From November, Indians to pay Rs 2.7 lakh bond for UK visa
برطانوی حکومت نے بیرونی تارکین وطن کی تعداد تخفیف کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ 2015 ء تک تقریباً ایک لاکھ تارکین وطن کی تعداد میں کمی کی جائے گی۔ گذشتہ سال ہندوستان کے تقریباً 3لاکھ افراد کو 6ماہ کا ویزا دیا گیا تھا۔ ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود بے شمار ایشیائی شہری برطانیہ میں غیر قانونی طورپر رہائش اختیار کرتے جارہے ہیں۔ قانون کے اس بیجا استعمال کو روکنے اور تارکین وطن کی تعداد میں تخفیف کیلئے برطانوی حکومت نے اب ایک نئی اسکیم شروع کی ہے۔ برطانیہ کا دورہ کرنے والے ہندوستان کو اب اگر 6ماہ کا ویزا حاصل کرنا ہوتو انہیں 2.7لاکھ روپئے(3ہزار پاونڈس) ڈپازٹ کرانے ہوں گے۔ ویزا ختم ہونے کے بعد اگر کوئی ہندوستانی شہری غیر قانونی طورپر ملک میں رہائش اختیار کرتا ہے تو اس کی ڈپازٹ کی رقم ضبط کرلی جائے گی۔ برطانوی ہائی کمشن نے نئی دہلی میں بتایاکہ نومبر سے اس تجرباتی اسکیم کا آغاز ہوگا۔ پہلے پہل ایسے درخواست گذاروں سے رقم بطور ڈپازٹ حاصل کی جائے گی جو فرار اختیار کرنے کے زمرہ میں شامل ہیں یا جن پر برطانیہ میں غیر قانونی طورپر رہائش اختیار کرنے کا شبہ ہو۔ برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان مارکس وینسلے نے اے ایف پی کو یہ بات بتائی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ برطانیہ کا دورہ کرنے والے زیادہ تر ہنوستانی سیاح اس اسکیم سے متاثر نہیں ہوں گے۔ تجربہ کے طورپر صرف ایک ہزار سیاحوں کیلئے یہ اسکیم شروع کی جائے گی۔ اسکیم کس حد تک کامیاب ہوگی یہ تو تجربہ ہی بتائے گا۔ اس کے ذریعہ ویزا قوانین کا بیجا استعمال اور برطانیہ میں روپوش ہونے کا رجحان ختم ہوگا۔ اگر یہ اسکیم کامیاب ہوجاتی ہے تو اس کا اطلاق پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، نائیجریا اور گھانا کے شہریوں پر بھی کیا جائے گا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں