مجلس ہندوؤں کی نہیں ، سنگھ پریوار کی مخالف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-01-25

مجلس ہندوؤں کی نہیں ، سنگھ پریوار کی مخالف

صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے یہ بات واضح کی کہ مجلس اتحادالملسمین نہ تو ہندوؤں کے خلاف ہے اور نہ ہندو مذہب کے ۔ مجلس ہندتوا‘ آر ایس ایس‘ بی جے پی‘وشوا ہندو پریشد اور دیگر فرقہ پرستوں کے خلاف ہے ۔ آج شب مجلس کے ہیڈ کوارٹر دارالسلام پر دوروزہ جشن رحمت العالمینؐ کے پہلے دن ایک عظیم الشان جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملک کی موجودہ سیاست‘ مجلس کے موقف اور مجلسی قائدین کے خلاف حکومت کی انتقامی کار روائی کا عوام کے سامنے خلاصہ کیا۔ صدر مجلس کی آج شام ہی سنگاریڈی جیل سے ضمانت پر رہائی عمل میں آئی جس کے بعد زائد 2گھنٹے کے خطاب میں جو صبح 3:30 بجے تک جاری رہا انہوں نے واضح پیام دیا کہ مجلس کسی سے ڈرنے گھبرانے والی نہیں ہے ۔ انہوں نے مجلس کے قائدمقننہ جناب اکبر الدین اویسی کی گرفتاری اور ان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت الزامات کو سیاسی انتقام سے تعبیر کیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی پارٹی کے ایک اور قائد سید احمد پاشاہ قادری نے مہاتما گاندھی کی کوئی اہانت نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مجلس مہاتما گاندھی کی عزت کرتی ہے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر‘ نیتا جی سبھاش چندر بوس‘ چندرشیکھر آزاد‘ بھگت سنگھ اور ریشمی رومال تحریک سے وابستہ مجاہدین مہاتما گاندھی سے بڑے ہیں ۔ انہوں نے دلت‘ پچھڑے طبقات و اقلیتوں کے ایک مشترکہ سیاسی پلیٹ فارم کی تجویز پیش کی اور کہاکہ آندھراپردیش میں وہ ان طبقات کے ساتھ کام کرنے کی امید کرتے ہیں اور ایک دن آئے گا کہ ان کا یہ خواب سچ ثابت ہو گا۔

Majlis is not against hindus but sangh pariwar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں