اترپردیش کابینہ میں توسیع - دو نئے چہروں کی شمولیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-19

اترپردیش کابینہ میں توسیع - دو نئے چہروں کی شمولیت

وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کی کابینہ میں آج 2نئے چہروں کو شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ 2وزرائے مملکت کو ترقی دی گئی ہے۔ نئے وزراء کو گورنر بی ایل جوشی نے جمعرات کو راج بھون کے دربار ہال میں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ اکھلیش یادو بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے اپنی کابینہ کی تیسری توسیع میں بلیا صدر کے ممبراسمبلی نارد رائے اور غازی پور کے جنگی پور حلقہ کے ممبر اسمبلی کیلاش یادو کو بطور کابینی وزیر شامل کرایا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر مملکت برائے ڈیری ترقیات رام موتی ورما (امبیڈکر نگر)کو ترقی دے کر کابینی وزیر بنایاگیا ہے۔ جبکہ کانکنی کی وزیر مملکت گائتری پرجاپتی(امیٹھی) کو وزیر مملکت (آزاد قلمدان) کے طورپر ترقی دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے 15مارچ 2012 کو اترپردیش کی باگ دوڑ سنبھالی تھی۔ کابینہ میں تیسری توسیع آج جمعرات کو ہوئی۔ توسیع کا وقت گورنر کی جانب سے 10 بجے مقرر کیا گیا تھا لیکن پروگرام 40منٹ تاخیر سے 10:40 بجے شروع ہوسکا اور 4وزراء کو حلف دلانے میں محض 10 منٹ کا وقت لگا۔ وزیر مملکت سے کابینی وزیر کے طورپرپرموٹ ہونے والے رام مورتی ورما راجدھانی سے باہر تھے۔ انہیں آج صبح 8بجے ہی حلف دینے کی اطلاع دی گئی تھی۔ امبیڈکر نگر سے لکھنؤ پہنچنے میں انہیں تاخیر ہوئی جس کی وجہہ سے پروگرام 40 منٹ بعد شروع ہوسکا۔ اس توسیع کے اکھلیش یادو حکومت میں وزراء کی تعداد بڑھ کر 58 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ سمیت 21 کابینی وزیر، 6وزرائے مملکت آزاد قلمدان اور 31 وزرائے مملکت ہیں۔ کابینہ میں 2عہدے ابھی بھی خالی ہیں۔ اس توسیع سے وزراء کے ناموں کو لے کر مختلف سطح پر جاری قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں۔ کابینہ کی توسیع کا یہ پہلا موقع تھا کہ جب سماج واداری پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو بھی تقریب حلف برداری میں موجود تھے جبکہ ہمیشہ کی طرح پروفیسر گوپال شرما شریک نہیں ہوئے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں