دارالسلام حیدرآباد میں مجلس کا جلسہ رحمت للعالمین - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-01-25

دارالسلام حیدرآباد میں مجلس کا جلسہ رحمت للعالمین

حضورا کرمؐ کی حیات طیبہ مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔ آپؐ کی ذات سراپا معجزہ ہے ۔ میلاد پاک نے شرک کی جڑوں کو کاٹ دیا اور توحید کا مضبوط کر دیا ہے ۔ دین اسلام کوعقل کی بنیاد پر سمجھنے سے گمراہی حاصل ہوتی ہے اس لئے دین کو عشق مصطفیؐ کی بنیاد پر سمجھا جائے تو دنیا و آخرت میں کامیابی ملتی ہے ۔ مسلمان میلاد مصطفیؐ کے موقع پر یہ عہد کریں کہ وہ اپنی زندگیوں میں انقلابی تبدیلی لائیں گے ۔ کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے زیر اہتمام دارالسلام میں جشن رحمۃ العالمینؐ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر اسد الدین اویسی‘ علمائ‘ مشائخ نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس جلسہ عام میں فرزندان اسلام کے سروں کا سمندر نظر آ رہا تھا۔ دارالسلام کا وسیع و عریض گراونڈ اپنی تنگ دامنی کا شکورہ کر رہا تھا۔ دارالسلام کے اطراف سڑکیں بھی جام ہو گئی تھیں ۔ شمع محمدیؐ کے پروانوں کے نعروں سے دارالسلام گونج رہا تھا۔ سامعین کی سہولت کیلئے دارالسلام کے اندرو باہر وسیع و عریض اسکرینیں لگائے گئے تھے خصوصی ساؤنڈ سسٹم کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے کہاکہ حضور ا کرمؐ کی بعثت مبارک ایک معجزہ ہے ۔ مسلمان اس دنیا اور آخرت میں کامیابی چاہتے ہیں تو حضور ا کرمؐ سے عشق و محبت اور تعلق کو مضبوط کریں ۔ اﷲ نے آپؐ کو وہ مقام عطا کیا ہے جو کبھی کسی کو نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ دارالسلام کے اس جلسہ سے ایک پیغام لے کر جانا کہ حالات کو ڈٹ کر مقابلہ کرنا اور ظلم کے خلاف آوازاٹھانا ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں میں اتحاد کی ضرورت پر زوردیا اور کہاکہ مسلمان موت سے گھبرانے والا اور دنیا سے محبت کرنے والا نہیں ہوتا۔ پاکستان کے ممتاز عالم دین مولانا مفتی سید مظفر حسین شاہ قادری نے کہاکہ امت مسلمہ میں اتحاد صرف حضورؐ کی محبت کے ذریعہ ممکن ہو سکتی ہے ۔ محبت رسولؐ ایک ایسا واحد ذریعہ ہے جو امت مسلمہ کو تسبیح کے ایک دنوں میں پروسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سرزمین حیدرآباد کو وہ دو واسطوں سے جانتے ہیں ایک امام انور اﷲ فاروقیؒ اور دوسرے احادیث کے مطبوعہ کتب س۔ انہوں نے کہاکہ حضرت انور اﷲ فاروقیؒ مقاصد الاسلام اور انوار احمدی جیسی معرکۃ الآراء کتابیں لکھیں ہیں ۔ انہوں نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اسلام کی جانب سے قائم کردہ مسلمانوں کے مرکز اور اس کی مرکزیت کو سمجھیں اور اس کی قدر کو جانیں ۔ مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے کہاکہ جو قرآن مجید کو مانے گا وہی ہدایت اور رحمت کا حصہ حاصل کر سکے گا۔ دین اسلام کو عقل کی بنیاد پر سمجھنے سے گمراہی حاصل ہوتی ہے ۔ دین کو اگر عشق مصطفیؐ کی بنیاد پر سمجھا جائے تو آسانی سے دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل ہوتی ہے ۔

Mailad un nabi jalsa at darussalam hyderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں