مڑیاہوں اور جونپور میں اترپردیش حکومت کے خلاف زبردست مظاہرہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-25

مڑیاہوں اور جونپور میں اترپردیش حکومت کے خلاف زبردست مظاہرہ

راشٹریہ علماء کونسل کی اپیل پر جونپور شہر اور ضلع کے مڑیاہوں قبضہ میں جمعہ کو سینکڑوں افراد نے خالد مجاہد کی پراسرار موت اور حکومت کی لاپرواہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ریاست کے وزیراعلیٰ، اقلیتی بہبود کے وزیر اور سابق ڈی پی جی وکرم سنگھ کا علامتی پتلا نذر آتش کیا۔ بعدنماز جمعہ قصبہ کی جامع مسجد کے باہر سے "سپا حکومت مردہ باد،اکھلیش یادو مردہ باد، ملائم سنگھ مردہ باد، اعظم خاں مردہ باد اور شہید خالد مجاہد زندہ باد" جیسے نعرے لگاتا ہوا جلوس صدر بازار پہنچا جہاں علامتی پتلے نذر آتش کئے گئے۔ مجمع سے خطاب کرتے ہوئے خالد مجاہد کے والد کے بڑے بھائی ظہیر عالم فلاحی نے کہاکہ "اب ہم اپنے کسی بھی بچے کو خالد مجاہد کی طرح شہید ہونے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اگر نمیش کمیشن کی رپورٹ کو حکومت نے عام کیا ہوتا تو خالد مجاہد کی موت نہیں ہوئی ہوتی لیکن مسلم تنظیموں اور ہمارے ذریعہ بار بار مطالبہ کرنے کے بعد بھی کمیشن کی رپورٹ ظاہر نہ ہونے کی وجہہ سے حکومت کی نیت پر بھی شبہ ہونے لگا ہے"۔ انہوں نے مزید کہاکہ ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور محمد اعظم خان کی بھی قلعی کھل چکی ہے جنہوں نے بارہ بنکی کی عدالت سے حکومت کی سفارش خارج ہونے کے بعد کوئی قدم نہیں اٹھایا تھا۔ ظہیر عالم فلاحی نے اشکبار آنکھوں سے کہاکہ اگر کمیشن کی رپورٹ سامنے آتی تو حقائق سے پردہ اٹھ سکتا تھا۔ ہم حکومت کو اس بات پر مجبور کریں گے کہ وہ نمیش کمیشن کی رپورٹ کو عام کرے تاکہ مسلم نوجوانوں کو انصاف مل سکے۔ انہوں نے مسلم نوجوانوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہاکہ بلاخوف ہوکر اپنا احتجاج درج کرائیں تاکہ ہمارے ہی ووٹوں سے منتخب حکومت کو یہ احساس ہوجائے کہ ہم اگر ووٹ دینا جانتے ہیں تو اپنے حق کیلئے لڑنا بھی جانتے ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں