عبدالکلام کی مکمل فوجی اعزازات کے ساتھ جمعرات کو رامیشورم میں تدفین ہوگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-29

عبدالکلام کی مکمل فوجی اعزازات کے ساتھ جمعرات کو رامیشورم میں تدفین ہوگی

نئی دہلی ، چینائی
آئی اے این ایس
سابق صدر جمہوریہ ہند، اے پی جے عبدالکلام کی تدفین، ان کے خاندان کے خواہش کے مطابق ٹاملناڈو میں ان کے آبائی ٹاؤن رامیشورم میں ہوگی ۔ وزارت دفاع کے ترجمان سیتانشوکر نے کہا کہ تدفین رامیشورم میں ہوگی ۔ سابق جمہوریہ ، جن کا پیر کے روز شیلانگ کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ میں لکچر کے دوران قلب پر حملہ کے باعث انتقال ہوگیا تھا، کے جسد خاکی کو منگل کی صبح نئی دہلی لایا گیا ۔ ٹاملانڈو میں رام ناتھ پورم ضلع کے ایک سینئر عہدیدار نے توثیق کی کہ تدفین عبدالکلام کے آبائی ٹاؤن میں عمل میں آئے گی ۔ سابق صدر جمہوریہ ہند کے بھائی کے پوتے اے پی جے ایم کے شیخ سلیم نے فون پر آئی اے این ایس کو بتایا کہ رامیشورم میں واقع کلام کے مکان پر رشتہ داروں ، دوستوں اور خیر خواہوں اور عوام کی کثیر تعداد جمع ہوگئی ۔ ہندو تیرتھ مقام ساحلی ٹاؤن رامیشورم ، رام ناتھ پورم ضلع میں واقع ہے جو چینائی سے تقریبا600کلو میٹر دور ہے ۔ کلام کی پیدائش رامیشورم میں ہوئی تھی اور اپنا بچپن انہوں نے غربت سے جدو جہد کرتے ہوئے گزارا ۔ رامیشورم کے عہدیدار کے مطابق انتظامیہ ضروری انتظامات کرنے میں مصروف ہے کیوں کہ کلام کو خراج عقیدت پیش کرنے ہزاروں افراد کے ٹاؤن آنے کی توقع ہے ۔ ارکان خاندان اس مقام پر تبادلہ خیال کررہے تھے جہاں کلام کی تدفین عمل میں لائی جائے گی ۔ سلیم نے کہا کہ کلام کا جسد خاکی توقع ہے کہ چہار شنبہ کو دوپہر میں رامیشورم پہنچے گا۔ سلیم نے کہا کہ شام تک لوگ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کریں گے جس کے بعدان کے جسد خاکی کو ان کے گھر لے جایاجائے گا ۔ ہمارا منصوبہ جمعرات کے روز تدفین کرنے کا ہے ۔ یو این آئی کے بموجب سابق صدر جمہوریہ عبدالکلام کی تدفین30جولائی کو ان کے آبائی ٹاؤن رامیشورم میں مکمل فوجی اعزازات کے ساتھ عمل میں آئے گی ۔ نئی دہلی میں آج دوپہر وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا کہ سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی تدفین مکمل فوجی اعزازات کے ساتھ جمعرات 30جولائی کو11بجے دن رامیشورم (ٹاملناڈو)میں عمل میں آئے گی ۔ حکومت ملک بھر میں سات روزہ سرکاری سوگ کا پہلے ہی اعلان کرچکی ہے ۔
صدر جمہوریہ ہند نے پروٹوکول توڑ کر خراج عقیدت ادا کیا
نئی دہلی
یو این آئی
ایک بے نظیر واقعہ میں صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی ، سابق صدر جمہوریہ ہند بھارت رتن اے پی جے عبدالکلام کو خراج عقیدت پیش کرنے پالم ایر پورٹ پہنچ گئے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری بھی مرحوم صدر کو خراج پیش کرنے ایر پورٹ پہنچے ۔ قبل ازیں ڈاکٹر اے پی جے کلام کے جسد خاکی کو جو گوہاٹی سے ایر انڈیا کے خصوصی طیارہ سے لایا گیا ، ایر پورٹ پر مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ تینوں افواج کے سربراہوں نے حاصل کیا ۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر ، دہلی گورنر نجیب جنگ اور ہندوستانی فضائیہ کے سابق سربراہ ایر مارشل ارجن سنگھ نے سابق صدر جمہوریہ کو گلہائے عقیدت پیش کیے ۔ بعد ازاں گارڈ آف آنر دیا گیا۔ جسد خاکی کو بعد ازاں ایر پورٹ سے10راجہ جی مارگ لے جایا گیا ۔ قبل ازیں مرکزی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں کلام کی موت پر تعزیتی قرار داد منظور کی گئی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے بھی ڈاکٹر کلام کو خراج عقیدت پیش کیا جس کے بعد کارروائی ملتوی کردی گئی ۔ ان کی قیامگاہ پر وسیع تر انتظامات کے گئے تاکہ لوگ اپ نے محبوب قائد کو خراج عقیدت پیش کریں ۔

APJ Abdul Kalam laid to rest with full state honours in his hometown of Rameswaram

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں