مغربی بنگال میں عورتوں کے خلاف مظالم - ممتا بنرجی کی میڈیا پر برہمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-25

مغربی بنگال میں عورتوں کے خلاف مظالم - ممتا بنرجی کی میڈیا پر برہمی

عورتوں کے خلاف مظالم کے سلسلے میں چہار طرفہ تنقید کا سامنا کررہی مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے آج اپنی حکومت کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ "کیا ریاست کی سبھی عورتوں کی آبروریزی کی جارہی ہے؟" شمالی 24پرگنہ میں پارٹی کی ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کچھ نیوز چینل پر دوبارہ اپنی برہمی جتاتے ہوئے کہاکہ عورتوں کے خلاف مظالم کی خبروں کے سلسلے میں یہ چینل حد سے آگے گذر رہے ہیں۔ ان چینلوں نے اپوزیشن سے ہاتھ ملاکر حکومت کے خلاف محاذ بنالیا ہے ایسا کرکے یہ بنگال کی مٹی کی توہین کررہے ہیں یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ممتا نے الزام لگایا کہ میڈیا ہاؤس اپوزیشن سے ہاتھ ملاکر ان کے قتل کی سازش کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ہر چیز کیلئے مجھے الزام دے رہے ہیں اب وہ آبروریزی کیلئے بھی مجھے ہی مورد الزام ٹھہرائیں گے۔ پنچایت انتخابات کیلئے سی پی آئی ایم، کانگریس، بی جے پی اور ماؤ نواز باغیوں کا تباہ کن اتحاد ہوا ہے لیکن ہم اکیلے چلیں گے عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ میں حکومت سے تنخواہ، بنگلہ، گاڑی یا دیگر کوئی سہولیات نہیں لیتی اس لئے حاصل کرنے یا کھونے کا ڈر مجھے نہیں ہے۔ یہی وجہہ ہے کہ میں کسی کی پرواہ نہیں کرتی۔ صرف یہ چاہتی ہوں کہ ریاست کے عوام خوش رہیں۔ اتوار کی شام شمالی 24پرگنہ ضلع کے مینکھا کے بامن پوکھر میں منعقد انتخابی جلسے میں وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے یہ باتیں کہیں۔ انہوں نے کہاکہ کامدونی کا واقعہ افسوسناک ہے، ایسے واقعات کی خواہش کوئی نہیں رکھتا۔ لیکن حزب اختلاف اور میڈیا کا ایک طبقہ اس واقعہ کو لے کر حکومت اور ترنمول کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈے کررہا ہے۔ ترنمول کی حکومت میں کئی دکاروں کو سزا ہوئی ہے۔ کامدونی واقعہ کے قصورواروں کو بھی سزا ملے گی عورتوں پر ظلم کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سی پی ایم کی حکومت میں آبروریزی کے سینکڑوں واقعات ہوئے تھے۔ ان واقعات کا انکشاف بھی ہوا تھا انہوں نے سوال کیا کہ سی پی آئی ایم کے اقتدار میں ہوئے ان واقعات میں سے کتنے قصورواروں کو سزا ہوئی ہے۔ انتخابی جلسہ عام میں ترنمول کے ضلع صدر نرمل گھوش، وزیر خوراک جیوتی پریہ ملک، ترنمول کے ایم پی، ممبر اسمبلی اور تین سطحی پنچایت انتخابات کے پارٹی امیدوار موجود تھے۔ ممتانے الزام لگایا کہ سی پی ایم کو جتانے کے مقصد سے بی جے پی نے کئی سیٹوں پر اپنا ڈمی امیدوار کھڑا کیا ہے اس کے ثبوت بھی ترنمول کے پاس ہیں جبکہ بی جے پی امیدوار کھڑے نہیں کرپانے کی دہائی دیتے ہوئے ترنمول کے خلاف پروپگنڈہ کررہی ہے۔ یاد رہے کہ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق عورتوں کے خلاف مظالم کے سلسلے میں مغربی بنگال سرفہرست ہے 2012 میں اس ریاست میں اس طرح کے 30,942 واقعات ہوچکے ہیں۔

Mamata vents ire on media, says 'are all women in Bengal getting raped'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں