امریکی مذہبی آزادی کمیشن کو ویزا کی اجرائی - ہندوستان کا انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-05

امریکی مذہبی آزادی کمیشن کو ویزا کی اجرائی - ہندوستان کا انکار

واشنگٹن
پی ٹی آئی
ایک امریکی خود مختار ادارہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ ہندوستان نے ایک امریکی کمیشن کے ارکان کو مذہبی آزادی کے معاملہ میں ویزا جاری کرنے سے انکار کردیا جیسا کہ یہ ارکان ہندوستان میں مذہبی آزادی کی صورتحال پر بات چیت کرنے اور اس کا جائزہ لینے کے خواہاں ہیں ۔ یو ایس کمیشن برائے انٹر نیشنل رلیجیس فریڈم( یو ایس سی آئی آر ایف) کے چیرمین رابرٹ پی جارج نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت ہند کی جانب سے ویزا کی اجرائی سے انکار پر ہمیں مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یو ایس سی آئی آر ایف کا تین رکنی ایک وفد ہندوستان کے دورہ کا خواہاں تھا جس کا مقصد سرکاری عہدیداروں، مذہبی لیڈرس اور دیگر کارکنوں سے ملاقات تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک کثیر القومی ، غیر فرقہ وارانہ اور جمہوری ریاست اور امریکہ کے قریبی پارٹنز ہونے کے ناطے ہندوستان کو ہمیں دورے کی اجازت دینے کا اعتماد ہونا چاہئے تھا، یو ایس سی آئی آر ایف، ہندوستانی ویزا کے حصول کے لئے مسلسل کوشش کرتا رہے گا۔ جیسا کہ مذہبی طبقات ، سیول سوسائٹی گروپس اور این جی اوز کی اطلاعات کے مطابق ہندوستان میں2014سے مذہبی آزادی کی صورتحال ابتر ہوئی ہے ۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب امریکی کمیشن براء بین الاقوامی مذہبی آزادی کے ارکان کو ویزا جاری کرنے سے انکار کیا گیا۔ان ارکان کو جو دنیا بھر کے مختلف ممالک کی مذہبی آزادی کی صورتحال پر سالانہ رپورٹ تیار کرتے ہیں ، پچھلی یوپی اے حکومت میں بھی ویزا جاری نہیں کیا گیا تھا ۔ جارج نے کہا کہ یو ایس سی آئی آر ایف کے ارکان نے حالیہ عرصہ میں بیشتر ممالک بشمول پاکستان ، سعودی عرب ، ویتنام ، چین اور میانمار کا دورہ کیا ہے۔ کوئی بھی شخص یہ توقع کرے گا کہ ہندوستانی حکومت ان ممالک کے مقابلے میں زیادہ شفافیت کی اجازت دے گی ، اور کمیشن کے سامنے براہ راست اپنا نقطہ نظر واضح کرنے کے موقع کا خیر مقدم کرے گی ۔ یو ایس سی آر ایف کے وفد کو آج ہندوستان کے لئے روانہ ہونا تھا ۔ اسے امریکی محکمہ خارجہ کے علاوہ نئی دہلی میں موجودہ امریکی سفارتخانہ کی حمایت حاصل ہے ۔ دوسری جانب اس سلسلہ میں واشنگٹن میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ نے اپنا رد عمل ظاہر کرنے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کی جانب سے2015ء میں جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان میں مذہبی وجوہات پر اور فرقہ وارانہ تشدد میں پچھلے تین برسوں سے مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ غیر سرکاری تنظیمیں اور مسلمانوں، عیسائیوں اور سکھوں کے مذہبی لیڈرس اس بڑھتے ہوئے تشدد کی وجہ 2014ء کے انتخابات کے دوران مذہبی بنیادوں پر چلائی جانے والی انتخابی مہم کو بھی قرار دیتے ہیں ۔

India denies visas to US religious freedom body

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں