گوری لنکیش قتل کیس - ایس آئی ٹی تحقیقات کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-09-08

گوری لنکیش قتل کیس - ایس آئی ٹی تحقیقات کا آغاز

گوری لنکیش قتل کیس، ایس آئی ٹی تحقیقات کا آغاز
ملزمین کے متعلق چند اہم سراغ ملنے پولیس کا دعویٰ ۔ واقعہ کو سیاسی رنگ نہ دینے ارکان خاندان کی اپیل
بنگلورو
یو این آئی
صحافی گوری لنکیش کے بہیمانہ قتل کی جانچ کے لئے انسپکٹر جنرل اف پولیس کی قیادت میں تشکیل شدہ ٹیم نے کل شام گوری لنکیش کے گھر کے پاس سے برآمد سی سی ٹی وی مناظر کا جائزہ لینے کے بعد اس معاملہ کی جانچ میں چند اہم سراغ برآمد کئے ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ گوری لنکیش پر قاتلانہ حملہ نکسلی عناصر نے کیا ہے یا پھر دائیں نظریات رکھنے والی ہندو تنظیموں کے کارندوں کی طرف سے یہ قتل کیا گیا ہے ، تاہم پولیس نے تمام زاویوں سے جانچ شروع کردی ہے اور بتایاجاتا ہے کہ قاتلوں کے بارے میں پولیس کو کچھ اہم سراغ کا پتہ چلا ہے ۔ گوری لنکیش کے قتل کے بعد وزیر اعلیٰ سدارامیا نے وزیر داخلہ رام لنگا ریڈی، ڈی جی پی آر کے دتہ، سٹی کمشنر پولیس سنیل کمار اور دیگر اعلیٰ افسران کا ایک اہم اجلاس طلب کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت نے اس معاملہ کو کافی سنجیدگی سے لیا ہے، کسی بھی حال میں گوری لنکیش کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کیاجائے۔ معاملہ کی جانچ سی بی آئی کے سپرد کرنے گوری لنکیش کے بھائی اندر جیت لنکیش اور بعض بی جے پی لیڈروں کے مطالبہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ ریاستی حکومت بھی یہ معاملہ سی بی آئی سے جانچ کرانے کے لئے آمادہ ہے جیسے ہی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی ابتدائی جانچ مکمل ہوگی ریاستی حکومت اگلی کارروائی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کلبرگی کی طرح حملہ آوروں نے گوری لنکیش کو اسی انداز میں گولی ماری ہے چونکہ دونوں معاملات میں یکسانیت بہت زیادہ نظر آتی ہے ، پولیس کو حکم دیا گیا ہے کہ اس زاویہ سے بھی جانچ کی جائے کہ اس معاملہ میں کہیں ہندو بنیاد پرستوں کا ہاتھ تو نہیں۔ وزیر اعظم نے ایم ایم کلبرگی کے قاتلوں کو دو سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی گرفتار نہ کئے جانے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ میں مزید تاخیر نہیں کی جائے گی اور حملہ آوروں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا انہیں پورا یقین ہے ۔ اسی طرح گوری لنکیش کے قاتلوں کو بھی تیزی سے کارروائی کرکے گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کی جاچکی ہے ۔ اس دوران پولیس حکام نے دعوی کیا کہ اس نے گوری لنکیش کے قتل کے معاملہ میں چند اہم سراغ برآمد کرلئے ہیں ۔ پانچ سو سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے مناظر حاصل کرنے کے بعد جانچ کو غیر معمولی تیز رفتار سے آگے بڑھایا گیا ہے ۔ گوری لنکیش کے دفتر سے نکلنے سے لے کر گھر تک راستے میں جتنے بھی سی سی ٹی وی کیمرے ہیں ان تمام کے مناظر پولیس نے حاصل کرلئے ہیں ۔ گوری لنکیش پر جب گولی چلائی گئی تو اس وقت ان کے گھر کی سڑک پر گزرنے والی تمام گاڑیوں کے نمبرس بھی پولیس نے حاصل کرلئے ہیں چونکہ حملہ آور نقاب پوش تھا، پولیس ماہرین کی مدد سے اس کا چہرہ بنانے کی کوشش کررہی ہے ۔

Gauri Lankesh murdered: SIT begins investigation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں