Spot-fixing scandal: BCCI chief's son-in-law arrested
اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحققیات میں اب نیا موڑ آتا جارہا ہے جبکہ ممبئی پولیس نے کرکٹ کنٹرول بورڈ کے صدر مسٹر این سرینواسن کے داما گروناتھ میاپن کو آئی پی ایل میچس میں بٹنگ میں ملوث رہنے پر گرفتار کرلیا ہے۔ اس گرفتاری کے بعد خود چینائی سوپر کنگس کے مستقبل کے تعلق سے سوال اٹھنے لگے ہیں اور بعض گوشوں سے اس ٹیم کے کنٹراکٹ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ ممبئی پولیس کے جوائنٹ کمشنر (کرائم) مسٹر ہیمانشو رائے نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے اپنی اطلاعات کی بنیاد پر گروناتھ سے پوچھ تاچھ کی ہے اور ہم کو آئی پی ایل بٹنگ کیس میں ان کے ملوث ہونے کا پتہ چلا ہے اسی لئے ہم نے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔ 35سالہ میاپن کو ممبئی پولیس نے پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا تھا کیونکہ اداکار وندو دارا سنگھ نے اپنی پوچھ تاچھ کے دوران ان کے رول کا بھی انکشاف یا تھا۔ گروناتھ آج مدروائی سے ایک چارٹر طیارہ کے ذریعہ ممبئی روانہ ہوئے تھے اور ممبئی پولیس کی جانب سے شام 5بجے تک دی گئی مہلت کے کچھ دیر بعد وہاں پہونچے۔ گروناتھ چینائی کے معروف وکیل پی ایس رمن کے ساتھ وہاں پہونچے تھے۔ انہیں ممبئی ایرپورٹ سے ممبئی کرائم برانچ ہیڈ کوارٹرس منتقل کرکے پوچھ تاچھ کی گئی اور بعد میں انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ کہا گیا ہے کہ رات 9:30 بجے سے پوچھ تاچھ کا آغاز ہوا اور 3گھنٹوں کی پوچھ تاچھ کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ انہیں ہفتے کو میٹروپولٹین عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ 2مرتبہ کی چمپئن ٹیم چینائی سوپر کنگس کے مالک گروناتھ کانام اس وقت منظر عام پر آیا تھا جب اداکار وندوداراسنگھ نے اپنی پوچھ تاچھ کے دوران انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے میاپن کی ایما پر بٹنگ میں حصہ لیا تھا۔ کہا گیا ہے کہ وہ میچس کے دوران گروناتھ میاپن کے ساتھ مسلسل ربط میں تھے اور گروناتھ کو بٹنگ میں ایک کروڑ روپئے کا نقصان ہوا تھا۔ ذرائع کے بموجب ممبئی کرائم برانچ نے وندو داراسنگھ اور میاپن کے مابین ہوئی بات چیت کے کال ڈاٹا ریکارڈز حاصل کرلئے ہیں اور اسی بنیاد پر ان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ اس دوران اپنے داماد کی گرفتاری کے بعد بی سی سی آئی کے صدر این سرینواس کے استعفیٰ کیلئے دباؤ میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ چینائی ٹیم کے مستقبل کے تعلق سے بھی سوال اٹھنے لگے ہیں۔ اس دوران چینائی سوپر کنگس کی ملکیت رکھنے والی انڈیا سمنٹس نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے خود کو الگ تھلگ کرنے کی کوشش کی ہے اور کہاکہ گروناتھ میاپن نہ چینائی سوپر کنگس کے مالک ہیں اور نہ ہی وہ ٹیم کے سی ای او ہیں۔ انڈیا سمنٹس نے کہاکہ مسٹر گروناتھ صرف ٹیم مینجمنٹ کے اعزازی رکن ہیں اور انڈیا سمنٹ کی پالیسی اس معاملہ میں بہت سخت ہے اور اگر کوئی خاطی پایا جاتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔ کمپنی کے ایگزیکٹیو صدر ٹی ایس رگھو پتی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیا سمنٹس بی سی سی آئی کے ساتھ اور نفاذ قانون کی ایجنسیوں کے ساتھ اس معاملہ میں مکمل تعاون کرے گی۔ اس دوران سرینواسن کیلئے استعفیٰ کیلئے دباؤ بڑھتا جارہا ہے جبکہ سابق بی سی سی آئی صدر شردپوار کی قیادت والی این سی پی نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ان میں ذرہ برابر بھی اخلاقیات کا احساس باقی ہے تو انہیں فوری مستعفیٰ ہوجانا چاہئے۔ آئی پی ایل سے 2دن قبل ہی علیحدہ ہونے والی پونے وارئیرس ٹیم و سہارا گروپ سربراہ سبرتو رائے نے مطالبہ کیا کہ این سرینواس فوری مستعفی ہوجائیں۔ انہوں نے چینائی سوپر کنگس کے کنٹراکٹ کو فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی ٹیم بٹنگ میں ملوث ہے تو اس کے کنٹراکٹ کو فوری منسوخ کیا جانا چاہئے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں