وزیر داخلہ آندھرا پردیش سبیتا اندرا ریڈی کو سی بی آئی عدالت کا سمن جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-14

وزیر داخلہ آندھرا پردیش سبیتا اندرا ریڈی کو سی بی آئی عدالت کا سمن جاری

سی بی آئی کی عدالت نے ریاستی وزیر داخلہ پی سبیتا اندرا ریڈی کو سمن جاری کرتے ہوئے وائی ایس جگن موہن ریڈی کے غیر محسوب اثاثہ جات کیس میں 7جون کو حاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی ہے۔ نامپلی میں واقع سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے جج یو درگا پرساد راؤ نے ڈالمیا سمنٹ کے خلاف 8اپریل کو تحقیقاتی ایجنسی سی بی آئی کی جانب سے داخل کردہ پانچویں چارج شیٹ پر غور کرنے کے بعد یہ احکامات جاری کئے۔ سی بی آئی نے سبیتا اندرا ریڈی اور دیگر 12ملزمین کو سمن جاری کرنے کیلئے 9اپریل کو میمو داخل کرتے ہوئے عدالت سے درخواست کی تھی۔ چارج شیٹ میں جگن موہن ریڈی کی کمپنیوں میں ڈالمیا سمنٹس کی جانب سے کی گئی سرمایہ کاری اور اس کے جواب میں کمپنی کو اس وقت کی کانگریس حکومت کی جانب سے لائم اسٹون کانکنی الاٹمنٹ کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ سی بی آئی نے اپنی پانچویں چارج شیٹ میں جگن موہن ریڈی کو ملزم نمبر 1بتایا ہے جبکہ ان کے مالی مشیر وجئے سائی ریڈی کو ملزم نمبر 2، ڈالمیا سمنٹس کے منیجنگ ڈائرکٹر پونیت ڈالمیا کو ملز نمبر 3، سبیتا اندرا ریڈی کو ملزم نمبر 4، محکمہ صنعت کی سابقہ سکریٹری و آئی اے ایس آفسیر سری لکشمی کو ملزم نمبر 5، آندھراپردیش مائنس کے سابق منیجنگ ڈائرکٹر وی ڈی راجگوپال کو ملزم نمبر 6، ایوان سمنٹس کے منیجنگ ڈائرکٹر سجالا دیوا کر ریڈی کو ملزم نمبر 7، ڈالمیا سمنٹس کے سینئر ایگزیکٹیو سنجے ایس مشرا کو ملزم نمبر 8، ڈالمیا سمنٹس کے سینئر منیجر انیل دمال بھیری کو ملزم نمبر 9، ڈالمیا سمنٹس کے منیجر جئے دیپ باسو کو ملزم نمبر 10، رگھو رام سمنٹس کو ملزم نمبر 11، ڈالمیا سمنٹس کو ملزم نمبر 12 اور ایسور سمنٹس کو ملزم نمبر 13 بتایا ہے۔ جج نے چنچل گوڑہ سنٹر جیل کے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ 7جون کو جگن موہن ریڈی کو عدالت میں پیش کرنے کے اقدامات کریں۔ عدالت نے وجئے سائی ریڈی، پونیت ڈالمیا، سری لکشمی، وی ڈی راجگوپال، سجالا دیوا کر ریڈی اور دوسروں کو بھی سمن جاری کرتے ہوئے 7جون تک عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ موجودہ وزیرداخلہ پی سبتیا اندر ریڈی، وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی کابینہ میں وزیر معدنیات و جیالوجی تھیں۔ سی بی آئی نے ان پر 2008ء میں 30 سال کی مدت کیلئے ضلع کڑپہ کے میلاورم منڈل کے تھلا منچی پٹنم گاؤں میں ڈالمیا سمنٹ کو 407.5 ہیکڑ اراضی لائم اسٹون کانکنی کیلئے لیز پر دیتے ہوئے سرکاری عہدے اور آفس کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔

Sabita Indra Reddy summoned by CBI court in YS.Jagan assets

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں