امریکہ اپنی فوجی طاقت کھو رہا ہے - فوجی جنرل مارٹن ڈیمپسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-03

امریکہ اپنی فوجی طاقت کھو رہا ہے - فوجی جنرل مارٹن ڈیمپسی

واشنگٹن
رائٹر
امریکی افواج کی فوجی طاقت میں آہستہ آہستہ کمی کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے ۔ امریکی مسلح افواج کے چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف مارٹن ڈیمپسی کے مطابق سلامتی سے متعلق موجودہ حالات انتہائی غیر متوقع ہیں اور گزشتہ 40 برسوں کی ملازمت میں ان کا اس طرح کی صورتحال سے کبھی واسطہ نہیں پڑا ۔ ڈیمپسی کے مطابق امریکہ اپنی فوجی برتری کھوتا جارہا ہے۔ بیس صفحات پر مشتمل اپنی ایک رپورٹ میں انہوں نے ایران اور شمالی کوریا کے ساتھ ساتھ چین اور روس کو بھی امریکی سلامتی کے لئے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ امریکہ کی کسی دوسری بڑی طاقت کے ساتھ جنگ کا فوری طور پر کوئی امکان نہیں ہے ۔ سال2015کی نیشنل ملٹری اسٹریٹجی، کا اعلان کرتے ہوئے جوائنٹ چیفس چیرمین جنرل مارٹن ڈیمپسی نے کہا کہ دوسری اقوام اپنی فوجی صلاحیت میں بھاری سرمایہ کاری کررہی ہیں ۔ جنرل ڈیمپسی کے مطابق جب سے پنٹگان نے2011میں اپنی آخری فوجی حکمت عملی شائع کی ہے، عالمی انتشار میں اضافہ ہوا ہے اور امریکہ کی دوسری اقوام پر برتری کے کچھ پہلو انحطاط پذیر ہوئے ہیں ۔امریکی فوج کو زیادہ پھر تیلا، اختراعی اور مربوط ہونے کی ضرورت ہے اور اس کو عالمی سطح پر مصروف عمل رہنا چاہئے ۔ سال2015کی حکمت عملی میں روس کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس نے بار بار اس بات کا مظاہرہ کیا ہے کہ وہ اپنے پڑوسی ممالک کی عزت نہیں کرتا اور اپنے اہداف حاصل کرنے کے لئے طاقت کا استعمال کرنے کے لئے بھی تیار ہے ۔ اس میں روس کی یوکرین میں علیحدگی پسندوں کی حمایت کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ براہ راست اور پراکسی فورسس کے ذریعہ روس کے فوجی اقدام علاقائی سلامتی کو کمزور کررہے ہیں ۔ حکمت عملی کے مطابق ایران کا نیو کلیر پروگرام مشرق وسطیٰ میں امریکہ کے اتحادیوں کے لئے تشویش کا باعث ہے اور ایرانی حکومت عراق ، لبنان ، شام اور یمن میں دہشت گرد تنظیموں کی مدد کررہی ہے ۔ اس میں شمالی کوریا کو ایٹمی ہتھیار رکھنے والی ایک غیر قانونی ریاست قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ امریکہ تک نشانہ لگانے کی صلاحیت رکھنے والے میزال تیار کررہا ہے۔ حکمت عملی کے مطابق چین ایک فرق زمرہ سے تعلق رکھتا ہے ، اور اس میں چینیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بہتر عالمی سلامتی کے لئے شراکت دار بنیں تاہم اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چین امریکہ کے لئے خطرہ بن سکتا ہے اور جنوبی چینی سمندر میں اس کے اقدام باعث تشویش ہیں، بیجنگ، جنوبی چینی سمندر کے متنازعہ جزائر پر زمین کی بحالی اور تعمیراتی کام کررہا ہے ۔ حکمت عملی میں کہا گیا کہ گلوبلائزیشن(عالمگیریت) اور ٹیکنالوجی کی وجہ سے لوگ دنیا بھر میں اس طرح سفر کررہے ہیں جیسا پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا اور اس کی وجہ سے سلامتی کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے ۔ جنرل ڈیمپسی نے داعش کو ٹرانس ریجنل قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوسرے شدت پسند گروپ داعش کی چھتری تلے جمع ہورہے ہیں ۔ امریکہ اس تنظیم سے لڑنے کے لئے ایک ایسا نیٹ ورک تیار کرنے کی کوشش کررہاہے جو پائیدار ہو اور قائم رہے ۔

General Dempsey: USA losing military lead

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں