25/جولائی لکھنؤ یو۔این۔آئی
اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں ووٹروں کی صف بندی نہیں ہوگی اور ترقیاتی کام ہی انتخابی موضوع ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے آج یہاں 2273کروڑ روپئے ک لاگت سے سڑکوں، پلوں اور 114102 لاکھ روپئے کی لاگت سے تیار ہونے والے بجلی کارخانوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے کہاکہ انتخابات میں فرقہ وارانہ یا کسی دیگر بنیاد پر ووٹوں کی صف بندی نہیں ہوگی۔ بلکہ ترقیاتی موضوع پر ہی انتخابات لڑے جائیں گے۔وزیراعلیٰ سے پوچھا گیا تھا کہ کچھ پارٹیاں ووٹوں کی صف بندی کرنے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہیں۔ کیا ترقیاتی موضوع پس پشت ڈال دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ووٹوں کی صف بندی کرنے میں مصروف پارٹیاں بے نقاب ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کا دعویٰ ہے کہ اترپردیش میں سماج وادی پارٹی سے بڑی کوئی دوسری پارٹی نہیں ہے اور سماج وادی پارٹی ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر ہی الیکشن لڑے گی۔ اس لئے یہ طے ہے کہ انتخابات کا موضوع ترقی ہی ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ غیر سماج وادی پارٹی حکومتوں نے ریاست میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)، کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس ریاست کے عوام کو مایوس کیا ہے ان کی (سماج وادی پارٹی) حکومت بجلی، سڑک، صحت، خدمات اور تعلیم جیسی بنیادی ضرورتوں کے حل کو یقینی بنانے میں مصروف ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ بنیادی ضرورتیں پوری ہوں گی تبھی ریاست ترقی کرے گی۔ اکھلیش یادو نے کہاکہ ان کی حکومت عوام سے کئے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سابقہ حکومت نے صحیح کا کیا ہوتا تو آج ریاست کی صورتحال مختلف ہوتی۔ انہوں نے کہاکہ ان کی حکومت نے گنگا، جمنا، راپتی اور سریوندی پر بنے نامکمل پلوں کی تعمیر کا کام مکمل کراکر عوام کو سہولت فراہم کرائی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ مایاوتی کا نام لئے بغیر انہوں نے کہاکہ سماج وادی پارٹی کی سابقہ حکومت کے دوران شروع کرائے گئے ترقیاتی کاموں کو سیاسی وجوہات سے روک دیا گیا تھا، جس سے ان پروجیکٹوں کی لاگت میں اضافہ ہوگیا اور ریونیو کا نقصان ہوا۔ اس سلسلے میں انہوں نے کئی پلوں کے ساتھ ہی اعظم گڑھ، جالون اور قنوج میں بننے والے میڈیکل کالج کا خاص طورپر ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع غازی پور کے سیدپور میں گنگاندی پر صرف اس لئے پل نہیں بنایا گیا کہ وہ سماج وادی پارٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا علاقہ ہے۔ سید پور کے ساتھ ساتھ ضلع بلرامپور میں رابتی ندی پر پل بن رہا ہے۔ امید ہے کہ اس کی تعمیر کا کام آئندہ برس مکمل ہوجائے گا۔ اس موقع پر محکمہ تعمیرات عامہ کے وزیر شیوراج سنگھ یادو نے کہاکہ سڑکوں کی تعمیر کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ ضلع ہیڈ کوارٹروں کو جوڑنے والی دو لین کی 1300 کلو میٹر طویل سڑکوں کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں 650 کلو میٹر کی تعمیر رواں برس مکمل ہوجائے گی جبکہ بقیہ کام آئندہ برس پورا کیا جائے گا۔ Development would be main issue in 2014 polls: Akhilesh
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں