انڈونیشیا اوپن : سائنا نیہوال کو سیمی فائنل میں شکست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-16

انڈونیشیا اوپن : سائنا نیہوال کو سیمی فائنل میں شکست

دفاعی چمپئن اور دوسری سیڈیڈ ہندوستان کی سائنا نیہوال کو آج اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ سیمی فائنل میں انھیں جرمنی کی چوتھی سیڈ جولیان سینک کے خلاف 21-12, 13-21, 14-21 سے شکست کے ساتھ ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا۔ سائنا کی ہار کے ساتھ اس ٹورنمنٹ میں ہندوستانی چیلنج ختم ہوگیا۔ ہندوستانی اسٹار کھلاڑی نے جولیان سینک کے ساتھ 52 منٹ تک چلے اس مقابلہ میں زبردست مزاحمت کی لیکن وہ جیت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ سائنا کو اس سے قبل تھائی لینڈ اوپن میں بھی کوارٹر فائنل میں باہر ہونا پڑا تھا اور وہ اپنے خطاب کا دفاع کرنے میں ناکام رہی تھی۔ انڈونیشیا میں دفاعی چمپئن ہونے کے باوجود ان کا سفر اس مرتبہ سیمی فائنل میں ہی تھم گیا۔ جولین سینک کے خلاف گزشتہ 12 میاچس میں سائنا کی یہ چوتھی شکست ہے۔ دنیا کی دوسرے نمبر کی ہندوستانی کھلاڑی کو اس سال اپنے پہلے ٹائٹل کی تلاش ہے۔ اس ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں داخلہ سے پہلے تک ان کی کارکردگی کی دیکھتے ہوئے امید کی جارہی تھی کہ وہ جرمن کھلاڑی کے خلاف اپنی بہترین کارکردگی اور ریکارڈ برقرار رکھیں گی اور فائنل میں داخلہ حاصل کریں گی تاہم جولیان سینک نے اپ سٹ کرتے ہوئے سائنا نہوال کو نہ صرف ٹورنمنٹ سے باہر کردیا بلکہ اپنے ٹائٹل جیتنے کی امیدیں روشن رکھیں۔ سائنا نے گزشتہ برس سینک سے ڈنمارک اوپن، فرنچ اوپن اور سوپر سیریز فائنل میں اپنے سبھی مقابلے جیتے تھے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سال 2013 میں یہ پہلا مقابلہ تھا۔ دنیا کی تیسرے نمبر کی کھلاڑی سینک نے پہلا سٹ ہارنے کے بعد مقابلہ میں شاندار واپسی کی اور اگلے دونوں گیمس جیتے لئے۔ پورے میاچ کے دوران سائنا نے 11 اسمیش ونرس اور 17 نیٹ ونرس لگائے جبکہ سینک نے 11 اسمیش ونرس اور 16 نیٹ ونرس لگائے۔ پہلے گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 6-6 پوائنٹس تک برابری کا مقابلہ رہا۔ مردوں کے سنگلس زمرہ کے ٹائٹل مقابلہ میں ملیشیا کے لی چونگ وے ای اور جرمنی کے مارک ویبلر آمنے سامنے ہوں گے۔ وی ای چونگ نے انڈونیشیا کے ہے یم رمباکا کو 39 منٹ میں 21-17, 21-14 سے اور جوابلر نے انڈونیشیا کے تامی سوگی یاتو کو 37 منٹ میں 21-13, 21-10 سے ہرایا۔

یوسین بولٹ کا 200 میٹر دوڑ میں نیا ورلڈ ریکارڈ
اوسلو
(ایجنسیز)
ناروے کے شہر اوسلو میں رواں ڈائمنڈ لیگ میں اولمپک چمپئن یوسین بولٹ نے 200 میٹر دوڑ میں نیا ورلڈ ریکارڈ بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ جمائیکا کے اتھلیٹ بھرپور فام میں نظر آئے۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ 19.79 سیکنڈس میں طے کرکے ایونٹ کا 17 سالہ پرانا ریکارڈ توڑدیا۔ اس سے قبل نمیبئن اتھلیٹ فرانکی فریڈیرکس نے یہ فاصلہ 19.82 سیکنڈس میں طے کرکے ریکارڈ قائم کیا تھا۔

بی سی سی آئی کرپشن روکنے کیلئے نئے کھلاڑیوں کو تربیت دے گا
نیو دہلی
(ایجنسیز)
ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی اینٹی کرپشن اور سکیوریٹی یونٹ نے نئے نوجوان کرکٹرس کو تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کرکٹ کی دنیا میں کرپشن اور اسپاٹ فکسنگ کو روکا جاسکے۔ اینٹی کرپشن اور سکیوریٹی یونٹ ہر عمر کے کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ کونسل اکیڈیمی کے کیمپس میں ٹریننگ دی جائے گی۔ بعدازاں دوسرے شہروں میں بھی اس پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔

انگلینڈ ۔ نیوزی لینڈ میاچ عملاً کوارٹر فائنل
کارڈیف
(یو این آئی)
انگلینڈ میں رواں چمپئنس ٹروفی میں بارش نے تمام ٹیموں کے اعداد و شمار بگاڑ دیئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے گروپ اے کا میاچ ایک طرح سے کوارٹر فائنل بن گیا ہے۔ گروپ اے میں تمام چاروں ٹیمیں یعنی نیوزی لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور سری لنکا سیمی فائنل کی دوڑ میں برقرار ہیں اور سب پر ہی ٹورنمنٹ سے باہر ہونے کا خطرہ بنا ہوا ہے۔ اس گروپ سے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرنے والی ٹیموں کا فیصلہ آخری 2 لیگ میاچس سے ہی ہوگا۔ انگلینڈ نے پہلے میاچ میں آسٹریلیا کو 48 رن سے ہرایا تھا لیکن دوسرے میاچ میں اسے سری لنکا کے ہاتھوں 7 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وہیں دوسری جانب نیوزی لینڈ پہلے میاچ میں سری لنکا کو ہرایا تھا لیکن دوسرے میاچ میں بارش کے سبب اسے آسٹریلیا کے ساتھ پوائنٹ تقسیم کرنے پڑے تھے۔ نیوزی لینڈ گروپ اے میں 3 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ انگلینڈ 2 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ اس طرح دونوں ٹیموں کے درمیان یہ مقابلہ آر پار کی جنگ بن گیا ہے۔ انگلینڈ کے کپتان الیسٹر کک نے سری لنکا کے خلاف شکست کے بعد تسلیم کیا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیم کا آخری لیگ میاچ ایک طرح سے کوارٹر فائنل ہوگا۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان حالیہ اختتام پذیر ونڈے سیریز نیوزی لینڈ نے 2-1 سے جیتی تھی لیکن نیوزی لینڈ کو سری لنکا کے خلاف جیت کیلئے 139 رن کے معمولی نشانہ کو حاصل کرنے کیلئے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر مارٹن گپٹل اس وقت زبردست فام میں ہیں۔ ونڈے سیریز میں انہوں نے 2 سنچریاں بناکر اپنی ٹیم کو جیت دلائی تھی۔ ٹیم کو ایک مرتبہ پھر ان سے امیدیں رہیں گی۔ ان کے علاوہ کین ولیمسن، راس ٹیلر، جیمس فرینکلن اور کپتان برینڈن میکلم کو بھی ذمہ دارانہ بیاٹنگ کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ڈینیل ویٹوری کی ٹیم میں شمولیت سے ٹیم کا بولنگ کا شعبہ مضبوط ہوا ہے۔ مچل میک لن گن نے سری لنکا کے خلاف 4 وکٹ حاصل کئے تھے۔ ٹیم میں ان کی مدد کیلئے کائل ملس، ٹم ساوتھی اور نیتھن میکلم بھی موجود ہیں۔ دوسری جانب انگلینڈ کیلئے بولنگ کا شعبہ تشویش کا سبب بنا ہوا ہے۔ سری لنکا کے خلاف اس کے بولرس 292 رن کے مضبوط اسکور کا دفاع نہیں کرپائے تھے۔ بیاٹنگ میں ٹیم کے پاس الیسٹر کک، ایان بل، جوناتھن ٹراٹ، جو روٹ ، ایان مورگن، جوز بٹلر اور روی بوپارا جیسے سرکردہ بیاٹسمن ہیں۔ میزبان ٹیم کی بولنگ بظاہر تو کافی مضبوط نظر آتی ہے لیکن جیمس اینڈرسن، اسٹیورٹ براڈ، ٹم برسنن اور گرائم سوان توقعات کے عین مطابق بولنگ نہیں کر پا رہے ہیں۔ مجموعی طور پر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان اس مقابلہ میں شائقین کو اچھا میاچ دیکھنے کو ملے گا۔

شطرنج : آنند کو ڈرا پر اکتفا کرنا پڑا
ماسکو
(یو این آئی)
ہندوستان کے ورلڈ چمپئن وشواناتھ آنند کو تال میموریل شطرنج کے دوسرے دور میں جمعہ کو اپنے سے کم رینکنگ والے کھلاڑی روس کے دمیتری آندرے کم کے ساتھ ڈرا پر اکتفا کرنا پڑا۔ آنند کے پہلے دور میں اٹلی کے فیبو کروآنا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ہندوستانی گرانڈ ماسٹر نے دوسرے دور میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور حال ہی میں نیشنل چمپئن شپ جیتنے والے آندرے کم کو اپنے دفاع میں نقب لگانے کا موقع نہیں دیا۔ دنیا کے 10 سرفہرست کھلاڑیوں کے درمیان راؤنڈ رابن بنیاد پر کھیلے جانے والے ٹورنمنٹ میں کل کھیلی گئی دیگر بازیوں میں دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی ناروے کے میگنس کارلسن نے روس کے سینگئی کارجاکنگ کے ساتھ ڈرا کھیلا اور ڈیڑھ پوائنٹ کے ساتھ مشترکہ برتری برقرار رکھی۔ کارلسن کے ساتھ اسرائیل کے بورس گیلفینڈ اور آذربائیجان کے شخریار محمدیاروف مشترکہ سرفہرست مقام پر ہیں۔ گیلفینڈ نے دوسرے دور کی باز ی میں کروآنا کو ہرایا جبکہ محمد یاروف نے روس کے الیکزینڈر مورودووچ کے ساتھ ڈرا کھیلا۔ امریکہ کے ہکارو ناکامورا نے روس کے ولادیمیر کرامنک کو اس ٹورنمنٹ میں مسلسل دوسری مرتبہ شکست دی۔ کرامنک، ناکارمورا، مورو جوووچ، آندرے کن اور کرجا کنک فی کس ایک پوائنٹ کے ساتھ مشترکہ چوتھے مقام پر ہیں۔ ہندوستان کے وشواناتھن آنند آدھے پوائنٹ کے ساتھ 9ویں مقام پر ہیں جبکہ کرامنک کو ابھی اپنا کھاتہ کھولنا ہے۔

لائنل میسی کی شاندار ہیٹرک - ارجنٹائن کی فتح
بیونس آئر
(یو این آئی)
ارجنٹائن نے اپنے سرکردہ اسٹرائیکر لائنل میسی کی شاندار ہیٹرک کی بدولت گاوتے مالا کو ایک دوستانہ فٹبال میاچ میں 4-0 سے ہرادیا۔ اس کے ساتھ ہی میسی نے عالمی مقابلوں میں گول کے اعتبار سے اپنے ہی ملک کے سابق مایہ ناز فٹبالر دیگو ماراڈونا کو پیچھے چھوڑدیا۔ میسی کی اپنے ملک کیلئے یہ تیسری ہیٹرک ہے۔ حالانکہ انہیں اس سے قبل کولمبیا اور ایکویڈور کے خلاف ورلڈکپ کوالیفائر میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اتار ا گیا تھا لیکن گوئتے مالا کے خلاف انہیں میاچ کی ابتداء ہی سے ٹیم میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے کھیل کے 15ویں منٹ میں پالٹی باکس کے باہر سے اپنے لیفٹ فٹ شاٹ سے گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-0 سے برتری دلادی۔ انہوں نے دوسرے ہاف کے چوتھے منٹ میں اپنی تیسری ہیٹرک مکمل کی۔ میسی نے ایزاکیوز لاویزی کے نیچے آتے ہوئے پاس پر شاندار شاٹ پر گول کیا۔ اس میاچ میں ارجنٹائن کے کوچ ازابیلا نے اس میاچ کیلئے تجرباتی ٹیم کو میدان میں اتارا تھا۔ میسی نے اس سے پہلے سوئٹزرلینڈ اور برازیل کے خلاف گزشتہ برس اپنی ہیٹرک بنائی تھی۔ انہوں نے 67ویں منٹ میں گول کرکے عالمی مقابلوں میں اپنے گولس کی تعداد 35 کرلی تھی۔ ارجنٹائن میڈیا کے مطابق یہ ماراڈونا کے مجموعی گول سے ایک گول زیادہ ہے۔ انہوں نے اس کے ساتھ ہی اپنے ملک کیلئے سب سے زیادہ گول کرنے والے دوسرے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ ارجنٹائن کے سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ گیبریل بٹسٹا کے پاس ہے جنہوں نے ارجنٹائن کیلئے 56 گول کئے۔ میاچ کے بعد میسی نے اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے ماراڈونا سے آگے نکل جانا زیادہ بڑا کارنامہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس میاچ میں انہوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ارجنٹائن کی ٹیم 14 ؍ اگست کو اٹلی کے خلاف اپنا اگلا دوستانہ میاچ کھیلے گی۔

سبری ملا (کیرالا)
(یو این آئی)
حالیہ مختتم انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کے چھٹے سیزن میں اسپاٹ فکسنگ کے الزامات میں ملوث کیرالا کے تیز گیند باز شانتا کمارن سریسانت نے کل یہاں سبری ملا ایپا مندر میں پوجا کی۔ پوجا کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت میں انھوں نے ایک بار پھر اپنے آپ کو بے قصور قراردیا۔ سریسانت نے کہا کہ انہوں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا، ہوسکتا ہے کہ ان سے چھوٹی موٹی غلطیاں ہوئی ہوں لیکن وہ اس معاملہ میں پوری طرح بے قصور ہیں۔ سریسانت نے اپنے والد شانتا کمارن نائر اور اپنے افرادِ خاندان کے ساتھ 5 کلومیٹر کا سفر کرکے سبری پہاڑی کی چوٹی پر بنے مندر پر حاضری دی۔

ویسٹ انڈیز پر سست بولنگ کیلئے جرمانہ عائد
دبئی
(یو این آئی)
چمپئنس ٹروفی سے باہر ہوچکی ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم پر جنوبی آفریقہ کے خلاف کارڈیف میں کل شب کھیلے گئے میاچ میں سست بولنگ کیلئے جرمانہ عائد کیا گیا۔ گروپ بی کے اس میاچ میں بارش کے سبب 31 اوورس کا میاچ کھیلا گیا تھا اور ویسٹ انڈیز نے مقررہ وقت تک ایک اوور کم بولنگ کی تھی۔ آئی سی سی میاچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے ویسٹ انڈیز ٹیم پر جرمانہ عائد کیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ سست بولنگ کیلئے ویسٹ انڈیز کے ہر کھلاڑی پر ان کی میاچ فیس کا 10 فیصد اور کپتان ڈوین براو پر ان کی میاچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔ ویسٹ انڈیز نے اپنی سزا کو قبول کرلیا ہے۔ یہ میاچ بارش سے متاثر رہا۔ بعدازاں ڈکورتھ ۔ لیوس ضابطہ کے تحت یہ میاچ 31 اوور کیا گیا تھا جو بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوا لیکن جنوبی آفریقہ نے بہترین رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ اس گروپ سے ہندوستانی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے جس نے اپنے گروپ کے دونوں ابتدائی میاچس شاندار طریقے سے جیتے۔

بھوپتی ۔بوپنا جوڑی، ایگون ٹینس چمپئن شپ میں داخل
لندن
(یو این آئی)
ہندوستان کے سرکردہ ٹینس کھلاڑی مہیش بھوپتی اور روہن بوپنا پر مشتمل تیسری سیڈیڈ جوڑی نے برطانیہ کے کولن فلیمنگ اور جوناتھ مرے کی 5ویں درجہ والی جوڑی کو 7-6, 6-4, 10-4 سے شکست دے کر ایگون ٹینس چمپئن شپ میں داخلہ حاصل کرلیا۔ ہندوستانی جوڑی نے اس سے قبل اپنے گزشتہ میاچ میں فرانس کے جو اولفریڈ سونگا اور نکولس ماہوت کے خلاف واک اوور حاصل کیا تھا۔ ہندوستانی جوڑی کو کوارٹر فائنل میں برطانیائی جوڑی کو شکست دینے کیلئے ایک گھنٹے 32 منٹ تک محنت کرنی پڑی۔ سیمی فائنل میں ہندوستانی جوڑی کا مقابلہ ٹاپ سیڈ امریکہ کے برائن برادرس باب اور مائک سے ہوگا۔ برائن برادرس حال ہی میں فرنچ اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کا ڈبلس ٹائٹل حاصل کرچکے ہیں۔

اجیت چنڈیلا کی ضمانت کی درخواست ملتوی
نئی دہلی
(یو این آئی)
دہلی کی ایک مقامی عدالت نے انڈین پریمیر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث راجستھان رائلس کے معطل کھلاڑی اجیت چنڈیلا اور 5 دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواست پر17جون تک سماعت ملتوی کردی۔ ایڈیشنل سیشن جج اجے کمار جین نے آج چنڈیلا کے علاوہ مبینہ سٹہ باز رمیش ویاس، اشونی اگروال، دیپک کمار، سنیل بھاٹیہ اور سابق رانجی کھلاڑی بابو راؤ یادو کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی تاریخ 17 جون متعین کی ہے۔ دہلی پولس نے عدالت کو بتایا کہ سرکاری وکیل شہر سے باہر ہیں اور سماعت کے دوران وہ عدالت میں موجود نہیں رہ پائیں گے۔ اس کے بعد عدالت نے اس معاملہ کی آئندہ سماعت 17 جون طے کی۔ عدالت نے سرکاری وکیل کو بھی ہدایت دی کہ ملزمان کی ضمانت کی درخواست سماعت کے دوران عدالت میں موجود رہے۔ اس دورا دہلی پولس نے ویاس کی ضمانت کی درخواست پر اپنا جواب داخل کردیا ہے۔ دہلی پولس نے ویاس کو ضمانت دیئے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وہ انڈر ورلڈ کے ساتھ راست رابطہ میں تھا۔ جنوبی ہند میں وہ سٹہ بازی کا گروہ چلارہا تھا۔ واضح رہے کہ دہلی پولس نے اسپاٹ فکسنگ کے الزامات میں گزشتہ 16 ؍ مئی کو چنڈیلا کے ساتھ ایس سریسانت اور انکت چوہان کو گرفتار کیا تھا۔ پولس نے ان تینوں کھلاڑیوں اور دیگر 25 ملزمان پر "مکوکا" لگایا تھا لیکن عدالت نے سریسانت اور چوہان کے ساتھ دیگر 19 ملزمان کو ضمانت دے دی تھی۔

لندن
(یواین آئی)
دنیا کے دوسرے نمبر اور ٹاپ سیڈ کھلاڑی برطانیہ کے اینڈی مرے نے جمعہ کو ومبلڈن کے وارم اپ ٹورنمنٹ کے کیونس اوپن کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا لیکن سیکنڈ سیڈ چیک جمہوریہ کے تھامس برڈچ اور ارجنٹائن کے جان مارٹن ڈیل پوٹرو کو شکست کے ساتھ ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا۔ مرے نے کوارٹر فائنل میں جرمنی کے بنجامن بیکر کو راست سٹوں میں 6-4, 7-6 سے ہرایا لیکن برڈچ کو دفاعی چمپئن میرین سلچ کے ہاتھوں 7-5, 7-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی اور 4 بار کے چمپئن آسٹریلیا کے لیٹن ہیوٹ نے ڈیل پوٹرو کو 6-2, 2-6, 6-2 سے ہراکر سیمی فائنل میں مقام حاصل کرلیا۔ سیمی فائنل میں مرے کا مقابلہ فرانس کے جو اولفریڈ سونگا سے ہوگا جنہوں نے ایک دیگر کوارٹر فائنل میں امریکہ کے ڈینس کنڈلا کو راست سٹوں میں شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل مقابلے میں ہیوٹ اور سلچ آمنے سامنے ہوں گے۔


کنگسٹن
(یو این آئی)
جمائیکا کی 200 میٹر کی ورلڈ چمپئن اور 2 مرتبہ کی سابق اولمپک چمپئن ویرونیکا کیمپ بیل براؤن پر ممنوعہ ادویات کے استعمال کیلئے پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ڈوپنگ کے ان کے نتیجے مثبت پائے گئے۔ جمائیکا کیلئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر یہ دوسرا بڑا جھٹکا ہے۔ اس سے قبل اس کی 400 میٹر دوڑ کی اتھلیٹ ڈومنک بلیک کو بھی دوسری مرتبہ ڈوپنگ کا قصوروار پائے جانے کے بعد ان پر 6 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ بلیک کا گذشتہ سال لندن اولمپک کے دوران لیا گیا نمونہ مثبت پایا گیا اور ان کے خون میں ممنوعہ ادویات کے استعمال کی آمیزش پائی گئی۔ کیمپ بیل براؤن کے نزدیکی ذرائع نے یہ جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ڈوپنگ کے معاملہ میں کنگسٹن میں 4 ؍ مئی کو جمائیکا انٹرنیشنل انویٹیشنل میٹ میں بھی اس طرح کا واقعہ سامنا آیا تھا۔

چیمس فورڈ
(یو این آئی)
گلین چیاپل (9 رن پر 5 وکٹ) اور کائل ہاگ (11 رن پر 4 وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت لنکا شائر نے اسیکس کو یہاں فرسٹ کلاس مقابلے میں صرف 20 رن پر آؤٹ کرنے کے بعد میاچ ایک اننگز اور 105 رن سے جیت لیا۔ اسیکس نے اپنی پہلی اننگز میں 273 رن کا اسکور کیا تھا۔ اس کے جواب میں لنکا شائر نے شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے 398 رن بناکر 125 رن کی اہم برتری حاصل کرلی تھی لیکن دوسری اننگز میں اسیکس کی بیاٹنگ لائن تہس نہس ہوگئی۔ دوسری اننگز میں 14.2 اوورس کے کھیل میں پوری ٹیم 20 رن پر آؤٹ ہوگئی۔ ٹیم کی جانب سے آدھا یعنی 10 رن کا اسکور اوپنر جیکس نکل برگ نے کیا۔ مابقی کوئی کھلاڑی دُہرے ہندسہ کے اسکور تک نہ پہنچ سکا۔ اسیکس کے 6 کھلاڑی کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ ٹیم نے 11 رن کے مجموعی اسکور پر 5 وکٹ گنوادیئے تھے جبکہ 15 رن کے مجموعی اسکور پر اس کے 8 بیاٹسمن پویلین لوٹ چکے تھے۔ اسیکس کی اپنی تاریخ میں یہ سب سے شرمناک شکست ہے۔ چیاپل نے 7.2 اوورس میں 9 رن پر 5 وکٹ اور ہاگ نے 7 اوورس میں 11 رن پر 4 وکٹ لئے۔ اس شرمناک شکست کے بعد اسیکس کے کوچ پال گریسن نے شائقین سے معافی مانگی۔ گریسن نے کہاکہ وہ خود نہیں سمجھ پارہے ہیں کہ کیا کہیں کیونکہ وہ خود بھی گہرے صدمہ میں ہیں۔

جکارتہ
(یو این آئی)
دنیا کے تیسرے نمبر کے کھلاڑی چین کے ڈو پینگ یو کی انڈونیشیا سوپر سیریز کے کوارٹر فائنل میں غیر متوقع ہار سے چین کے بیاڈمنٹن کھلاڑی ایک بار پھر تنقید کے گھیرے میں آگئے ہیں۔ بیاڈمنٹن کے عالمی تنظیم ایک عرصہ سے اس بات پر تشویش کا اظہار کررہی ہے کہ چین کے کھلاڑی چھوٹے ٹورنمنٹوں سے کنارا کررہے ہیں اور ایک دوسرے سے مقابلہ کرنے سے بچ رہے ہیں۔ چین بیاڈمنٹن کی سوپر پاور ہے اور اس کھیل کے پانچوں اولمپک گولڈ میڈلس اسی کے پاس ہے۔ یہ معاملہ گزشتہ برس لندن اولمپک کے دوران اس وقت سرخیوں میں آیا تھا جب خواتین کے ڈبلس میں چین، جنوبی کوریا، انڈونیشیا کی 4 جوڑیوں نے جان بوجھ کر اپنے میاچس گنوائیں تاکہ انہیں آسان ڈرا مل سکے۔ بیاڈمنٹن کی عالمی تنظیم نے ان تمام 4 جوڑیوں کو نااہل قرار دیتے ہوئے ان پر کھیلنے پر پابندی عائد کردی تھی۔ انڈونیشیا اوپن میں جمعہ کو پین ہو مقابلے کھلاڑی روم باقا کے ہاتھوں ہار گئے تھے۔ حالانکہ پین ہو نے اس کیلئے روم باقا کی بہترین کارکردگی کی تعریف کی تھی۔ پین ہو کے ہار کے بعد ٹورنمنٹ کے مردوں کے سنگلس اور ڈبلس زمروں سے چین کا چیلنج ختم ہوگیا۔ بیاڈمنٹن کے عالمی مقابلوں پر قریبی نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ چین کے کھلاڑی اپنی توانائی بڑے مقابلوں کیلئے بچا کر رکھتے ہیں اور 7 لاکھ ڈالر والے انڈونیشیا اوپن جیسے چھوٹے مقابلوں کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ ملیشیا کے کوچ راشد صدیق نے کہاکہ روم باقا کی بہترین کاکرردگی سے انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اس میاچ میں پینگ ہو نے زیادہ محنت نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ ٹیم کے کھلاڑیوں کی چھوٹے عالمی مقابلوں کیلئے زیادہ اہمیت نہیں ہوتی کیونکہ وہ ان مقابلوں میں زیادہ توانائی صرف نہیں کرنا چاہتے اور انجری سے بھی بچنا چاہتے ہیں۔ پینگ ہو کا کہنا ہے کہ لوگ ان کی ہار کو غلط مطلب دے رہے ہیں ۔ اکثر عالمی مقابلوں میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔ وہ روم باقا کے خلاف اچھا نہیں کھیل پائے لیکن روم باقا نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس دوران روم باقا نے کہاکہ انہیں اس مقابلے میں پینگ ہو سے سخت مقابلے کی امید تھی۔ انہوں نے کبھی بھی اتنی آسان جیت کی امید نہیں کی تھی۔ ان کے خلاف گزشتہ 2 میاچس کے مقابلے میں یہ میاچ بہت آسان تھا لیکن اس کے باوجود انہیں اپنی کارکردگی پر خوشی ہے۔

Saina loses to Schenk in Indonesia Open semifinal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں