صنعاء ہوائی اڈہ کی تباہی - ایرانی طیاروں کے لیے میدان کو رن وے بنا دیا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-03

صنعاء ہوائی اڈہ کی تباہی - ایرانی طیاروں کے لیے میدان کو رن وے بنا دیا گیا

صنعا
اے ایف پی
حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعاء کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رن ویز پر بمباری کی اور ان کے ناقابل استعمال ہونے کے بعد شہر کے ایک بڑے گراؤنڈ کو ہوائی جہازوں کے رن وے میں تبدیل کردیا ہے۔ مقامی میڈیا نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ حوثی ملیشیا نے صنعاء ہوائی اڈے کے متبادل کے طور پر میدان السبعین کو ایرانی ہوائی جہازوں کے لئے رن وے میں تبدیل کردیا ہے ۔ گراؤنڈ میں لگے سیمٹی بلاک اور دیگر رکاوٹیں ہٹادی گئی ہیں تاکہ جہازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف میں کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے ۔ خیال رہے کہ حال ہی میں سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کے طیاروں نے صنعاء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بمباری کر کے اس کے رن وے اس وقت تباہ کردیے تھے جب مسلسل ایرانی جہازوں کی صنعاء آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا ۔ ایران سے آنے والے ہوائی جہازوں میں حوثی باغیوں کے لئے فوجی سازو سامان ، اسلحہ اور دیگر ضروری اشیاء لائی گئی تھیں ۔ رن وے کو تباہ کیے جانے کے بعد ایرانی جہازوں کی آمد کا سلسلہ بند ہوگیا ہے ۔ حوثیوں نے اس کا متبادل راستہ تلاش کیا ہے اور ایک کھلے گراؤند کو ہی ایر پورٹ میں بنادیا گیا ہے، یمنی میڈیا کے ذرائع کے مطابق چند روز قبل ایرانی جہاز بمباری مین زخمی اور ہلاک ہونے والے حوثیوں اور سابق صد ر علی صالح کے وفاداروں کو اٹھانے کے لئے صنعاء ہوائی اڈے پر اترنا چاہتے تھے تاہم ایرانی طیاروں کی یہ کوشش ناکام بنادی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق اتحادی طیاروں کی بمباری سے حوثی شدت پسندوں اور برطرف صدر علی صالح کے وفادار ریپبلیکن گارڈز کے ایک اہم فوجی عہدیدار سمیت بڑی تعداد میں جنگجو زخمی ہوگئے تھے ۔ انہیں ایرانی طیاروں کی مدد سے علاج کے لئے تہران لے جانے کی کوشش کی گئی تھی ۔ یمن میں حوثیوں کے ہمراہ لڑنے والے ایرانی فوجیوں اور دیگر جنگجوؤں کی بری تعداد بھی مزاحمتی تنظیموں اور اتحادی طیاروں کی بمباری میں ہلاک ہوگئی تھی جن کی میتیں ایرانی ہوائی جہازوں کے ذریعہ تہران لے جائی گئی ہیں ۔ ایرانی جنگجوؤں اور فوجیوں کی زیادہ ہلاکتیں عدن ، تعز اور اب شہروں میں ہوئی ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں