لبنان - خونریز جھڑپوں میں 20 ہلاک - 12 فوجی بھی شامل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-25

لبنان - خونریز جھڑپوں میں 20 ہلاک - 12 فوجی بھی شامل

لبنان کے شہر سیدون میں ایک سنی عالم الشیخ احمد الاسیر کے حامیوں اور حزب اﷲ کے درمیان مسجد بلال بن رباح کے ارد گرد خونریز جھڑپیں ہوئی ہیں۔ لبنان کے نیوز چینل المستقبل نے 20افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جھڑپوں کا سلسلے شہر کے داخلی بازار میں بھی شروچ ہوچکا ہے۔ مارے جانے والوں میں 12فوجی بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ جھڑپیں اتوار کو اس وقت شروع ہوئیں جب ایک سخت گیر سنی عالم کے کچھ حامیوں نے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ مقامی میڈیاکے مطابق اس واقعہ کے بعد سرکاری فورسز نے عالم کے حامیوں کو گھیرنے کی کوشش کی اور اس کے بعد ہونے والی جھڑپیں اتوار اور پیر کے درمیانی شب بھی جاری رہیں۔ فوج کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیدون کی خاموش فضا میں آگ لگانے کیلئے فوج پر بڑی بے رحمی سے حملہ کیا گیا ہے، حزب اﷲ نے جب سے پڑوسی ملک شام میں جاری خانہ جنگی میں صدر بشارالاسد کی حمایت کا اعلان کیا ہے تب سے لبنان میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دارالحکومت بیروت سے تقریباً40 کیلو میٹر کے فاصلے پر واقع شہر سیدون راکٹ حملے اور مشین گنوں کی فائرنگ سے لرزاٹھا اور رہائشی خوفزدہ ہیں۔ فوج نے اس تشدد کیلئے سنی عالم شیخ احمد الاسیر کے حامیوں کے کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے شام کے حوالے سے شیعہ اور سنی جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں کے بعد سے ہی سیدون میں کشیدگی پائی جاتی تھی جسے لبنانی حکام کم کرنے کی کوشش کرتے رہے تھے۔ جھڑپوں کے سبب فضاء میں دھوئیں کے بادل دیکھے گئے۔ لبنان کے سنی گروپ شام میں اسد حکومت کے خلاف برسر پیکار باغیوں کے حامی ہیں جبکہ شیعہ تحریک حزب اﷲ اسد حکومت کی حامی ہے۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ان جھڑپوں میں تقریباً 40 فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ان جھڑپوں کے سبب اتوار کی شام کو شہر کے کئی علاقوں سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔ اس صورتحال میں متاثرہ علاقے کے لوگوں نے حکام سے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کو کہا۔ پڑوسی ملک شام میں جاری خانہ جنگی کی وجہہ سے سکیورٹی وجوہات کی بناء پر لبنان کی پارلیمان نے انتخابات موخر کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو جون میں ہونے تھے۔

Lebanon Clashes Leave At Least 12 Soldiers Dead At Sidon Mosque

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں