داعش کو فنڈز روکنے سلامتی کونسل میں قرار داد منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-19

داعش کو فنڈز روکنے سلامتی کونسل میں قرار داد منظور

اقوام متحدہ
یو این آئی
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے داعش کو فنڈز کی ترسیل کو روکنے کے لئے ایک قرار داد کو متقفہ طور پر منظور کرلیا ہے ۔ سلامتی کونسل میں وزرائے خزانہ کے اجلاس میں پہلی مرتبہ رکن ممالک کے وزرائے خزانہ نے ووٹ دیا۔ انہوں نے متفقہ طور پر ایک طویل اور پیچیدہ قرار داد منظور کی جس میں القاعدہ پر عائد پابندیوں کا دائرہ داعش تک بڑھایا گیا ۔ قرار داد میں رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ داعش کی مالی اعانت کو روکنے سے متعلق کوششیں تیز کریں ۔ اس شدت پسند گروہ نے شام اور عراق کے بڑے حصوں پر قبضہ کرلیا ہے اور لیبیا میں بھی اپنے ٹھکانے وسیع کرنا چاہتا ہے ۔ قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے ہاتھ روکنے کے لیے وسیع پیمانے پر مالی ترسیلات کو جرائم کے زمرے میں لاتی ہے۔ اس میں پابندیوں کی خلاف ورزی کی نگرانی کو بہتر کرنے کی شقیں بھی شامل ہیں ۔ امریکہ کے وزیر خزانہ جیکب لیو نے کونسل میں وزرائے خزانہ کے ایک غیر معمولی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ داعش کی مالی اعانت کو ہدف بنانا مشکل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہم داعش کو مالی لحاظ سے تنہا کرنے میں پیشرفت کررہے ہیں مگر ہمیں کامیابی حاصل کرنے کے لے اپنی کوششوں کو انفرادی طور پر اور عالمی سطح پر تیز کرنا ہوگا ۔ عالمی ادارہ فینانشیل ایکشن ٹاسک فورس کے صدر جی یو شن نے کہا کہ داعش کو دوسرے شدت پسند گروہوں کی نسبت زیادہ پیسہ چاہئے ۔ پیسہ اس کی سب سے بڑی کمزوری ہے ۔ اس گروہ کو شکست دینے کی حکمت عملی میں اس کی مالیاتی ترسیلات کو روکنے اور اس میں خلل ڈالنے کو مرکزی اہمیت دینی چاہئے ۔ انہوں نے دہشت گرد گروہوں کے ڈھانچے ، انفرادی دہشت گردوں کی سر گرمیوں اور ان کی رسد اور معاونت کے نیٹ ورک کو سمجھنے کے لئے فنانشل انٹیلی جنس کی اہمیت کا ذکر بھی کیا۔ خیال رہے کہ داعش اپنی آمدنی کا برا حصہ بلیک مارکیٹ میں تیل کی فروخت سے حاصل کرتی ہے ۔ جو لگ بھگ پچاس کروڑ ڈالر پر مشتمل ہے ۔ قرار داد کے مطابق کوئی بھی فرد، گروہ یا ادارہ جو اسلامی ریاست یا القاعدہ یا ان کے ساتھیوں کی مدد کرے گا اس کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیوں کا اطلاق کیاجاسکے گا ۔ رکن ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ 120دنوں کے اندر بتائیں کہ انہوںنے دعاش کی مالی اعانت ختم کنے کے لئے کیا اقدامات کئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سے کہا گیا ہے کہ وہ دولت اسلامیہ کی آمدنی کے ذرائع سے متعلق45دنوں کے اندر ایک جامع رپورٹ پیش کریں۔ ماہرین کی اکثریت سمجھتی ہے کہ آئی ایس، دنیا کی امیر ترین دہشت گرد تنظیم ہے ۔ ایک تازہ ترین تحقیق کے مطابق اس گروہ کی ماہانہ آمدنی8کروڑ ڈالر ہے ۔

UN Security Council adopts resolution to cut off ISIS funding

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں