ممبئی عدالت میں سلمان خان کی درخواست نظر ثانی مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-25

ممبئی عدالت میں سلمان خان کی درخواست نظر ثانی مسترد

ممبئی کی عدالت سشن نے آج بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی وہ نظر ثانی درخواست مسترد کردی جو "مارو اور بھاگو" (سڑک حادثہ کیس۔2002) میں داخل کی گئی تھی۔ قبل ازیں سلمان خان نے عدالت مجسٹریٹ کے ایک حکم کو عدالت سشن میں چیلنج کیا تھا اور کہاتھاکہ اس پر غیر ارادی قتل کا الزام عائد کرنے کیلئے کافی ثبوت نہیں ہیں۔ اب عدالت سشن کے حکم کے پیش نظر سلمان خان پر قانون تعزیرات ہند کی دفعہ 304 حصہ دوم کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا اور خاطی قرار دئیے جانے کی صورت میں دفعہ کے تحت 10سال کی سزائے قیدہوسکتی ہے۔ عدالت سشن نے گواہوں اور میڈیکل ایگزامنر کے شہادتی بیانات پر زبردست انحصار کیا۔ میڈیکل ایگزامنر نے اپنے شہادتی بیان میں کہا تھا کہ یہ اداکار جو کچھ کررہا تھا وہ اس کو جان بھی رہا تھا اور جب اس نے مضافاتی علاقہ باندرہ میں 28ستمبر 2002ء کی اولین ساعتوں میں ایک بیکری کے باہر فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں کے ایک گروپ پر اپنی ایس یو وی گاڑی چلادی تھی تب وہ اپنے اقدامات سے واقف تھا اس حادثہ میں ایک شخص ہلاک اور 4زخمی ہوگئے تھے۔ اُس وقت گاڑی (لینڈکروزر)، سلمان خان مبینہ طورپر چلارہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ فٹ پاتھ پر سوئے لوگ اس کار کی زد میں آکر کچلے گئے تھے۔ قبل ازیں مجسٹریٹ کی عدالت میں سلمان خان پر نسبتاً کم تر الزام (دفعہ 304-A) کے تحت مقدمہ چلایا گیاتھا۔ اس دفعہ کے تحت زیادہ سے زیادہ 2سال کی سزائے قید کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ تاہم اس مقدمہ نے اس وقت ایک نیاموڑ اختیار کرلیا جب میٹرو پولٹین مجسٹریٹ نے 17گواہوں پرجرح کے بعد سنگین الزام یعنی غیر ارادی قتل کا الزام عائد کیا اور اس 47سالہ اداکار کے خلاف مقدمہ کو دوبارہ سماعت کیلئے عدالت سنش کے سپرد کیا۔

Court rejects Salman's review petition

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں