جی ایس ٹی کے تیزی سے نفاذ کے لئے اقدامات کئے جائیں - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-04-24

جی ایس ٹی کے تیزی سے نفاذ کے لئے اقدامات کئے جائیں - وزیر اعظم مودی

23/اپریل
جی ایس ٹی کے تیزی سے نفاذ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعظم مودی
نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ریاستوں کو یکم جولائی سے جی ایس ٹی کے نفاذ کے لئے بناتاخیر قانونی انتظامات کرنے چاہئیں ۔ نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کے تیسرے اجلاس میں اپنے اختتام کے ریمارکس میں انہوں نے ریاستوں اور مجالس مقامی اور غیر سرکاری تنظیموں سے بھی خواہش کی کہ وہ2022ء کے اہداف طے کریں اور ان کے حصول کے لئے مشین کے انداز میں کام کریں ۔ سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وزیرا عظم نے اعادہ کیا کہ جی ایس ٹی کے نفاذ کے لئے ریاستی سطح پر قانونی انتظامات بنا تاخیر کیے جانے چاہئیں ۔ جی ایس ٹی سنٹرل اکسائز ، سرویس ٹیکس، ویاٹ اور دیگر ٹیکسس کی جگہ لے گا۔ یہ یکم جولائی سے لاگو ہوجائے گا۔ پارلیمنٹ نے جی ایس ٹی بلس پہلے ہی منظور کردیے ہیں۔ ریاستوں کو ا پنے علیحدہ قوانین منظور کرنے ہوں گے ، تاکہ نیا ٹیکس نظام آسانی سے لاگو ہوجائے ۔
نئی دہلی
پی ٹی آئی
چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال ان میں شامل ہیں جنہوں نے آج یہاں نیتی آیوگ کو گورننگ کونسل کے اجلاس میں شرکت نہیں کی ۔ کونسل کا تیسرا اجلاس راشٹرپتی بھون میں شروع ہوا ، جس کااصل ایجنڈہ15سالہ ویژن دستاویز پر تبادلہ خیال کرنا ہے ، تاکہ ملک کی معاشی ترقی تیز ہو ۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال، گورننگ کونسل اجلاس میں شرکت کے لئے آج راشٹرپتی بھون نہیں آسکے ، تاہم کجریوال نے اپنے نائب منیش سسوڈیا کو دہلی کی نمائندگی کے لئے بھیجا ۔ ذرائع نے کہا کہ چیف منسٹروں کی بڑی تعداد میں اجلاس میں شرکت کی ، کیوں کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے واضح کردیا تھا کہ ریاستوں کی نمائندگی صرف چیف منسٹر یا ڈپٹی چیف منسٹر کریں گے ، کسی اور کو نمائندگی کی اجازت نہیں ہوگی ۔
نئی دہلی
آئی اے این ایس
نائب صدر نشین نیتی آیوگ اروند پنگڑیا نے اتوار کے دن یہاں گورننگ کونسل اجلاس میں ملک کی ترقی کے لئے تین سالہ ایکشن ایجنڈا کا مسودہ پیش کیا۔ نیشنل انسٹی ٹیوشن فار ٹرانسفارمنگ انڈیا( نیتی آیوگ) کے نائب صدر نشین نے کہا کہ ایکشن ایجنڈے کے تحت300خاص نکات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایجنڈے میں ریاستوں کی تجاویز کو جگہ دی گئی ہے ۔ پنگڑیا نے کہا کہ ریاستیں مزید تجاویز دے سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکشن ایجنڈے کے علاوہ سات سالہ حکمت عملی اور پندرہ سال طویل ویژن ہوگا ۔ جو سابقہ پنچ سالہ منصوبوں کی جگہ لے گا۔ بارہواں پنچ سالہ منصوبہ31مارچ کوختم ہوگیا۔ نیتی آیوگ گورننگ کونسل کے تیسرے اجلاس میں جی ایس ٹی ، زرعی آمدنی بڑھانے اور آیوگ کے آج تک کے کام پر پرزنٹیشن بھی دیا گیا ۔ نیتی آیوگ کے سی ای او امیتابھ کانت نے زراعت ، خاتمہ غربت ، صحت، تعلیم، ڈیجیٹل ادائیگی، سرمایہ نکاسی اور کوسٹل زون جیسے شعبوں میں ی گئی پہل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیتی آیوگ ریاستوں کے ساتھ مل کر کام کرے گا، تاکہ بنیادی خدمات اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنایاجائے ۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیو راج سنگھ چوہان نے کسانوں کی آمدنی دگنی کرنے پر پرزنٹیشن دیا۔

PM Modi on GST implementation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں