پاکستان کو مختلف شدت پسند گروہوں کا سامنا - امریکہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-22

پاکستان کو مختلف شدت پسند گروہوں کا سامنا - امریکہ

واشنگٹن
رائٹر
امریکہ کے محکمہ خارجہ نے اپنی سالانہ رپورٹ میں پاکستان کو انسداد دہشت گردی میں اہم اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک متعدد شدت پسندگروپوں سے مقابلہ کررہا جوحکومت یا حریف مذہبی فرقوں کو نشانہ بنارہے ہیں ۔ محکمہ خارجہ کی رپورٹ میں گوکہ دہشت گردوںکے خلاف پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو قابل قدر قرار دیا گیا لیکن ساتھ ہی ساتھ مزید اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور بھی دیا گیا ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے ملک میں دہشت گرد کارروائیاں کرنے والی کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے خلاف تو بھرپور کارروائیاں کی ہیں لیکن بعض دیگر گروپوں بشمول لشکر طیبہ کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا۔ مزید برآں افغان طالبان اور دہشت گرد گروپ حقانی نیٹ ورک پاکستان میں محفوظ پناہ گاہیں تلاش کررہے ہیں ۔ پاکستانی فوج کی دہشت گردوں کے خلاف کاررائیوں سے ان گروپوں کی سر گرمیاں تو متاثر ہوئی ہیں لیکن پاکستانی فورسز نے انہیں براہ راست نشانہ نہیں بنایا۔ پاکستانی فوج نے گزشتہ سال جون میں شدت پسندوں کے مضبوط گڑھ تصور کیے جانے والے علاقے شمالی وزیرستان میں ضرب عضب کے نام سے بھرپور آپریشن شروع کیا تھا اور حکام یہ کہتے آئے ہیں کہ یہ کارروائیاں بغیر کسی تفریق کے تمام دہشت گردوں کے خلاف کی جارہی ہیں ۔ پاکستانی حکام کے مطابق اب تک کی کارروائیوں میں 2700سے زائد ملکی وغیر ملکی عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا جب کہ ان کے درجنوں ٹھکانوں کے علاوہ ان کے کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔ شدت پسندوں کے خلاف ان کارروائیوں کی امریکہ سمیت بین الاقوامی برادری نے تعریف تو کی ہے لیکن محکمہ خارجہ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ گزشتہ سال انسداد دہشت گردی میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کا رجحان ملا جلا رہا ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی طرف سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تربیت فراہم کرنے والے امریکی ماہرین کو ویزے دینے سے انکار کیاجاتا رہا ہے ۔ حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی وجہ سے بہت نقصان اٹھایا ہے لیکن انسداد دہشت گردی کے لئے کیے گئے اقدامات سے پاکستان خطے کے امن کے لئے بھی اہم کردار ادا کرہا ہے۔ امریکہ محکمہ خارجہ کی رپورٹ میں پاکستان میں مختلف مذہبی فرقوں اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والوں پر ہونے والے ہلاکت خیز حملوں کے علاوہ خاص طور پر اقتصادی مرکز کراچی میں امن و امان کی صورتحال کا بھی تذکرہ کیا گیا ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا میں جنوبی ایشیا کا خطہ اب بھی دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہے۔ جمعہ کو جاری کی گئی اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال دنیا بھر میں مجموعی طور پر13463دہشت گرد حملوں میں32700افراد ہلاکتیں ہوئیں۔ ان میں سے ساٹھ فیصد حملے صرف پانچ ملکوں یعنی عراق، شام ، نائجیریا، پاکستان اور افغانستان میں ہوئے ۔

Pakistan faces various militant groups United States annual report

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں