راہول گاندھی سے معافی مانگنے بی جے پی کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-25

راہول گاندھی سے معافی مانگنے بی جے پی کا مطالبہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بی جے پی نے آج وزیر خارجہ سشما سوراج کے للت مودی مسئلہ پر اقدامات کو مجرمانہ حرکت قرار دینے پر راہول گاندھی کے خلاف فوجداری ہتک عزت مقدمہ دائر کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ مرکزی وزیر نتن گڈ کری نے کہا کہ راہول گاندھی کی جانب سے ایسے الفاظ کا استعمال بد بختانہ اور غیرجمہوری ہے اور ان الفاظ کی وجہ سے میں راہول گاندھی سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ قوم سے معافی مانگیں کیونکہ اس کی وجہ سے صرف سشما سوراج نہیں بلکہ ملک کی وزیر خارجہ بدنام ہوئی ہیں ، جو دنیا بھر میں ہندوستان کی نمائندہ ہیں ۔ اگر راہول گاندھی معافی نہیں مانگتے ہیں تو یہ ایک سنگین مسئلہ ہوگا ۔ ہمیں ان کے خلاف فوجداری ہتک مقدمہ دائر کرنا ہوگا۔ بی جے پی لیڈر سشما سوراج کے خلاف راہول گاندھی کے تبصرہ کو بچکانہ اور نادانی کی سیاست قرار دیا ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سشما سوراج کے خلاف الزامات بے بنیاد ہین۔ انہوں نے قانون یا دستور کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی ہے اور نہ بدعنوانیوں میں ملوث ہوئی ہیں ۔ للت مودی تنازعہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا تھا ہم نے کہا ہے کہ استعفیٰ کے بغیر مباحث نہیں ہوں گے ۔ سشما نے مجرمانہ حرکت کی ہے۔ وہ (للت مودی ) بھگوڑا ہے ۔ آپ نے اس پر( للت مودی کو سفری دستاویزات کے اجرائی کے مکتوب)دستخط کئے ہیں ۔ ہائی کمیشن کو اس کے بارے میں پتہ نہیں تھا اور حکومت ہند بھی اس سے لا علم تھی۔

BJP demands apology from Rahul Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں