ہند اور انڈونیشیا دہشت گردی سے مل کر لڑیں گے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-12-13

ہند اور انڈونیشیا دہشت گردی سے مل کر لڑیں گے

12/دسمبر
ہند۔ انڈونیشیا دہشت گردی سے مل کر لڑیں گے
دونوں ممالک جمہوریت ، تکثیریت اور سماجی ہم آہنگی کے حامی: مودی
نئی دہلی
یو این آئی
ہندوستان اور انڈونیشیا نے دہشت گردی ، انسانی اسمگلنگ اور منظم جرائم کے خلاف متحدہ مہم چلانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ انڈونیشیا کے صدرجوکووڈوڈو کے ساتھ آج یہاں دو طرفہ مذاکرات کے بعد میڈیا کے سامنے بیان میں وزیر اعظم نریندرمودی نے انڈونیشیا کو، ایکٹ ایسٹ پالیسی کے تحت ہندوستان کا ایک اہم حصہ دار بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں مماک کے مشترکہ اقتصادی اور اسٹریٹجک مفادات ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انڈونیشیا اور ہندوستان میں کافی مماثلت ہیں۔ دونوں ممالک جمہوریت ، تکثیریت اور سماجی ہم آہنگی کے حامی ہیں۔ ایسے میں دونوں مماک نے اسٹریٹیجک سیکوریٹی کے ساتھ ہی دہشت گردی منظم جرائم اور انسانی اسمگلنگ کے خلا ف متحدہ جنگ کا عہد کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسٹر وڈوڈو کے ساتھ آج بات چیت بنیادی طور پر دفاع اور سیکوریٹی کے شعبوں میں تعاون پر مرکوز رہی۔ سمندری علاقے سے منسلک ملک ہونے کے ناطے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سمندری راستوں کی حفاظت کے ساتھ ہی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ماحولیاتی تحفظ کے مسئلے پر بھی وسیع تعاون کرنے سے اتفاق کیا گیا۔ مسٹر مودی نے کہا کہ سمندری سیکوریٹی کے ساتھ ہی دونوں ملکوں نے دہشت گردی ، منظم جرائم ، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف جنگ میں بھی تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔ مسٹر وڈوڈو نے انڈونیشیا میں آئی ٹی ، سافت ویئر ، فارما سیکوٹیکلز اور مہارت کی ترقی کے میدان میں ہندوستانی کمپنیوں کو اپنے یہاں کاروبار کے لئے مدعو کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ دونوں مماک کے درمیان بنیادی تعمیراتی شعبہ میں ایک دوسرے کے یہاں سرمایہ کاری کرنے پر بھی رضا مندی ظاہر کی گئی ہے اس کے ساتھ ہی باہمی تجارت کو آسان بنانے کے لئے خدمات اور سرمایہ کاری کے میدان میں نہ آسیان آزاد تجارت کے معاہدہ کو جلد لاگو کرنے اور خلا کے میدان میں تعاون کوبڑھانے کی کوشش پر بھی زور دیا گیا۔ وزیر اعظم کے مطابق دو طرفہ تعاون کے ایجنڈہ کو آئندہ بھی اسی رفتار سے جاری رکھنے کے لئے وزارتی سطح پر جلد مذاکرات پر رضا مندی ظاہر کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مماک کے درمیان ثقافتی تعلقات کی طویل تاریخ کو دیکھتے ہوئے اس علاقہ میں تحقیق کے کاموں کی حوصلہ افزائی کرنے کی بات ہوئی۔ اس ترتیب میں ایک دوسرے کے یہاں ہندوستان اور انڈونیشیا مطالعاتی مجالس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مودی نے ہندوستان کا دورہ کرنے پر مسٹر وڈوڈو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ان کا یہ سفر دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو نئی بلندیاں عطا کرے گا۔
India, Indonesia resolve to fight terror

صحافیوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے کا معاملہ
مودی کی ڈیجیٹل انڈیا کی مہم بے نقاب: ممتا
کولکاتا
یو این آئی
مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے ملک کے مشہور صحافی برکھا دت اور رویش کمار کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ہیک ہونے پر وزیر اعم مودی کے ڈیجیٹل انڈیا کی مہم پر سوال کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھمکی اور آواز کو خاموش کرنے کی کوشش کا حصہ ہے اور اس کے ساتھ ڈیجیٹل انڈیا کی کامیابی پر سوالیہ نشان ہے۔ ممتا بنرجی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے اکاؤنٹ اور بینک تفصیلات کا ہیک ہونا عوام کے حق میں نہیں ہے بلکہ ذاتی آزادی پر حملہ ہے بلکہ انتقام اور آواز کو خاموش کرنے کی کوشش ہے ۔ حالیہ دنوں میں مشہور صحافی رویش کمار، برکھادت کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ہیک ہونے کے ساتھ ساتھ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی اور ملک سے فرار صنعت کار وجئے مالیا کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا ۔ ممتا بنرجی نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ رویش کمار اور برکھادت کا اکاؤنٹ ہیک کرنے کے بعد ہیکروں کے ذریعہ ان کے اکاؤنٹ کی تفصیلات کو عام کردیاجانا ’’مودی بابو کے ڈیجیٹل انڈیا‘‘ کی مہم کو بے نقاب کرتا ہے ۔

چیف جسٹس کی رٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کی سفارش
پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی کی سفارش
نئی دہلی
یو این آئی
پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹوں کے چیف جسٹس کی رٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے اور ان کی مدت کار کی کم از کم میعاد کو یقینی بنانے کی سفارش کی ہے۔ سپریم کورٹ اور مختلف ہائی کورٹوں میں ججوں کی تقرریوں میں ہورہی تاخیر پر قانون و انصاف کی وزارت سے منسلک پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی نے پارلیمنٹ میں گزشتہ دنوں پیش اپنی رپورٹ میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے ججوں کی رٹائرمنٹ کی عمر کی حد بڑھانے کی سفارش کی ہے ۔راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر آنند شرما کی صدارت والی31رکنی کمیٹی کا کہنا ہے کہ آئین ساز اسمبلی نے سپریم کورٹ کے ججوں کی رٹائرمنٹ کی عمر65سا مقرر کی تھی، جب کہ ہائی کورٹوں میں عمر کی حد60سال رکھی گئی تھی ۔ وقت گزرنے کے ساتھ آئین کی پندرہویں ترمیم(1963) کے ذریعے ہائی کورٹوں کے ججوں کی رٹائر منٹ کی عمر ساٹھ سال سے بڑھا کر باسٹھ سا ل تو کردی گئی، لیکن سپریم کورٹ میں ابھی تک کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ملک کے سماجی اور اقتصادی ڈھانچے میں تبدیلی ہونے اور طبی سہولتیں بڑھنے کی وجہ سے لوگوں کی اوسط عمر میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس کے باوجود سپریم کورٹ کے ججوں کی رٹائرمنٹ کی عمر نہیں بڑھائی جاسکی ہے۔ ہائی کورٹوں کے ججوں کی رٹائرمنٹ کی عمر بھی صرف دو سا ہی بڑھائی گئی ہے۔ کمیٹی نے یہ بھی سفارش کی ہے کہ محکمہ انصاف کو ایسے اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹوں کے چیف جسٹس کی ایک مقررہ مدت کار ہو۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں