ایران کی ایماء پر کئے جانے والا بم دھماکہ ناکام - اردن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-07

ایران کی ایماء پر کئے جانے والا بم دھماکہ ناکام - اردن

عمان
پی ٹی آئی
اردن کے حکام نے ایک عسکریت پسند حملہ کو ناکام بنادیا اور ایک عراقی کو گرفتار کرلیا جس کے قبضہ میں دھماکو اشیا پائی گئیں جو بتایاجاتا ہے کہ ایران کے انقلابی گارڈس کی جانب سے فراہم کی گئی تھیں ۔ ایک عدالتی ذرائع نے آج یہ بات بتائی ۔ ذرائع نے تفصیلات بتائے بغیر اے ایف پی کو بتایا کہ سیکوریٹی خدمات انجام دینے والوں نے آخر وقت میں دہشت گردوں کے منصوبہ کو ناکام بنادیا جس کو ایرانی قدس فورس کی ایماء پر ایک عراقی روبہ عمل لانے والا تھا ۔ مشتبہ شخص جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا کو45کلو وزنی دھماکو اشیاء کے ساتھ شمالی ٹاؤن جیراش میں گرفتار کیا گیا۔ ذرائع نے یہ نہیں بتایا کہ اس کی گرفتاری کب عمل میں آئی۔ عدالتی ذرائع نے بتایا کہ اسے آج ریاستی سیکوریٹی کورٹ میں پیش کیاجانا ہے جس پر دھماکو اشیا قبضہ میں رکھنے اور دہشت پسندانہ کاررائیوں کا منصوبہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے ۔ ایران کی قدس فورس جو انقلابی گارڈس کی بیرون ملک کارروائیوں کا شعبہ ہے پر بیرونی مشنس روبہ عمل لانے کا الزام ہے۔ ایران شام کے صدر بشار الاسد جنہوں نے اردن پر شام میں ان کی فوج سے لڑنے والے باغی گروپوں کی مدد کا الزام عائد کیا ہے، کا کلیدی حامی ہے۔ اردن داعش کے خلاف لڑنے والے شامی باغیوں کی تربیت کے لئے امریکہ کی جانب سے چلائے جانے والے پروگرام کی میزبانی کررہا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ شام میں چند قبائلی گروپس کو تربیت دے رہا ہے ۔

Jordan says it has foiled Iran-backed bomb attack

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں