پارلیمنٹ حملہ کیس کے ملزم افضل گرو کو پھانسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-10

پارلیمنٹ حملہ کیس کے ملزم افضل گرو کو پھانسی

پارلیمنٹ حملہ کیس کے ملزم افضل گرو کو آج پھانسی دے دی گئی۔ تہاڑجیل میں آج انتہائی راز داری کے ساتھ 43سالہ گرو کو پھانسی دینے کے بعد جیل کے احاطہ میں ہی تدفین عمل میں آئی۔ تہاڑجیل کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ گرو کو آج صبح پھانسی دے ی گئی اور جیل نمبر 3 کے قریب تدفین عمل میں آئی۔ گرو کا تعلق شمالی کشمیر کے ضلع سوپور سے تھا۔ 2001ء میں پارلیمنٹ پر حملہ کے الزام میں گرو کو خصوصی عدالت کی جانب سے 2002ء میں پھانسی کی سزا سنائی گئی جسے سپریم کورٹ نے 2005ء میں برقرار رکھا۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے درخواست رحم کو اسی ماہ مسترد کر دیا جس کے بعد تیز رفتار کار روائی کرتے ہوئے سزائے موت کو عملی جامہ پہنایا گیا۔ 13دسمبر 2001ء کو پارلیمنٹ پر 5بھاری اسلحہ سے لیس عسکریت پسندوں نے حملہ کیا تھا جس کی سازش میں ملوث ہونے اور حملہ آور عسکریت پسندوں کو پناہ دینے کا گرو پر الزام تھا۔ اس حملہ میں 9افراد بشمول سیکورٹی گارڈس ہلاک ہوئے ۔ مہلوکین میں دہلی پولیس کے 5اہلکار، سی آر پی ایف کی ایک خاتون عہدیدار، پارلیمنٹ واچ اینڈ وارڈ کے اسٹاف کے 2ملازمین اور ایک باغبان شامل تھے ۔ ایک صحافی جو اندھا دھند فائرنگ کی زد میں زخمی ہو گیا تھا بعد میں فوت ہو گیا۔ سکیورٹی فورسس نے تمام 5 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔ حملہ کے چند گھنٹے بعد ہی گرو کو گرفتار کر لیا گیا۔ وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے سزائے موت کی تعمیل کے فوری بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئلے کہاکہ افضل گرو کو صبح 8بجے پھانسی دے دی گئی۔ جیل کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ تقریباً 7:30 بجے گرو کو تختہ دار کی جانب لے جایا گیا۔ ان کا چہرہ پرسکون تھا۔ عہدیدار نے افضل گرو کے آخری لمحات کے بارے میں پی ٹی آئی کو بتایا کہ "وہ بے حد پرسکون اور اطمینان کی حالت میں تھا، اس میں کوئی بے چینی محسوس نہیں کی گئی۔ " گرو نے تہاڑجیل میں 10 سال گزارے اور اسے پتہ تھا کہ کسی بھی وقت اسے سزائے موت دی جاسکتی ہے ۔ سزائے موت کی تعمیل سے قبل ڈاکٹرس نے محمد افضل کا طبی معائنہ کیا اور پھر اسے تعمیل سزا کے لئے لے جایا گیا۔ وہ پورے اطمینان سے چل رہا تھا۔ عہدیدار نے بتایا کہ موت کے بعد افضل گرو کی نماز جنازہ ایک مولوی نے پڑھائی اور جیل کے احاطہ میں ہی تدفین کر دی گئی۔ عہدیدار کے مطابق مذہبی امور کا پورا لحاظ رکھا گیا۔ سوپور میں گروکے افراد خاندان کو اسپیڈ پوسٹ کے ذریعہ حکومت کے فیصلہ سے مطلع کیا گیا اور بتایا گیا کہ ملزم کی درخواست رحم مسترد کر دی گئی ہے ۔

Afzal Guru hanged in secrecy, buried in Tihar Jail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں