امریکہ کے مشیر قومی سلامتی کی وزیر اعظم مودی سے ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-04-19

امریکہ کے مشیر قومی سلامتی کی وزیر اعظم مودی سے ملاقات

18/اپریل
امریکہ کے مشیر قومی سلامتی کی وزیر اعظم سے ملاقات
انسداد دہشت گردی تعاون، علاقائی سلامتی اور دو طرفہ تعلقات پر اہم بات چیت۔ میک ماسٹر کی اجیت ڈوول سے بھی مذاکرات
نئی دہلی
یو این آئی
امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مشیر قومی سلامتی لیفٹننٹ جنرل ایچ آر میک ماسٹر نے آج یہاں وزیر اعظم نریندر مودی، اپنے ہندوستانی ہم منصب اجیت ڈوبال اور خارجہ سکریٹری ایس جے شنکر کے ساتھ ملاقات میں ہندوستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لینے کے ساتھ ہی انسداد دہشت گردی اور جنوبی ایشیا کے تازہ حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبال اور خارجہ سکریٹری ایس جے شنکر کے علاوہ دوسرے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ ذرائع کے مطابق دو طرفہ بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ مودی سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے کسی اعلیٰ نمائندے کی یہ پہلی اہم ملاقات ہے اور نریندر مودی اس سال کے اواخر میں امریکہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس موقع پر ہندوستان اور امریکہ کے درمیا ن باہمی تعاون اور انسداد دہشت گردی کے مسئلے پر گفتگو ہوئی ۔ دونوں ممالک آپسی فوجی تعاون بڑھانے اور انسداد دہشت گردی سے متعلق اطلاعات کے تبادلے کو بڑھانے پر بھی راضی ہوئے۔ مودی سے ملنے کے پہلے میک ماسٹر اور اجیت ڈوبھال کے درمیان بھی تقریبا دو گھنٹے کی میٹنگ ہوئی جس میں جنوبی ایشیا کے موجودہ حالات پر تفصیل سے بحث کی گئی ۔ اس موقع پر ہندوستان نے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں پنپنے والی دہشت گردی پورے خطے کے لئے سنگین خطرہ ہے۔ میک ماسٹر کا وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیر دفاع اورن جیٹلی سے بھی ملنے کا پروگرام ہے۔ امریکی قومی سلامتی مشیر کا ہندوستان دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب امریکہ نے افغانستان میں اسلامک اسٹیٹ( داعش) کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر سب سے بڑے غیر ایمٹی بم کا استعمال کیا ہے اور دوسری طرف پاکستان میں ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو کو سزائے موت سنائے جانے کی وجہ سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ایسی امید کی جارہی ہے کہ ہندوستان میک ماسٹر کے ساتھ یہ معاملہ اٹھا سکتا ہے اور میک ماسٹر اس مسئلے پر کوئی بیان دے سکتے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کے دورے کے بعد کل رات ہندوستان پہنچے تھے۔ ہندوستان آنے کے سابق میک ماسٹر نے کل پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر خارجہ سرتاج عزیز، وہاں کے قومی سلامتی کے مشیر جنرل نصیر جنجوعہ، آرمی چیف قمر جاوید باجوا اور پاکستان کے نائب وزیر خارجہ سید طارق فاطمی کے ساتھ کئی اہم علاقائی مسائل پر تبادل خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشمیر سمیت تمام تنازعات کو حل کرنے اور بہتر تعلقات قائم کرنے کے لئے بات چیت ہی واحد راستہ ہے ۔ امریکہ کی طرف سے افغانستان میں اسلامک اسٹیٹ کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر سب سے بڑا ایٹمی بم گرائے جانے کے بعد ہونے والے میک ماسٹر کے اس دورے کے سلسلے میں ایسا امکان ظاہر کیاجارہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تنازعات کو حل کرنے میں امریکی شاید ثالثی کا کردار اد اکرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔

Lt. Gen H. R. McMaster, U.S. National Security Advisor meets PM Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں