ہندوستان کے فوجی اڈوں پرا مریکی فورسس کی تعیناتی کی اجازت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-13

ہندوستان کے فوجی اڈوں پرا مریکی فورسس کی تعیناتی کی اجازت

نئی دہلی
یو این آئی
ہندوستان اور امریکہ نے آج اعلان کیا کہ وہ دفاعی تبادلہ یادداشت مفاہمت پر دستخط کے لئے اصولی طور پر تیار ہوگئے ہیں ۔ اس کے نتیجہ میں امریکی افواج کو بعض حالات کے تحت ہندوستانی فوجی اڈہ پر تعینات کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر اور ان کے امریکی ہم منصب ایشٹن کارٹر نے دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد وزارت دفاع کے وارروم میں منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا ۔ پاریکر نے کہا کہ ہمیں اس طرح کے تبادلوں کے لئے عملی میکانزم فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس تناظر میں وزیر دفاع کارٹر اور میں نے دفاعی تبادلہ یادداشت مفاہمت پر آنے والے مہینوں میں دستخط کرنے سے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے ۔ وزیر دفاع امریکہ نے کہا کہ یہ معاہدہ کسی بھی فریق کو کوئی مخصوص اقدام کے لئے پابند نہیں بناتا۔ امریکہ طویل عرصہ سے اس طرح کے معاہدہ کی ضرورت کے بارے میں ہندوستان کو قائل کرنے کی کوشش کرتا آرہا تھا ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں ممالک نے اس طرح کا معاہدہ طے کرنے اور رضا مندی کا اعلان کیا ہے ۔ ہندوستان ماضی میں اس اندیشہ کے تحت معاہدہ کی مخالفت کرتا رہا تھا کہ اس طرح کا معاہدہ اسے امریکہ کے ساتھ فوجی اتحاد میں شامل کرسکتا ہے ۔ دفاعی برادری نے بھی دفاعی تعاون معاہدہ کی اس بنیاد پر مخالفت کی تھی کہ اس یک رخی معاہدہ کے نتیجہ میں تمام تر فائدہ دوسرے فریق( امریکہ) کو ہوگا۔ پریس کانفرنس کے دوران پاریکر اور کارٹر نے یہ واضح کرنے کی کوشش کی کہ معاہدہ جب بھی روبہ عمل ہوگا کسی بھی فریق کی خود مختاری پر اثر انداز نہیں ہوگا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں