دنیا بھر میں 78 کروڑ سے زائد افراد ناخواندہ - رپورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-09

دنیا بھر میں 78 کروڑ سے زائد افراد ناخواندہ - رپورٹ

اقوام متحدہ
رائٹر
گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران بین الاقوامی سطح پر مجموعی طور پر کافی زیادہ مادی ترقی کے باوجود ابھی تک دنیا سے ناخواندگی کے خاتمہ کی منزل حاصل نہیں کی جاسکی ۔ عالمی سطح پر آج بھی78کروڑ سے زائد بالغ انسان ناخواندہ ہیں ۔ آج منائے گئے یوم عالمی خواندگی کے موقع پر نیو یارک میں اقوام متحدہ ، پیرس میں یونیسکو کے صدر دفاتر اور جرمن دارالحکومت برلن سے موصولہ مختلف خبر رساں اداروں کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آج بھی دنیا بھر میں781ملین یا78کروڑ سے زائد بالغ انسان لکھنے پڑھنے کی صلاحیت سے محروم ہیں ۔ ان انسانوں کی بہت بڑی اکثریت غیر ترقی یافتہ یا ترقی پذیر ممالک مین رہتی ہے اور یہ افراد کرہ ارض پر انسانی آبادی کا وہ حصہ ہیں جنہیں کبھی کسی اسکول میں تعلیم کا کوئی موقع نہیں ملا ہے ۔ ایسے افراد کو بنیادی ناخواندگی کے شکار انسان کہاجاتا ہے۔ اگر ان میں ناخواندہ بچوں کی موجودہ تعداد بھی شامل کرلی جائے تو ماہرین کے اندازوں کے مطابق یہ تعداد تقریبا ایک ارب ہوجاتی ہے ۔ صنعتی طور پر ترقی یافتہ ممالک اور مجموعی طور پر مغربی دنیا میں خواندگی کی شرح بہت بہتر ہے ۔ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دو سب سے بڑے ممالک چین اور ہندوستان میں ناخواندگی کے معاملہ پر پائی جانے والی صورتحال کافی مختلف ہے ۔ چین میں گزشتہ دہائیوں کے دوران نظر آنے والی سماجی اصلاحات اور متاثر کن اقتصادی ترقی کے نتیجہ میں ناخواندگی کی شرح انتہائی کم ہے لیکن پڑوسی ملک ہندوستان میں جو آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے ، ابھی بھی بیسیوں ملین انسان ایسے ہیں جو لکھنا پڑھنا نہیں جانتے ۔ پاکستان میں بھی جو آبادی کے لحاظ سے دنیا کے بڑے ممالک میں شما ر ہوتا ہے ، خواندگی کی موجودہ شرح کا اندازہ58فیصد سے لے کر 60فیصد تک لگایا جاتا ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان میں بھی بنیادی طور پر ناخواندہ شہریوں کا تناسب تقریبا چالیس فیصد ہے ۔ جرمنی میں جو یوروپی یونین کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک اور دنیا کی صنعتی طور پر 7ترقی یافتہ ریاستوں میں سے ایک ہے، بنیادی طور پر ناخواندہ شہریوں کی تعداد تو انتہائی کم ہے لیکن ثانوی سطح کی ناخواندگی کے شکار انسانوں کی تعداد تقریبا7.5ملین بتائی جاتی ہے ۔ ایسے انسانوں سے مراد وہ لوگ ہیں جو کبھی اسکولوں میں کسی نہ کسی سطح تک زیر تعلیم تو رہے ہیں لیکن عملا تسلی بخش حد تک لکھنے پڑھنے کی صلاحیت سے محروم ہیں ۔ ایسے تقریبا 75لاکھ جرمن باشندوں میں سے جن کی اکثریت بالغ یا بزرگ شہریوں پر مشتمل ہے ، تقریبا5.2ملین صرف بہت چھوڑے چھوٹے جملے ہی لکھ یا سمجھ سکتے ہیں جب کہ باقی ماندہ ناخواندہ شہری تکنیکی طور پر بنیادی ناخواندگی اور ثانوی ناخواندگی کے درمیان کی صلاحیتوں کے مالک شہری ہیں۔

There are still 781 million illiterate adults worldwide

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں