish Train Crash: At Least 80 People Killed In Derailment

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں