چٹ فنڈ سرمایہ کاروں کے نقصان کی تلافی ممتا حکومت کرے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-25

چٹ فنڈ سرمایہ کاروں کے نقصان کی تلافی ممتا حکومت کرے گی

مغربی بنگال حکومت شاردا گروپ کے کاروبار ڈوب جانے کے پیش نظر چٹ فنڈ سرمایہ کاروں کو ہوئے نقصان کی تلافی کرنے کیلئے مصروف عمل ہے۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے آج کہا "ہم جلد ہی شاردا گروپ اور دیگر چٹ فنڈ کمپنیوں کی طرف سے ٹھگے گئے سرمایہ کاروں کو معاوضہ ادا کرنا شروع کریں گے۔ شاردا گروپ اور دیگر کمپنیوں کے چٹ فنڈ میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے قائم جسٹس (ریٹائرڈ) شیامل سین جانچ کمیشن نے حال میں اپنا کام شروع کیا ہے۔ اس نے 6ماہ کے اندر اندر اپنی رپورٹ سونپنے کا ہدف رکھا ہے۔ بنرجی نے کہاکہ تحقیقات کمیشن کو اب تک 4لاکھ سے زیادہ شکایات کے ساتھ ساتھ جمع کی گئی رقم کو واپس کرنے کی اپیلیں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا "چٹ فنڈ گھوٹالے کی جانچ کررہے جسٹس (ریٹائرڈ) شیامل سین جانچ کمیشن ریاستی حکومت کو سفارش کرنے سے پہلے شکایات کی بنیاد پر ڈیٹا بینک تیار کرے گا۔ تحقیقات کمیشن ان طریقوں پر فیصلہ کرے گا کہ کس طرح شاردا گروپ اور دیگر کمپنیوں کی طرف سے ٹھگے گئے ہزاروں سرمایہ کاروں کو رقم لوٹائی جائے۔ بنرجی نے کہاکہ شاردا گروپ کے ڈوبنے کے بعد سرمایہ کاروں اور ایجنٹوں کو پیسے لوٹانے کیلئے حکومت نے 5000 کروڑ روپئے کا امدادی فنڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے ایک سوشیل سکیورٹی اسکیم کا بھی اعلان کیا ہے جس کے تحت لوگوں کو محفوظ طریقے سے سرمایہ کاری کرنے کے قابل ہوں گے اور انہیں مناسب واپسی ملنے کی بھی ضمانت ہوگی۔ انہوں نے متاثرہ لوگوں سے پرسکون رہنے کی اپیل کی ہے۔ ریاست میں بایاں محاذ اور کانگریس نے چٹ فنڈ گھوٹالے کی سی بی آئی جانچ کی مانگ کی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ترنمول کانگریس حکومت سے منصفانہ تحقیقات کی توقع نہیں کی جاسکتی کیونکہ حکمراں پارٹی کے مبینہ طورپر شاردا گروپ سے تعلقات ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں