اعتماد کا فقدان ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج - نریندر مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-14

اعتماد کا فقدان ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج - نریندر مودی

گجرات کے چیف منسٹر نریندر مودی نے یوپی اے حکومت کو اس کی مبینہ کمزور خارجہ پالیسیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ کمزور قائدین یوپی اے حکومت چلارہے ہیں۔ نریندر مودی نے دعویٰ کیا کہ گجرات میں 12 سالہ حکمرانی کے دوران انہوں نے لفظ ترقی کو ایک نئے معنی دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کیلئے سب سے بڑا چینلج عوام میں اعتماد بحال کرنا ہے۔ انہوں نے رشوت ستانی کے مسئلہ پر بھی یوپی اے حکومت کی مذمت کی۔ مسٹر مودی نے امریکہ کے 20شہروں میں رہنے والے غیر مقیم ہندوستانیوں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ایک گھنٹہ طویل خطاب کے دوران یہ ریمارکس کئے۔ خطاب کے بعد سوال جواب کا سیشن بھی منعقد کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ "جب ملک کے حکمراں کمزور ہوتے ہیں تو اس سے ہونے والے نقصانات میں جانتا ہوں۔ آپ کو گذشتہ ایک ماہ کے دوران ہوئے واقعات کو دیکھنا چاہئے۔ مودی نے کہاکہ "یہ دیکھتے ہوئے مجھے صدمہ ہوا کہ چین اپنی فوج کو اپنے علاقوں تک ہٹالیا لیکن میں یہ نہیں سمجھ سکا کہ ہندوستانی فوج آخر کیوں خود اپنی ہی سرزمین سے اپنے سپاہیوں کو ہٹالی تھی"۔ مسٹر مودی نے گذشتہ ماہ مشرقی لداخ میں چینی فوج کی دراندازی کے تناظر میں کہاکہ "دہلی حکومت سے میرا ایک آسان سوال ہے چین ہماری زمین پر پہونچا تھا اور پیچھے ہٹ گیا یہ ایک بار ہوگئی۔ لیکن یہ کیا وجہہ تھی کہ ہم خود اپنی ہی سرزمین سے اپنی فوج کو آخر کس لئے پیچھے ہٹالیا تھا؟ اس بات پر عام آدمی کے ذہنوں میں سوالات اٹھنے لگے ہیں"۔ مودی نے مزید کہاکہ " کیا آپ یہ تصور کرسکتے ہیں کہ ہمارے سپاہیوں کے سر قلم کئے جاسکتے ہیں؟ اور اس واقعہ کے چند دن بعد اس ملک (پاکستان) کے وزیراعظم کی چکن بریانی کے ساتھ ضیافت بھی کی جاتی ہے۔ ایک ایسے وقت جب ہماری سرزمین پر چین ہمارے دروازے کھٹکھٹارہا تھا وزیرخارجہ سلمان خورشید نے مارچ کے دوران جئے پور میں پاکستانی وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا تھا۔ سخت گیر بی جے پی لیڈر مودی نے دعویٰ کیا کہ گجرات میں ان کی حکومت نے ترقی کو نئی بلندی پر پہونچا دیا ہے۔ ملک کے سب سے بڑا چیلنج اعتماد کا فقدان ہے اور اعتماد بحال کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ "لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ ملک کیلئے فی الحال سب سے بڑا چیلنج کیا ہے۔ میرا یہ پختہ یقین ہے کہ آج ہمیں جس سب سے بڑے چیلنج کا سامنا ہے وہ اعتماد کا فقدان ہے۔

Biggest challenge India faces is restoring people's trust: Narendra Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں