حاجی علی درگاہ میں اب خواتین بھی داخل ہو سکیں گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-25

حاجی علی درگاہ میں اب خواتین بھی داخل ہو سکیں گی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ممبئی کی تاریخی حاجی علی درگاہ کے اندرونی احاطہ میں مردوں کی طرح اب خواتین کو بھی رسائی حاصل ہوگی۔ درگاہ ٹرسٹ نے سپریم کورٹ میں آج یہ بات کہی۔ عدالت عظمیٰ نے اس مسئلہ پر بمبئی ہائیکورٹ کے احکام کی تعمیل کے لئے درکار انفراسٹرکچر اور دیگر تبدیلیوں کے سلسلہ میں ٹرسٹ کو چار ہفتے کی مہلت دی ۔ ٹرسٹ کے وکیل نے چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر کی قیادت میں ایک بنچ سے کہا کہ حاجی علی درگاہ ٹرسٹ مرد حضرات اور خواتین کے درمیان مکمل مساوات پر حقیقی معنوں میں یقین رکھتا ہے ۔ بنچ نے ہائی کورٹ کے احکام پر جوں کی توں عمل آوری کی ہدایت دیتے ہوئے درگاہ ٹرسٹ کی اپیل کو یہ کہتے ہوئے خارج کردیا کہ آپ ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق خواتین کو بھی اسی طرح کی رسائی دیتے ہیں تو پھر ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ درگاہ ٹرسٹ کی پیروی کرتے ہوئے سینئر وکیل گوپال سبرامنیم نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک اضافی حلف نامہ داخل کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ ٹرسٹ خواتین کو درگاہ کے اندرونی احاطہ میں داخل ہونے کی اجازت دینا چاہتا ہے تاہم سبرامنیم نے بعض تعمیری اور منطقی تبدیلیوں خے لئے دو ہفتوں کی مہلت طلب کی جس پر بنچ نے کہا کہ ہم آپ کو چار ہفتوں کی مہلت دیں گے ۔ سینئر وکیل نے ایک اضافی حلف نامہ اور11اکتوبر کو ٹرسٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ کابھی حوالہ دیا جس میں کہا گیا کہ وہ جنوبی ممبئی میں حاجی درگاہ کے اندرونی احاطہ میں خواتین کے داخلے کے مخالف نہیں ہیں ۔ ہائی کورٹ نے26اگست کے اپنے فیصلہ میں درگاہ کے اصل مقام تک خواتین کے داخلہ پر ٹرسٹ کے امتناع کو دستور کی دفعات15,14اور25کے مغائر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین کو بھی مردوں کی طرح درگاہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جانی چاہئے۔ ٹرسٹ نے ہائیکورٹ کے اس حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں