دہلی میں فضائی آلودگی - جفت اور طاق نمبروں والی گاڑیاں ایک دن کے وقفہ سے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-05

دہلی میں فضائی آلودگی - جفت اور طاق نمبروں والی گاڑیاں ایک دن کے وقفہ سے

نئی دہلی
آئی اے این ایس
قومی دارالحکومت میں بڑھتی آلودگی پر قابو پانے اروند کجریوال کی زیر قیادت حکومت دہلی نے آج ایک تاریخی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت دہلی کے مطابق دہلی میں یکم جنوری2016سے گاڑیاں نمبروں کے مطابق چلیں گی ۔ اگر اس فیصلہ کو روبہ عمل لایاجاتا ہے تو دہلی کی سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد نصف تک گھٹ جائے گی ۔ چیف منسٹر اروند کجریوال کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کئے گئے فیصلہ کا اطلاق نہ صرف سی این جی سے چلنے والی بسوں، ٹیکسیوں اور آٹو رکشاؤں پر ہوگا لبہ دیگر ریاستوں سے دہلی میں داخل ہونے والی گاڑیوں کا بھی احاطہ کیاجائے گا۔ فیصلہ کے نفاذ کی صورت میں عوام اپنی گاڑیاں ایک دن کے وقفہ سے چلاپائیں گے ۔9,7,5,3,1نمبروں یعنی طاق ہندسہ والی کاریں ایک دن اور4,2اور8یعنی جفت ہندسہ والی گاڑیاں دوسرے چلیں گی تاہم سرکاری گاڑیوں، ایمبولنسوں اور پولیس گاڑیوں کو استثنیٰ حاصل رہے گا۔ علاوہ ازیں یکم جنوری سے دہلی میں تھرمل برقی پلانٹ بھی بند کردئیے جائیں گے ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ قومی دارالحکومت میں آلودگی میں اضافہ پر ہائی کورٹ نے حکومت دہلی کو سخت سرزنش کی تھی جس کے بعد کجریوال نے آج ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں فیصلہ کیا گیا ۔ ہائی کورٹ نے آلودگی کے معاملہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہلی میں رہنا کسی گیس چیمبر میں رہنے کے مترادف ہے ۔ حکومت دہلی کے اس فیصلہ کے سامنے آنے کے بعد سوشیل میڈیا سے لے کر سڑک تک اس مسئلہ پر زور دار بحث شرو ع ہوگئی ۔ اس فیصلہ کی مخالفت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ سے افرا تفری پھیلے گی اور یہ درست نہیں ہے ۔ انہوں نے یہ بھی دلیل پیش کی کہ جب تک پبلک ٹرانسپورٹ نظام ٹھیک نہیں ہوتا ایسا فیصلہ خطرناک ہوگا۔ دوسری طرف اس فیصلہ کی حمایت کرنے والوں نے حکومت دہلی کے اس قدام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے دہلی کی فضا آلودگی سے پاک بنانے میں کافی مدد ملے گی۔

Delhi govt's formula to check pollution level: Odd, even number vehicles on alternate days from Jan 01

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں