سی بی ایسی سی بورڈ امتحان - دہلی کے 124 طلبا کو وزیر اعلیٰ کا انعام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-15

سی بی ایسی سی بورڈ امتحان - دہلی کے 124 طلبا کو وزیر اعلیٰ کا انعام

سنٹرل بورڈ آف سکنڈری اسکول(سی بی ایس سی) کی طرف سے 2013ء میں 12ویں کلاس کے امتحانات میں سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے قومی راجدھانی کے 124 طلباء وطالبات کو صوبائی حکومت 50,50 ہزار روپئے کا انعام دے گی۔ مرکزی حکومت بھی ان بچوں کو 1'1 لاکھ روپئے کا انعام دے گی، یہ تمام سرکاری اسکولوں کے طالب علم ہیں۔ وزیراعلیٰ شیلا ڈکشت نے شہر کے تیاگ راج اسٹیڈیم میں 12ویں کے امتحانات میں بہتر نتائج کیلئے ایجوکیشن ڈپٹی ڈائریکٹروں، ایجوکیشن افسروں، پرنسپلوں، طلباء اورطالبات کو اعزازدینے کے دوران یہ اعلان کیا۔ غور طلب ہے کہ مرکزی حکومت نے سی بی ایس سی کی 12ویں کلاس کے امتحانات میں سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے ملک بھر کے تمام سرکاری اسکولوں کے 200 طلباء اور طالبات کو ایوارڈدینے کیلئے منتخب کیا ہے، ان میں سے 124 دہلی کے ہیں۔ مرکزی حکومت سبھی 200 طلبہ کو ایک ایک لاکھ روپئے دے گی، جبکہ صوبائی حکومت دہلی کے طلباء اور طالبات کو الگ سے 50,50 ہزار روپئے کا انعام دے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر دہلی کے سرکاری اسکولوں کے سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے 5طلبہ، 6 ایجوکیشن ڈپٹی ڈائریکٹروں، 6 ایجوکیشن افسروں، بہتر کارکردگی کرنے والے تین اسکولوں اور 290 پرنسپلوں کو تشجیعی ایوارڈ دئیے۔ انہوں نے تمام متعلقہ حکام، پرنسپلوں، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ اس بار 100فیصد نمبرات حاصل کرنے والے سرکار اسکولوں کی تعداد 78سے بڑھ کر 109 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر وزیر تعلیم پروفیسر کرن والیہ کونیشنل اسکول گیمز ٹرافی بھی دیں۔ کھیلوں میں دہلی نے 293 گولڈ سمیت 519 تمغے جیتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر والیہ نے کہاکہ یہ باعث فخر ہے کہ مرکزی حکومت نے سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے جن 200 بچوں کی فہرست تیار کی ہے ان میں 124 دہلی کے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی راجدھانی کے سرکاری اسکولوں کے طلبہ مسلسل بلندیوں کو چھوتے رہیں گے۔

Rs 50,000 cash award each to 124 meritorious students

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں