غذائی اجناس ترکاریاں اور پیاز کی قیمت میں اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-15

غذائی اجناس ترکاریاں اور پیاز کی قیمت میں اضافہ

ہول سیل قیموں کے اشاریہ ڈبلیو پی آئی کے مطابق ماہ مئی 2013ء میں افراط زر میں کمی پیداہوئی اور وہ 4.7فیصد ہوگیا حالانکہ غذائی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ افراط زر اپریل میں 4.89 فیصد تھا اور مئی 2012ء میں 7.55 فیصد تھا۔ آج جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے بموجب ڈبلیو پی آئی کی بنیاد پر پیداواری اشیاء کے زمرہ میں افراط زر میں کمی واقع ہوئی۔ ماہ اپریل میں یہ 3.41 فیصد تھا لیکن ماہ مئی میں 3.11 فیصد ہوگیا۔ غیر غذائی اشیاء کے زمرہ میں ریشوں، تلہن اور معدنیات کی قیمتوں میں افراط زر میں تیز رفتار کمی پیدا ہوئی۔ یہ اپریل میں 7.59 فیصد تھا جو مئی میں 4.88فیصدہوگیا۔ تاہم غذائی اشیاء کے زمرہ میں افراط زر ڈبلیو پی آئی کے بموجب 8.25فیصد ہوگیا۔ اس طرح اس میں اضافہ ہوا کیونکہ اپریل میں یہ 6.08 فیصد تھا۔ غذائی اشیاء کے افراط زر میں اضافہ پیاز، ترکاریوں، غذائی اجناس اور پروٹین پر مبنی اشیاء کے مہنگے ہوجانے کا نتیجہ تھا۔ ترکاریوں میں افراط زر مئی میں 4.85 فیصد رہا جبکہ گذشتہ ماہ یہ نفی 9.05 تھا۔ پیازکی قیمت میں اضافہ 97.40 رہا جبکہ اپریل میں افراط زر کی شرح 9.69 تھی۔ افراط زد کے اعداد و شمار پر ریزرو بینک آف انڈیا کی گہری نظر ہیں اور وہ وسط سہ ماہی پالیسی تیار کررہی ہے جس کا اجراء پیر کے دن مقر رہے۔ افراط زر میں کمی کے پیش نظر شرح سود میں کمی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ مرکزی وزارت فینانس کے ذرائع کے بموجب شرح سود میں کمی کی جاسکتی ہے اور مالیاتی پالیسی کی ترسیل میں بھی تخفیف ممکن ہے۔ آر بی آئی نے جنوری 2012ء سے شرح سود میں 1.30فیصد کمی کردی ہے اور بینکوں نے قرضوں پر شرح سود میں 0.30 فیصد کمی کی ہے۔ آج جاری کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتاہے کہ انڈے، گوشت اور مچھلی پر افراط زر ماہ مئی میں 1.21 فیصد رہا جو اپریل میں 10.44 فیصد تھا۔ تاہم گیہوں پر افراط زر ماہ مئی کے دوران 12.65 فیصد رہا جو اپریل میں 13.89 فیصد تھا۔ آلوؤں کے افراط زر میں منفی 3.44 فیصد انحطاط دیکھا گیا جو اپریل میں منفی 2.42 فیصد تھا۔ دالوں کی قیمتوں میں ماہ مئی میں 5.95فیصد کی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ چاول اور غذائی اجناس کی قیمتو ں میں علی الترتیب 18.48 فیصد اور 16.01 فیصد اضافہ ہوا۔ جاریہ ہفتہ جاری کردہ اعداد و شمار کے بموجب ریٹیل افراط زر ماہ مئی میں گذشتہ 15ماہ کی پست ترین سطح پر پہنچ گیا اور 9.31 فیصد ہوگیا۔ اس سے اشارہ ملتا ہے کہ افراط زر میں انحطاط کا رجحان پیدا ہوگیا ہے تاہم سی پی آئی کے اعداد و شمار میں غذائی اشیاء کا افراط زر اب بھی بہت زیادہ ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں