نئے حج ہاؤس کی تعمیر پر وقف بورڈ اور حج کمیٹی میں یادداشت مفاہمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-25

نئے حج ہاؤس کی تعمیر پر وقف بورڈ اور حج کمیٹی میں یادداشت مفاہمت

شمس آباد انٹرنیشنل اپریورٹ کے قریب نئے حج ہاوز کے تعمیری کام کے آغاز کے سلسلہ میں وقف بورڈ اور حج کمیٹی میں یادداشت مفاہمت کو تقریباً قطعیت دی جاچکی ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں وقف بورڈ کے اجلاس میں اس معاہدہ کو منظوری دی جائے گی جس کے بعد دونوں اداروں کے سربراہ اس پر دستخط کریں گے۔ باوثوق ذرائع نے بتایاکہ یادداشت مفاہمت میں وقف بورڈ نے 10ایکڑ اراضی حج کمیٹی کو لیز پر دینے سے اتفاق کیا ہے۔ لیز کا ماہانہ کرایہ 11,111روپئے ہوگا۔ ابتداء میں لیز 3سال کیلئے ہوگی تاہم تین سال کی تکمیل کے بعد اس میں توسیع کی جاسکتی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ حکومت نے اس معاہدہ کو منظوری دی ہے تاہم وقف بورڈ کی جانب سے منظوری کا انتظار ہے۔ واضح رہے کہ اراضی کی حوالگی اور عمارت پر کنٹرول کے مسئلہ پر دونوں اداروں کے درمیان تنازعہ پیدا ہوگیا تھا تاہم چیف منسٹر کی مداخلت کے بعد وقف بورڈ نے اراضی لیز پر دینے سے اتفاق کیا۔ تاہم حج کمیٹی کو ماہانہ کرایہ ادا کرنا پڑے گا۔ حج ہاوزکی عمارت پر حج کمیٹی کا کنٹرول رہے گا۔ حج سیزن کے دوران عمارت عازمین حج کے قیام کیلئے استعمال کی جائے گی جبکہ دیگر ایام میں اسے اقلیتی طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں اداروں کیا جانب سے اعتراضات کی صورت میں یادداشت کے مسودہ میں ترمیم بھی کی جاسکتی ہے۔ اسی دوران حج کمیٹی نے حج ہاوز کی عمارت کے ڈیزائن کے حصول کیلئے بعض آرکٹیکٹس سے ربط پیدا کیا ہے۔ آج بھی بعض انجینئرس اور آرکیٹکٹس نے حج کمیٹی کے حکام سے ملاقات کی اور عمارت کے بارے میں اپنا خاکہ پیش کیا۔ حج کمیٹی اور وقف بورڈ کے درمیان معاہدہ کی تکمیل کے بعد ہی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا اور پھر عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں آرکیٹکٹ اور تعمیراتی کمپنی کا انتخاب عمل میں آئے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں