وجئے مالیا کا پاسپورٹ معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-16

وجئے مالیا کا پاسپورٹ معطل

نئی دہلی
آئی اے این ایس
حکومت نے جمعہ کے دن شراب کے بہت بڑے تاجر وجئے مالیا کا ڈپلو میٹک پاسپورٹ معطل کردیا جنہیں نو ہزار کروڑ روپے کے قرض میں بے قاعدگیوں کے الزامات کی انفورسٹمنٹ ڈائرکتوریٹ (ای ڈی) تحقیقات کا سامنا ہے ۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ مالیا کا ڈپلومیٹک پاسپورٹ فی الحال برطانیہ میں ہیں، فوری اثر کے ساتھ چار ہفتوں کے لئے معطل کردیا گیا ہے ۔ وزارت نے یہ بھی کہا کہ اگر مالیا نے نوٹس کا جواب اندرون ایک ہفتہ نہیں دیا تو ان کا پاسپورٹ ضبط کرلیاجائے گا ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ انفورسٹمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے کہنے پر وزارت خارجہ کی پاسپورٹ جاری کرنے والی اتھاریٹی نے آج وجئے مالیا کے ڈپلو میٹک پاسپورٹ کو فوری اثر کے ساتھ معطل کردیا ۔ پاسپورٹ ایکٹ1967کی دفعہ10Aکے تحت پاسپورٹ معطل کرتے ہوئے وزارت نے مالیا سے اندرون ایک ہفتہ جواب مانگا ہے کہ ان کا پاسپورٹ ، پاسپورٹ ایکٹ کی دفعہ10(3)(C)کے تحت کیوں نہ ضبط کرلیاجائے ۔ بیان میں آگے کہا گیا کہ مالیا نے مقررہ مدت میں جواب نہیں دیا تو سمجھ لیاجائے گا کہ ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہے او ر وزارت خارجہ ان کا پاسپورٹ منسوخ کردے گی۔
پی ٹی آئی
بی جے پی نے آج کہا کہ وجئے مالیا کے سفارتی پاسپورٹ کے معطلی سے حکومت کے اس عزم کا اظہار ہوتا ہے کہ وہ9400کروڑ روپے کے قرضون کی عدم واپسی کے خلاف سخت ترین کارروائی کرے گی۔ پارٹی کے قومی سکریٹری نے یہاں بتایا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت مالیا کو ہندوستان واپسی پر مجبور کرنے کے لئے تمام قانونی اقدامات کرے گی تاکہ وہ قانون کا سامنا کرسکے ۔ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کام کررہی ہے کہ وہ مختلف بینکوں سے لئے گئے تمام قرضے ادا کریں۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی سفارش پر وزارت امور خارجہ نے ان کا پاسپورٹ معطل کردیا ہے ۔کانگریس نے آج کہا کہ حکومت نے صنعتکار و جئے مالیا کو ملک سے باہر جانے کی اجازت ہی کیوں دی ۔ پارٹی ترجمان منیش تیواری نے کہا کہ مالیا کا کیس اتنا ہی حساس تھا تو حکومت نے انہیں فرار ہونے کی اجازت ہی کیوں دی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے للت مودی کا تنازعہ بھی اٹھایا ۔ اور تعجب ظاہر کیا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج نے سابق آئی پی ایل سربراہ کے سفری دستاویزات کو حاصل کرنے کو یقینی کیوں بنایا حالانکہ انہیں ہندوستان میں مفرور قرار دیا گیا ہے۔ اس سے اس حکومت کے دوہرے معیارات کا پتہ چلتا ہے ۔

Vijay Mallya's Diplomatic Passport Suspended For 4 Weeks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں