ممبئی شہر و مضافات میں موسلادھار بارش - عوامی زندگی مفلوج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-15

ممبئی شہر و مضافات میں موسلادھار بارش - عوامی زندگی مفلوج

ممبئی شہر و مضافات میں بارش کے سبب عام شہریوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب راہگیروں کو خاصی دقتیں اٹھانی پڑیں۔ ممبئی شہر و مضافات میں صبح سے جاری موسلادھار بارش کے سبب سنٹرل ریلوے کی ٹرینیں 10سے 15 منٹ سے تاخیر سے چلائی گئیں جبکہ ٹریفک نظام میں بھی کچھ خلل پا۔ شہر میں درخت کی شاخیں گرنے کے بھی واقعات رونما ہوئے ہیں تیز ہواؤں کے ساتھ جاری موسلادھار بارش نے عام شہری زندگی کو متاثر کیا۔ دوسری جانب ممبئی شہر کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں کے علاقوں میں بارش نہ ہونے کے سبب بی ایم سی انتطامیہ بھی متفکر ہے۔ ممبئی کو پانی فراہم کرنے والی جھیلیں تانسا، مدھیہ ویترنا اور بھاتسا کے اطراف 115 ملی میٹر ہی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جبکہ شاہ پور تعلقہ کے کئی گاؤں میں محض 10فیصد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ممبئی شہر میں گذشتہ جمعہ سے شروع ہونے والی مسلسل بارش کے بعد آج پھر ایک بار شہر و مضافات کے علاقوں میں بارش نے اس قدر جھل تھل کرکے رکھ دیا کہ جگہ جگہ پانی جمع ہونے سے سڑکوں پر دوڑنے والی گاڑیوں کو رک رک کر چلنے پر مجبور کردیا جس کی وجہہ سے سڑکوں پر گھنٹوں ٹریفک جام رہنے سے لوگوں کو اپنی منزل تک پہنچنے کیلئے بارش میں بھیگ کر پیدل چلنا پڑا۔ وہیں پانی جمع ہونے والے جگہوں پر رکشہ سمیت موٹر سائیکل بند پڑنے کی وجہ سے موٹر سیکل سواروں کو بھی کافی پریشانی اٹھانی پڑی، جبکہ بارش جمعہ کی نماز سے قبل شروع ہونے سے نمازی بھی مسجدوں میں بھیگ کر پہنچے۔ اس سلسلہ میں جب میونسپل کمشنر سیتارام کنٹے سے بات کی گئی تو انکا وہی رٹا رٹایا بیان پانی بھرنے والے جگہوں پر پمپ سٹ لگادئے گئے ہیں اور ساتھ ہی بارش کے دوران جام ہونے والے گٹروں و نالوں کی صاف صفائی کیلئے صفائی محکمہ کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق ممبئی کے کنگ سرکل، سائن، ایل بی ایس مارگ روڈ، سانتا کروز، گولی بار، کرلا ڈپو، سنسار ہوٹل، پائپ روڈ، شیتل سینما، کمانی، کاجو پاڑہ، کرلا اندھیری روڈ، مرول ایم ڈی سی و دیگر علاقوں میں آج ہونے والی بارش سے تمام علاقے اس قدر جھل تھل ہوگئے کہ سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کو رک رک چلنا پڑا۔ حالانکہ بی ایم سی نے پانی بھرنے والے علاقوں کی صاف صفائی کے خوب دعوے کئے تھے لیکن گذشتہ ہفتے سے ممبئی شہر و مضافات میں شروع ہونے والی بارش نے بی ایم سی کے تمام دعوؤں کی پول کھول کر رکھ دی ہے، جبکہ ایک دو گھنٹے کی بارش ہونے سے جگہ جگہ پر پانی جمع ہورہا ہے۔ اگر بارش لگاتا 5سے 6گھنٹے تک ہوجائے تو پھر 26 جولائی 2005ء کے سیلاب کی یاد تازہ ہوکر رہ جائے گی، کیونکہ یہ سبھی علاقے 26 جولائی میں ڈوب گئے تھے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں