حیدرآباد - شندے اور چدمبرم کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ بند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-25

حیدرآباد - شندے اور چدمبرم کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ بند

تلنگانہ عوام کو اپنے "گمراہ کن" بیانات کے ذریعہ مبینہ طورپر دھوکہ دینے کی پاداش میں مرکزی وزیر سشیل کمار شنڈے اور ان کے پیشرو پی چدمبرم کے خلاف درج کردہ مقدمات آج پولیس نے بند کردئیے۔ سائبر آباد پولیس نے آج بتایاکہ ثبوتوں کے فقدان کی بناء دونوں مرکزی وزراء کے خلاف درج کردہ مقدمہ بن کردیا گیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ میٹرو پولٹین مجسٹریٹ کی عدالت میں ایک قطعی رپورٹ داخل کی جاچکی ہے جس میں واضح کردیا گیا ہے کہ ثبوتوں کے فقدان کے باعث تحقیقات ختم کی جارہی ہیں۔ تلنگانہ جونیر ایڈوکیٹس اسوسی ایشن کے رکن نریش کمار کی درخواست پر عدالت نے ایل بی نگر پولیس کو دونوں وزراء کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی تھی جس پر دونوں کے خلاف 22 جون کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ انسپکٹر پی سرینواس ریڈی نے پی ٹی کو یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایاکہ ایک قطعی رپورٹ عدالت میں داخل کی جاچکی ہے جس میں عدالت کو مطلع کیاگیا ہے کہ مقدمہ کی تحقیقات کے بعد شنڈے اور چدمبرم کے خلاف کوئی ثبوت دستیاب نہیں ہوئے۔ اس لئے ان کے خلاف دھوکہ دہی کا الزام عائد نہیں کیا جاسکتا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں قانونی رائے بھی حاصل کی اور اس کے بعد مقدمہ بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ قبل ازیں یو این آئی اور آئی اے این ایس سے موصولہ اطلاع کے بموجب سیکنڈ میٹرو پولٹین مجسٹریٹ کی عدالت کی ہدایت پر پولیس نے مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے اور مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا۔ دونوں وزراء کے خلاف تلنگانہ کی تشکیل کا وعدہ کرنے کے باوجود اسے پورا نہ کرنے پر یہ مقدمہ درج کیاگیا۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ تعزیرات ہند کی دفعہ420 کے تحت مقدمہ درج کیاگیا۔ عدالت نے جاریہ سال 28؍جنوری کو ہی ایل بی نگر پولیس کو مرکزی وزراء کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی جبکہ ایک وکیل این نریش کمار نے جو تلنگانہ جونیر ایڈوکیٹس اسوسی ایشن کے ایک رکن ہے دونوں وزراء کے خلاف شکایت درج کرائی۔ ایڈوکیٹ نریش کمار نے اپنی درخواست میں سشیل کمار شنڈے اور چدمبرم کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی تھی۔ انہوں نے اپنی درخواست میں استدلال پیش کیا تھا کہ اس وقت کے وزیر داخلہ پی چدمبرم نے 9 دسمبر 2009ء کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ درخواست گذار نے کہاکہ چدمبرم نے تاہم اپنے اعلان پر عمل آوری نہیں کی اور 14 دن کے بعد ہی وہ اپنے وعدے سے پھر گئے۔ نریش کمار نے نشاندہی کی کہ سشیل کمار شنڈے نے بھی مرکزی وزیر داخلہ کی حیثیت سے گذشتہ 28دسمبر کو نئی دہلی میں تلنگانہ مسئلہ پر وزارت داخلہ کے منعقدہ کل جماعتی اجلاس کے دوران کہا تھا کہ مرکز، علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے مطالبے پر ایک فیصلہ کر ے گا اور فیصلہ کا 28جنوری تک اعلان کردیا جائے گا۔ نریش کمار نے بتایاکہ سشیل کمار شنڈے کا یہ وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا اور خود مرکزی وزیر داخلہ اپنے بیان پر قائم رہنے میں ناکام رہے۔ ایڈوکیٹ نریش کمار نے اپنی درخواست میں استدلال پیش کیا کہ دونوں وزراء اپنے وعدہ پر قائم رہنے میں ناکام رہے اس طرح انہوں نے تلنگانہ عوام سے دھوکہ دہی کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شنڈے اور چدمبرم دونوں نے تلنگانہ مسئلہ پر عوام کو گمراہ کیا۔ انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ پولیس کو اس کی تحقیقات کرنے اور ایک مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دے۔

Case filed against Shinde, Chidambaram in AP over Telangana issue is closed now

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں