بنگلہ دیش - زکوۃ کے کپڑوں کی تقسیم کے دوران بھگدڑ - 25 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-11

بنگلہ دیش - زکوۃ کے کپڑوں کی تقسیم کے دوران بھگدڑ - 25 افراد ہلاک

ڈھاکہ
پی ٹی آئی
شمالی بنگلہ دیش کے شہر میمن سنگھ میں زکوۃ کے کپڑوں کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ جانے سے کم از کم23افراد ہلاک ہوگئے جن میں بیشتر خواتین اور بچے ہیں ۔ بھگدڑ اس وقت مچی جب ہزاروں افراد ایک تاجر کے مکان کے روبر و ماہ رمضان کے ضمن میں مفت تحائف اور کپڑے حاصل کرنے جمع ہوئے ۔ کوتوالی پولیس اسٹیشن کے انچارج آفیسر نے کہا ہے کہ ہم نے مقام حادثہ سے تا حال23نعشیں برآمد کی ہیں اور متعدد دیگر زخمی افراد کو علاج کے لئے میمن سنگھ میڈیکل اسپتال بھیجا گیا ہے ۔ میڈیا کے بموجب مہلوکین میں بیشتر خواتین اور بچے ہیں ۔ اسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے ، کیونکہ کئی افراد کی حالت نازک ہے ۔ پولیس نے کہا کہ مکان کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا ۔ اس سلسلے میں ایک تین رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی اور اندرون تین دن رپورٹ داخل کرنے کو کہا گیا ہے۔ اب تک کوئی کیس درج نہیں کیا گیا ۔ واضح رہے کہ2002ء میں شمالی شہر تانکیل کی ایک پارچہ فیکٹری میں ایسی ہی بھگدڑ میں تقریبا40افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ آئی اے این ایس کے بموجب جمعرات کی شب سے ہی غرباء ، زردہ کے ایک مقامی تاجر محمد شمیم کے گھر کے قریب زکوۃ حاصل کرنے جمع ہوگئے ۔ مقامی رہائشیوں اور پولیس نے یہ بات کہی ۔ میمن سنگھ پولیس اسٹیشن کے عہدیدار قمر الاسلام نے کہا کہ بہت زیادہ لوگ آگئے اور انہیں خدشہ تھا کہ انہیں کپڑے نہیں ملیں گے لہذا انہوں نے ایک دوسرے کو دھکہ دینا شرو ع کردیا جس کے نتیجہ میں بھگدڑ مچ گئی ۔ تاہم زکوۃ کے کپڑے حاصل کرنے کی ایک خواہش مند جمیلہ خاتون نے الزام عائد کیا کہ شمیم کی فیکٹری کے ملازمین نے جنہیں شمیم کم اجرت دیتا ہے، ان پر ڈنڈے برسائے ، جس کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی ۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ تاجر ہر سال زکوۃ کے کپڑوں کی تقسیم کے لئے اس طرح کا تماشا منعقد کرتا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ اس سلسلے میں شمیم سمیت8افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ یہ حادثہ آج صبح تقریبا پانچ بجے پیش آیا۔ میمن سنگھ میڈیکل کالج ہاسپٹل کے فرہاد حسین نے توثیق کردی کہ دواخانہ میں23نعشیں لائی گئیں اور کہا کہ دم گھٹنے اور بھگدڑ کے سبب اموات ہوئیں ۔ متعلقہ حکام نے انسانی زندگیوں کے زیاں پر افسوس کا اظہار کیا اور منتظمین کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا ۔ وزارت مذہبی امور نے ہر متاثرہ خاندان کو10ہزار ٹکا (تقریبا129امریکی ڈالر) دینے کا اعلان کیا ہے۔ ماہ مقدس کے دوران متمول بنگلہ دیشیوں خی جانب سے زکوۃ کے کپڑوں کی تقسیم عام بات ہے ۔ بنگلہ دیش میں ہر سال زکوۃ کے کپڑے یا رقم لینے کے دوران بھگدڑ کے سبب کچھ غریب افراد ہلاک ہوجاتے ہیں ۔

25 dead in Bangladesh charity handout stampede: Police

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں