مالی کے دارالحکومت بماکو کی لکثری ہوٹل میں 170 افراد کو انتہا پسندوں نے یرغمال بنا لیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-21

مالی کے دارالحکومت بماکو کی لکثری ہوٹل میں 170 افراد کو انتہا پسندوں نے یرغمال بنا لیا

بماکو
اے پی
افریقی ملک مالی کے دارالحکومت بماکو میں آج اسلام پسند مسلح بندوق برداروں نے ایک لگژری ہوٹل پر ہلہ بول دیا اور تقریبا170افراد کو یرغمال بنالیا۔ ان میں ہوٹل اسٹاف کے تیس ارکان اور140گاہک تھے جن میں مختلف ممالک کے سیا ح شامل ہیں ۔ سیکوریٹی فورسس نے امریکی وفرانسیسی سپاہیوں کی مدد سے یرغمالیوں کو رہا کروانے بڑے پیمانہ پر مہم شروع کی اور تقریبا دن تمام جاری رہی لڑائی کے بعد درجنوں افراد کو بحفاظت بچا کر نکال لیا تاہم ہوٹل کی دو منزلوں پر تقریبا27نعشیں ملی ہیں ۔ ہوٹل کے ایک ریسپشنسٹ نے بتایا کہ وہ اندھا دھند چاروں طرف گولیاں برسا رہے تھے اور اللہ اکبر کے نعرے لگا رہے تھے ۔ اس نے بتایا کہ انہوں نے ایک گورے شخص کا گلا کاٹ دیا۔ ایک اطلاع کے مطابق تقریبا140افراد کو یرغمال بنایا گیا ۔ امریکی دفاع کے ایک عہدیدار کے مطابق بندوق برداروں نے جب حملہ کیا تب ہوٹل میں12تا15امریکی موجود تھے ۔ چھ امریکی محفوظ نکال لئے گئے دیگر کا حشر معلوم نہ ہوسکا۔ فوری طور پر یہ معلوم نہ ہوسکا کہ حملہ کے لئے کون سا گروپ ذمہ دار ہے لیکن الجزیرہ نے اطلاع دی ہے کہ مقامی عسکری گروپ، المرابتون نے یہ حملہ کیا تاہم اس کی توثیق نہ ہوسکی ۔ رات دیر گئے مہم ختم ہوگئی لیکن ہوٹل کی تلاشی جاری رکھی گئی ۔ حملہ آوروں کا حشر معلوم نہ ہوسکا ۔ قبل ازیں اطلاعات میں سیکوریٹی کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ چند یرغمال اپنے طور پر بچ کر نکل گئے جبکہ بعض نے حملہ آوروں کو بتایا کہ وہ قرآن پڑھ سکتے ہیں ۔ جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔ فوج کے ہوٹل میں داخل ہونے سے قبل تین افراد ہلاک ہوچکے تھے ۔ سیکوریٹی فورسس کے ذرائع نے بتایا کہ تقریبا دس مسلح بندوق برداربماکو میں ریڈیسن بلو ہوٹل میں اللہ اکبر کے نعرے لگاتے ہوئے گھس پڑے۔ سیکوریٹی ذرائع نے بتایا کہ دس حملہ آور نقلی سفارتی نمبر پلیٹس لگی کار میں ہوٹل پہنچے، فائرنگ کرتے اور اللہ اکبر کے نعرے لگاتے ہوئے ہوٹل میں گھس پڑے اور وہاں موجود تمام افراد کو یرغمال بنالیا۔ ذرائع نے کہا کہ ہوٹل میں کئی ممالک کے سیاح اور بڑے سرمایہ دار موجود ہیں۔ ترک ایر لائن کے کم از کم نصف درجن ارکان بھی ہوٹل میں موجود ہیں ۔ ایر لائنس کے ذرائع نے کہا کہ کم از کم تین افراد کسی طرح بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ ایر فرانس کے بارہ افراد کو بحفاظت رہا کروالیا گیا ۔ حملہ کے وقت ہوٹل میں چین کے دس سیاح ، ہندوستان کے بیس اور فرانس و دیگر ممالک کے سیاح موجود تھے ۔ جنہیں حملہ آوروں نے یرغمال بنالیا۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ لکژری ہوٹل میں20ہندوستانی تھے، ہندوستانی سفیر نے ان شہریوں سے ربط پیدا کیا اور ان سے بات کی ۔ رات دیر گئے اطلاعات میں بتایا گیا کہ تمام ہندوستانی محفوظ ہیں ۔ انہیں بچا لیا گیا ۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی زنہوا نے یرغمالیوں میں سات چینی سیاح ہونے کی توثیق کی ہے جب کہ بماکو میں چینی سفارتخانہ کے عہدیدار وانگ نے کہا کہ آٹھ چینی یرغمال ہیں ۔ صدر چین زی جن پنگ نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کی کھلی دشمن ہے۔ صدر امریکہ بارک اوباما نے جو اس وقت کوالالمپور میں وزیر اعظم نجیب رزاق کے ساتھ ملاقات کررہے تھے کہا کہ انہیں یرغمال کی صورتحال سے واقف کروایا گیا ۔ وہ خبروں سے نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہوٹل پر حملہ صبح سات بجے کیا گیا۔ فرانسیسی صدارتی ذرائع نے کہا کہ اہم معلومات کا ابھی انتظار ہے ، ہوٹل میں فرانسیسی افراد موجود ہیں ۔ صدر صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ ایک سفارتی عہدیدار نے کہا کہ مالی کی خصوصی فورس مہم انجام دے رہی ہے ۔ جب کہ فرانس انٹلیجنس اور تکنیکی مدد فراہم کررہا ہے ۔ امریکی سفارتخانہ نے ٹوئٹ کے ذریعہ ریڈیسن ہوٹل میں جاری فوجی مہم کی توثیق کی اور اپنے تمام شہریوں کو گھروں میں بند رہنے کی ہدایت دی ۔ ہوٹل میں فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں اور عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور منزل بہ منزل اور کمرہ بہ کمرہ گھوم رہے تھے ۔ مالی کے فوجی کمانڈر مودب نامن ترور نے اے پی کوبتایا کہ بیس یرغمالیوں کو رہا کروالیا گیا ۔ تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ بندق برداروں نے انہیں کیوں رہا کیا اور حملہ آوروں کی صحیح تعداد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ کے فوری بعد بعض سیاح جان بچا کر ہوٹل سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے ۔ ہوٹل میں موجود ہندوستانیوں کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ دبئی کی ایک کمپنی کے ملازم ہیں اور مستقل طو رپر ہوٹل میں مقیم ہیں ۔ مالی کے صدر ابراہیم ابوبکر کیتا، چاڈ کا دورہ مختصر کر کے بماکو لوٹ گئے ۔ صدر فرانس اولاد نے کہا کہ یرغمالیوں کو رہا کروانے فرانس تمام تر وسائل استعمال کرے گا۔ شام میں آئی ایس کے ایک جنگجو نے رائٹر سے کہا کہ مالی میں فرانسیسی فوج کی مداخلت فرانسیسی مفادات اور فرانس پر حملوں کی ایک وجہ ہے ۔ آج لائن رابطہ پر غیر شامی جنگجو نے کہا کہ ابھی تو یہ آغاز ہے، ہم مالی جو کچھ ہورہا ہے اسے نہیں بھولے ہیں۔ فرانس کے غرور وتکبر کو ہم نہیں بھلائیں گے ۔

Gunmen attack luxury hotel in Mali capital, 170 taken hostage

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں