ہند امارات معاشی و دفاعی تعاون کے فروغ کے علاوہ کئی معاہدوں پر دستخط متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-11

ہند امارات معاشی و دفاعی تعاون کے فروغ کے علاوہ کئی معاہدوں پر دستخط متوقع

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ابو ظہبی کے ولیعہد (کراؤن پرنس) شیخ محمد بن زید النہیان اور وزیر اعظم نریندر مودی کی کل بات چیت میں تجارتی تعلقات کے فروغ اور اسلامک اسٹیٹ کے بڑھتے ہوئے خطرہ کے مد نظر دفاعی و سیکوریٹی تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز ہوگی۔ تیل پیدا کرنے والے ایک بڑے ملک متحدہ عرب امارات کی معیشت خام تیل کی گھٹتی قیمتوں کے باعث شدید متاثر ہوئی ہے ۔ توقع ہے کہ خلیجی ملک، ہندوستان کے توانائی و انفراسٹرکچر شعبہ میں قابل لحاظ سرمایہ کاری کرے گا ۔ ہندوستان کی نظر ابو ظہبی انوسٹمنٹ اتھاریٹی کے تقریبا800بلین امریکی ڈالر کے فنڈ پر ہے ۔ وہ چاہتا ہے کہ عرب ملک ریلویز ، بندرگاہوں اور سڑکوں میں سرمایہ کاری کرے ۔ دفاعی آلات کی مشترکہ تیاری پر بھی بات چیت ہوگی ۔ امکان ہے کہ عرب امارات اس کے لئے بھی سرمایہ کاری کرے گا ۔ متحدہ عرب امارات، اسلامک اسٹیٹ سے مشتبہ روابط پر تقریبا12ہندوستانیوں کو ان کے ملک واپس بھیج چکا ہے ۔ اس پس منظر میں انسداد دہشت گردی تعاون مستحکم ہوگا ۔ معتمد مشرق وزارت خارجہ انیل وادھوا نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیکوریٹی تعاون بہترین ہے۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا ہندوستان عرب امارات میں داؤد ابراہیم کی املاک کی ضبطی کا مسئلہ اٹھائے گا، وادھوا نے کسی مخصوص فرد کے تعلق سے کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا۔ النہیان کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد ہندوستان آرہا ہے ۔ ان کا دورہ12فروری تک جاری رہے گا۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ان کے اعزاز میں کل پرائیویٹ لنچ کا اہتمام کریں گے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت ان کے دورہ کو کتنی اہمیت دے رہا ہے ۔ وادھوا نے کاہ کہ انہیں یاد نہیں کہ ماضی قریب میں صدر جمہوریہ نے ایسا کیا ہو ۔ کرواؤن پرنس مودی کے ساتھ کل ورکنگ ڈنر بھی کریں گے ۔ گزشتہ برس مارچ میں امیر قطر تمیم بن حماد الثانی کے دورہ ہند کے بعد النہیان دوسرے اہم قائد ہیں جو خلیج کے خطہ سے نئی دہلی آرہے ہیں جہاں70لاکھ ہندوستانی برسر روزگار ہیں ۔ ان کی بھیجی ہوئی رقومات ہندوستان کے لئے زر مبادلہ کا بڑا ذریعہ ہیں ۔ اس کے علاوہ خلیج کا خطہ ہندوستان کی توانائی ضروریات کے60فیصد حصہ کی تکمیل کرتا ہے ۔ النہیان جمعہ کو ممبئی جائیں گے اور بمبئی اسٹاک ایکسچینج( بی ایس ای) میں چنندہ سرمایہ کاروں سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ ہندوستان، متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے ، جبکہ امارات ، ہندوستان کا امریکہ اور چین کے بعد تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے ۔ متحدہ عرب امارات ہندوستانی بر آمدات کی دوسری سب سے بڑی منزل ہے۔ آئی اے این ایس کے بموجب ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط کا امکان ہے ۔ وادھوا نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ فہرست مرتب ہورہی ہے ۔ میں یہ نہیں بتا سکتا کہ کتنے معاہدے ہوں گے ۔ متحدہ عرب امارات میں تقریبا26لاکھ ہندوستانی تارکین وطن بر سر روزگار ہیں۔ امکان ہے کہ ان کی فلاح و بہبود پر بھی بات چیت ہوگی ۔ سعودی عرب کے بعد خلیج میں این آر آئیز کی یہ دوسری بڑی تعداد ہے ۔ اس کا60فیصد حصہ بلو کالرورکرس پر مشتمل ہے ۔ شیخ محمد کا یہ تیسر ا دورہ ہند ہے۔ کراؤن پرنس کی حیثیت سے ان کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ وہ متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر بھی ہیں ۔ جمعرات کو راشٹرپتی بھون میں ان کا رسمی خیر مقدم ہوگا۔ بعد ازاں وہ راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پھول مالا رکھیں گے ۔ ہند۔ امارات معاہدے جمعرات کی شام طے پائیں گے ۔ جمعہ کو شیخ محمد براہ ممبئی ابو ظہبی لوٹ جائیں گے ۔

UAE signs deal to store crude oil in India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں