ابن سعید - خاکہ از ابن صفی

The literary sketch of Ibn-e-Sayeed (Syed Mujawar Hussain Rizvi), by: Ibn-e-Safi
ibne-sayeed-by-ibne-safi

پروفیسر سید مجاور حسین رضوی (پیدائش: 5/اکتوبر 1932ء - وفات: 30/اکتوبر 2026ء) کا آبائی تعلق سید واڑہ ،مچھلی شہر (جونپور، اترپردیش) سے تھا۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کے بعد الہ آباد یونیورسٹی سے گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کیا، دوران تعلیم انہوں نے تین گولڈ میڈل اور ایک سلور میڈل حاصل کیا ۔ "اردو شاعری میں قومی یکجہتی کے عناصر" کے عنوان پر پروفیسر احتشام حسین کی زیر نگرانی پی ایچ ڈی مکمل کی۔ اعلیٰ تعلیم کے بعد تدریس کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا اور علم و ادب کی دنیا میں اپنی منفرد شناخت قائم کی۔ پروفیسر مجاور حسین رضوی کی زندگی کا ایک طویل اور سنہری حصہ الہ آباد یونیورسٹی کے شعبہ اردو سے وابستہ رہا، جہاں انہوں نے طلبہ کی کئی نسلوں کی علمی آبیاری کی۔ بعد ازاں، وہ حیدرآباد سینٹرل یونیورسٹی میں شعبہ اردو کے صدر کے عہدے پر فائز رہے اور وہاں بھی تحقیقی و تدریسی معیار کو نئی بلندیوں سے روشناس کرایا۔ سبکدوشی کے بعد بھی ریسرچ اسکالرس کی رہنمائی کرتے رہے۔ ادبی دنیا میں وہ اپنے قلمی نام "ابن سعید" سے بھی بے پناہ مقبول ہوئے۔ جب عباس حسینی نے "نکہت پبلی کیشنز" کا آغاز کیا تھا تب ابن صفی نے شعبہ شاعری اور ابن سعید نے شعبہ نثر کو سنبھالا تھا۔ انہوں نے نکہت پبلی کیشنز کے لیے بڑی تعداد میں رومانی، طلسماتی اور جاسوسی کہانیاں لکھیں۔ کہا جاتا ہے کہ ایک ہزار سے زائد تعداد میں انہوں نے کہانیاں اور ناول تخلیق کیے۔
جواں سال صحافی سہیل اختر قاسمی، انڈیپنڈنٹ اردو میں شائع شدہ اپنی تفصیلی رپورٹ میں لکھتے ہیں کہ۔۔۔ مجاور حسین آج بھی اپنے عہد کی کہانیاں بڑی دلچسپی سے سناتے ہیں۔ وہ اپنے ماضی کو "یادِ ماضی عذاب ہے" سے تعبیر کرتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ:
"میں نے حالات کی مجبوری کی وجہ سے کچھ ایسی کتابیں لکھی ہیں جنہیں میں باعثِ فخر نہیں سمجھتا۔ بے تحاشہ لکھتا رہا ہوں۔ ایسی کتابوں کی تعداد اردو اور ہندی میں ملا کر 1065 ہے۔ لیکن جو کتابیں میں اپنے لیے باعثِ افتخار سمجھتا ہوں، وہ میرا تحقیقی مقالہ ہے، 'اردو شاعری میں قومی یکجہتی کے عناصر' اور میرے مذہبی مضامین کا مجموعہ۔"
ابن سعید کے قلمی نام سے تحریرکردہ ایک ناول "پھول اور انگارے" کے ابتدائی صفحات میں ابن سعید پر لکھا گیا ابن صفی کا ایک خاکہ شامل ہے، جسے ذیل میں نقل کیا جا رہا ہے۔

ابن سعید
‏خاکہ از: ابن صفی بی۔ اے
ماخوذ: ناول "پھول اور انگارے" (مصنف: ابن سعید)

‏میرا خیال ہے کہ شاید ہی کسی کو اپنا نام اچھا لگتا ہو۔۔۔ یا پھر ہو سکتا ہے اس دشواری میں صرف ہم دونوں مبتلا ہوں۔۔۔! میرا نام اسرار احمد ہے لیکن اس نام کا جو تصور خود میرے ذہن سے وابستہ رہا ہے وہ عجیب بھی ہے اور مضحکہ خیز بھی۔۔۔ بس ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ایک اداس مولی پتوں سمیت خلا میں جھول رہی ہو۔۔۔
اس لیے میں تو ہو گیا "ابن صفی"۔۔۔ لیکن ابن سعید؟۔۔۔

پتا نہیں وہ اسے پسند کرے یا نہ کرے کہ اس کا اصل نام آپ کے علم میں لایا جائے۔۔۔ لہذا میں احتیاط برتوں گا!۔۔۔ خیر آپ بضد ہی ہیں تو صرف اتنا کہہ کر پیچھا چھڑانے کی کوشش کروں گا کہ اگر اُس کے نام پر آپ کی آنکھوں میں بیک وقت کفن کافور اور قبر کا نقشہ نہ پھر جائے تو میرا ذمہ!۔۔۔ ہو سکتا ہے کہ خود اُس کے ذہن میں بھی اپنے نام سے متعلق کچھ اسی قسم کا تصور موجود ہو۔۔۔ بہرحال اب وہ ابن سعید ہے!
‏اکثر ناموں کا شخصیت پر بھی اثر پڑتا ہے۔۔۔ یہ میں ذاتی تجربے کی بنا پر کہہ رہا ہوں۔ اب دیکھیے نا، میرا نام اسرار ہے اور میں پراسرار کہانیاں لکھتا ہوں۔۔۔
لیکن خدانخواستہ ابن سعید "کفن گھسوٹ" نہیں ہے۔ اُس کا نام اس کی شخصیت پر ذرہ برابر بھی اثرانداز نہیں ہوا۔ حتیٰ کہ قلمی نام بھی اس سے عاری نظر آتا ہے۔۔۔
‏اس کی تصویر دیکھ رہے ہیں نا آپ۔۔۔ ابن سعید تو ہو سکتا ہے لیکن صورت سے بالکل بھی سعید نہیں معلوم ہوتا!۔۔۔ آنکھوں پر غور کیجیے! ایسا لگتا ہے جیسے منتظر ہوں کسی ایسے آدمی کی جس کی دھجیاں بکھیری جا سکیں۔۔۔
‏بڑا ذکی الحس اور بےحد ذہین آدمی ہے۔۔۔ کبھی کبھی موڈی ہو جاتا ہے۔ عینک نہ لگائے ہو تو کرکٹ کا کھلاڑی معلوم ہوگا۔۔۔ عینک سے چہرے پر سنجیدگی آ جاتی ہے! ہنسی کی بات ہو تو بچوں کی طرح دل کھول کر ہنسے گا! خود کو لیے دئے رہنے کی ایکٹنگ نہیں کر سکتا!۔۔۔ میں نے اُس پر کسی قسم کا غلاف کبھی نہیں دیکھا! اکثر جلنے والے اُس کی کھری باتوں پر دل برداشتہ بھی ہوتے ہیں۔۔۔ طالب علمی کے زمانے میں کبھی کبھی بلند آواز میں گایا کرتا تھا۔۔۔
‏طبل و علم ہی پاس ہیں اپنے نہ ملک و مال
‏ہم سے خلاف ہو کے کرے گا زمانہ کیا

‏کھرا آدمی مخلص بھی ہوتا ہے۔۔۔ ابن سعید بھی اِس صفت سے مبرا نہیں ہے۔ اگر آپ اُس کے دوست ہیں اور اِس فکر میں ہیں کہ اُس کے خلوص کو کس طرح آزمائیں تو کچھ دنوں کے لیے بیمار پڑ جائیے۔ ایسی مامتا پھٹ پڑے گی اُس کے رویوں میں جیسے کسی مالدار بیوہ کا واحد چشم و چراغ بسترِ مرگ پر جا لیٹا ہو۔۔۔
"دامے درمے قدمے سخنے" ہر طرح "حاضر" نظر آئے گا۔
‏کسی بھی مسئلے پر بحث میں اُس سے جیت جانا بڑا مشکل کام ہے۔۔۔ بلکہ بعض اوقات تو اَمر ناممکن بھی بن سکتا ہے۔۔۔ طالب علمی کے زمانے میں ایک بار وہ ایک بڑے بیرسٹر کے آدمی سے الجھ گیا تھا!۔۔۔ میں نے دیکھا ہے اُن حضرت کو بے بسی سے ہاتھ پاؤں مارتے۔۔۔! اگر آپ کو یقین نہ آیا ہو تو خود ہی آزما لیجیے۔۔۔ کسی موضوع پر اچھی طرح تیاری کرکے اُس سے ملنے دورانِ گفتگو میں موقع نکال کر چھیڑ دیجیے بحث۔۔۔! آپ کو میرے بیان کی صداقت کا بخوبی اندازہ ہو جائے گا!

اچھا اب کہیے تو اُس سے بحث میں کامیاب ہونے کا گُر بھی بتا دوں گا۔ بحث کرتے وقت اُس کی صورت کبھی نہ دیکھیے! چہرے سے نظر ہٹائے رکھیے! اگر آپ بحث میں کامیاب نہ ہو جائیں تو میرا ذمہ۔۔۔
‏بحث کرتے وقت وہ عموماً اپنا دماغ ٹھنڈا رکھتا ہے۔ اُس کے ہونٹوں پر مسکراہٹ ہوتی ہے۔۔۔ حقارت آمیز مسکراہٹ اور آنکھیں حریف سے یہی کہتی معلوم ہوتی ہیں: "جاؤ میاں، ابھی لونڈے ہو۔۔۔! کچھ دن اور پڑھو!"
‏اُس کا یہ حربہ اتنا خطرناک ہے کہ مقابل کو اچانک جھلاہٹ میں مبتلا کر دیتا ہے۔۔۔ بس تاؤ آیا آپ کو اور بحث کے سارے داؤں پیچ ذہن سے غائب۔۔۔ اب آپ بیٹھے ہکلایا کیجیے۔۔۔! وہ ایک طویل قہقہہ لگائے گا۔۔۔ اور آپ سوچتے ہی رہ جائیں گے کہ اپنا سر کہاں دے ماریں۔۔۔
‏طالب علمی کے زمانے میں ہم دونوں چھیڑ چھاڑ کر ایک دوسرے کو بحث کے لیے للکارا کرتے تھے۔۔۔ اور ہر بحث کا اختتام دو ڈھائی گھنٹے کی شکر رنجی پر منحصر ہوتا تھا۔۔۔
‏اس کے بعد یا تو وہ مجھے چائے پلاتا تھا یا پھر مجھے ہی اپنی جیبیں ٹٹولنی پڑتی تھیں۔ میں نے اُسے سات سال سے نہیں دیکھا۔۔۔ اُس میں بہتیری تبدیلیاں آ گئی ہوں گی اس دوران میں۔۔۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ اُس کا کھلنڈراپن آج بھی شباب پر ہوگا۔۔۔ وہ آج بھی دل کھول کر قہقہے لگاتا ہوگا۔ آج بھی دوسروں سے اُس کی چھیڑ چھاڑ جاری رہتی ہوگی۔

‏ابن سعید ایسے ہی لوگوں میں سے ہے جو زندگی کے کسی بھی اسٹیج پر ہار نہیں سکے!
‏بعض اوقات موچ میں آ کر بڑے مزے کی باتیں کرتا ہے۔ ایسے جملے زبان سے ڈھلتے ہیں کہ ذہن پر حرف بحرف نقش ہو کر رہ جائیں۔ طالب علمی ہی کے زمانے کا ذکر ہے۔۔۔ ایک بار ہم دونوں بیٹھے "پنک" رہے تھے۔۔۔ یک بیک سر اٹھا کر بولا۔۔۔
‏"یار سنو۔۔۔! اب تک دنیا میں دو عظیم عورتیں گزری ہیں ایک میری ماں جس نے مجھے پیدا کیا تھا اور دوسری قلوپطرہ جس کے دوبارہ پیدا ہونے کی آرزو میں اپنے ساتھ قبر تک لے جاؤں گا۔"
‏سنا آپ نے!۔۔۔ شیکسپیئر کا کلیجہ بھی شق ہو جاتا ایسا کوئی جملہ اگلتے وقت۔۔۔! یہ اس کا ایک مخصوص موڈ ہوتا ہے۔۔۔ مجھے افسوس ہے کہ اُس نے اپنے اسی موڈ میں کبھی کوئی کہانی نہیں شروع کی۔۔۔ ورنہ شاہکار ہوتی۔۔۔ ‏قصہ دراصل یہ ہے کہ وہ بھی میری ہی طرح "پبلک ٹیسٹ" کے لیے "اپنا پن" فنا کر کے لکھتا ہے۔۔۔
‏یہ لکھنے لکھانے کی بات کہاں سے نکل آئی۔۔۔ میں تو ابن سعید کے بارے میں آپ کو کچھ بتا رہا تھا!۔۔۔ ہاں تو یہ تھا ابن سعید!
‏ابھی تک میں نے اُس کی اچھائیاں گنوائی ہیں!۔۔۔ اب سنیے۔۔۔ اور محتاط رہیے کہ وہ آپ کی طرف سے کوئی خلش دل میں نہ لے بیٹھے۔۔۔! ایسے حالات میں وہ انتہائی خطرناک ثابت ہوا ہے۔۔۔ انتقام ضرور لیتا ہے۔۔۔ بخشنا نہیں جانتا! یہ اور بات ہے کہ آپ اپنی شکست کی داستان اُسے ہی سنا رہے ہوں اور وہ غمزدہ صورت بنائے افسوس ظاہر کر رہا ہو۔۔۔! اگر آپ منہ کے بل گر پڑے ہیں تو یقین رکھیے کسی مرحلے پر اُسی کی ٹانگ اِس صفائی سے چلی ہوگی کہ آپ کے فرشتوں کو بھی علم نہ ہو سکا ہوگا!۔۔۔

‏ایک بار پھر عرض ہے کہ یہ سات سال پہلے کی باتیں ہیں!۔۔۔ ہو سکتا ہے کہ اب وہ "فرشتہ" بن گیا ہو۔۔۔ ورنہ سات سال پہلے تو ہم دونوں کا متفقہ فیصلہ تھا کہ آدمی کو آدمی ہی رہنا چاہیے۔ فرشتہ بننے کی کوشش اُسے عموماً تاریکیوں کی طرف لے جاتی ہے۔۔۔ ہاں تو سات سال پہلے وہ آدمی ہی تھا۔۔۔ یعنی خیر و شر کا مجموعہ۔۔۔ محبت بھی کرتا تھا اور نفرت بھی۔۔۔ صلح جو بھی تھا اور جھگڑالو بھی۔۔۔ مختصراً نگینہ بھی اور کمینہ بھی۔۔۔ خدا کرے وہ اب بھی آدمی ہی ہو۔۔۔

Keywords: Ibn-e-Sayeed, khaaka, literary sketch, caricature, Ibn-e-Safi
***
بشکریہ: ناول "پھول اور انگارے" (ابن سعید)
The literary sketch of Ibn-e-Sayeed (Syed Mujawar Hussain Rizvi), by: Ibn-e-Safi