راہول گاندھی کو قتل کی دھمکی - سیکوریٹی میں اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-10

راہول گاندھی کو قتل کی دھمکی - سیکوریٹی میں اضافہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت نے ایس پی جی اور انٹلیجنس بیورو کو آج حکم دیا کہ وہ راہول گاندھی کی سیکوریٹی کے بارے میں زیادہ سے زیادہ احتیاط سے کام لیں ۔ ان کو قتل کرنے کی ایک نامعلوم مکتوب میں دھمکی کے منظر عام پر آنے کے بعد یہ حکم دیا گیا ۔ ٹامل میں تحریر شدہ بغیر دستخطی مکتوب میں پڈوچیری میں ایک انتخابی جلسہ میں کانگریس کے نائب صدر کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی ہے ۔ سینئر کانگریس قائد وی نارائن سوامی کو5مئی کو یہ مکتوب ملا تھا ۔ راہول کل پڈوچیری کے کرائیکل میں کانگریس۔ ڈی ایم کے اتحاد کی ایک ریالی سے خطاب کرنے والے ہیں ۔ مرکزی معتمد داخلہ راجیو مہرشی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نائب صدر کانگریس کے تحفظ کی ذمہ داری ایس پی جی اور انٹلیجنس بیورو کو ہدایت دی کہ اس سلسلہ میں تمام ضروری احتیاطی اقدامات کئے جائیں ۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے مہرشی کو اس سلسلہ میں سنجیدگی اختیار کرنے اور راہول کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد انہوں نے ان دونوں ایجنسیوں کو یہ ہدایت جاری کی ۔ قبل ازیں اعلیٰ کانگریس قائدین کے ایک وفد نے وزیر داخلہ سے ملاقات کی اور قتل کی دھمکی کے پیش نظر راہول کی سیکوریٹی میں اضافہ کرنے کی ان سے درخواست کی ۔ اس ٹیم میں صدر کانگریس سونیا گاندھی کے سیاسی سکریٹری احمد پٹیل، خازن مودی لال ووہرا اور راجیہ سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما شامل تھے ۔ اس وفد نے سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے نائب صدر کانگریس کی زندگی کو لاحق خطرے کے بارے میں انہیں اطلاع دی ۔ آنند شرما نے سنگھ سے20منٹ کی ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے کہا کہ وزیر داخلہ نے فوری کارروائی کرنے اور سیکوریٹی میں اضافہ کرنے کا ہمیں تیقن دیا ہے ۔انہوں نے مزید تیقن دیا کہ مرکز اور ریاستوں کی ایجنسیوں اور ایس پی جی کو بھی اس خطرہ سے چوکس کردیا گیا ہے ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری اور سابق مرکزی وزیر نارائن سوامی نے کرائیکل سے فون پر بتایا کہ انہیں ان کی پڈوچیری رہائش گاہ پر5مئی کو ایک غیر دستخطی مکتوب ملا ہے جس میں انہیں اور راہول گاندھی کو دھمکی دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹامل میں تحریر کردہ مکتوب میں کہاگیا آپ کی پارٹی پڈوچیری میں صنعتیں بند کرنے کی ذمہ دار ہے ۔ ہم، آپ پر اور آپ کے سابق وزیر اعظم کے بیٹے پر حملہ کریں گے اور کرائیکل کے جلسہ میں شرکت کے وقت انہیں دھماکہ سے اڑا دیاجائے گا۔ نارائن سوامی نے کہا کہ انہوں نے پولیس میں شکایت درج کروائی ہے اور پارٹی ہائی کمان کو بھی مطلع کردیا ہے ۔

Rahul Gandhi receives death threat ahead of Puducherry rally

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں