پی ٹی آئی
گجرات کے بلدی انتخابات کو کانگریس کے لئے شکست کے باوجود جیت قرار دیتے ہوئے این ڈی اے کی حلیف شیو سینا نے آج کہا کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ گجرات کے عوام مکمل طور پر وزیر اعظم کے پیچھے نہیں کھڑے ہیں اور بی جے پی کو احتساب کرنا ہوگا کہ نریندر مودی کی گھریلو پچ پر خطرے کی گھنٹیاں کیوں بجنی شروع ہوگئیں۔ سینا نے یہ بھی کہا کہ یہ تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے کہ اگر ترقی کے معاملے میں یاست کے نمبر ہونے کا دعویٰ صحیح ہے تو بی جے پی کو دیہی علاقوں میں کیوں شکست ہوئی ۔ 20برسوں سے اقتدار سے باہر کانگریس نے گجرات کے دیہی علاقوں میں حیرت انگیز واپسی کی جہاں اس نے31ضلع پنچایتوں میں سے21پر جب کہ 230تعلقہ جات میں سے110پر کامیابی حاصل کی جب کہ بی جے پی شہری علاقوں پر اپنی گرفت کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہی اور 56بلدیات میں سے40پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے تمام6میونسپل کارپوریشنز پر قبضہ کرلیا ۔ بہار میں کراری شکست کے بعد گجرات کی دیہی بلدیات میں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ اسی ریاست، پر نریندر مودی نے12سال تک حکمرانی کی اور اٹھارہ ماہ قبل ہی دہلی منتقل ہوئے ۔ شیو سینا نے اپنے ترجمان سامنا میں کہا کہ بلدی انتخابات کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ گجرات کے عوام مکمل طور پر نریندر مودی کے پیچھے نہیں کھڑے ہیں۔ اگرچیکہ بی جے پی نے تمام چھ بلدی کارپوریشنز پر کامیابی حاصل کی، لیکن ضلع پریشدوں پر کانگریس کی حکمراں ہوگی ۔ مختصر یہ کہ کانگریس ہارنے کے باوجود الیکشن جیت گئی۔ بی جے پی کو محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے کہ نریندر مودی کے گھریلو پچ پر خطرے کی گھنٹیاں کیوں بجنی شروع ہوگئیں۔ حکومت کی حلیف نے یہ بھی کہا کہ بہا ر اسمبلی الیکشن میں کانگریس کو نئی زندگی ملنا ٹھیک ہے ۔ لیکن مودی کی آبائی ریاست میں پارٹی کا بہتر مظاہرہ تشویش کی بات ہے۔ شیو سینا نے کہا کہ تجزیہ کیا جانا چاہئے کہ ترقی کے معاملے میں گجرات کی بطور نمبر ایک ریاست جو تصویر پیش کی جاتی ہے اگر وہ صحیح ہے تو پھر دیہی علاقوں کے عوام نے بی جے پی کے خلاف ووٹ کیوں نہیں دیا ۔ جمہوریت میں رائے دہندے ہی سب سے برتر ہوتے ہیں جنہوں نے بڑے بڑے سیاستدانوں کو ان کی اوقات دکھادی ۔ وزیر اعظم نے کانگریس سے پاک ہندوستان کا نعرہ دیا تھا لیکن بہار کے بعد کانگریس اب گجرات میں بھی ابھر چکی ہے۔ سینا نے کہا کہ ان نتائج نے کانگریس کو خوشی منانے کا موقع فراہم کردیا۔ یو این آئی کے بموجب شیو سینا نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس سے پاک ہندوستان کا نعرہ دیا تھا لیکن بہار اسمبلی الیکشن کے بعد مودی اور امیت شاہ کو اپنے وطن گجرات میں جھٹکہ لگا ہے ۔
BJP needs to learn a lesson in humility, says ally Shiv Sena
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں